گناہوں کے اثرات

============

ظَهَرَ الْفَسَادُ فِي الْبَرِّ وَالْبَحْرِ بِمَا كَسَبَتْ أَيْدِي النَّاسِ لِيُذِيقَهُمْ بَعْضَ الَّذِي عَمِلُوا لَعَلَّهُمْ يَرْجِعُونَ  [الروم : 41]

خشکی اور سمندر میں فساد ظاہر ہوگیا، اس کی وجہ سے جو لوگوں کے ہاتھوں نے کمایا، تاکہ وہ انھیں اس کا کچھ مزہ چکھائے جو انھوں نے کیا ہے، تاکہ وہ باز آجائیں۔

اس آیت مبارکہ میں (فساد، خرابی) سے مراد ہر آفت اور مصیبت ہے، چاہے وہ جنگ و جدال اور قتل و غارت کی صورت میں نازل ہو یا قحط، بیماری، فصلوں کی تباہی، بدحالی، سیلاب اور زلزلے وغیرہ کی صورت میں ہو۔

اور فرمایا

وَمَا أَصَابَكُمْ مِنْ مُصِيبَةٍ فَبِمَا كَسَبَتْ أَيْدِيكُمْ وَيَعْفُو عَنْ كَثِيرٍ [الشورى : 30]

اور جو بھی تمھیں کوئی مصیبت پہنچی تو وہ اس کی وجہ سے ہے جو تمھارے ہاتھوں نے کمایا اور وہ بہت سی چیزوں سے در گزر کر جاتا ہے۔

امام طبری رحمہ اللہ کا بیماریوں سے بچنے کاانمول نسخہ

امام طبری رحمه الله سو سال زیادہ عمر ہونے کے باوجود عقل ، جسمانی قوت اور پڑھنے پڑھانے میں بالکل ٹھیک ٹھاک تھے ۔

ان سے اس کی وجہ پوچھی گئی تو فرمایا:

"بچپن میں ہم نے اپنے جسم کو گناہوں سے بچا کر رکھا ہے اور بڑھاپے میں اللہ تعالی نے ان اعضاء کو بیماریوں سے بچا کر رکھا ہوا ہے۔” (البداية والنهاية 7/202)

محدث گوندلوی رحمہ اللہ کا واقعہ

مولانا ارشاد الحق اثری حفظہ اللہ ، حضرت العلام محدثِ عصر مولانا حافظ محمد صاحب گوندلوی رحمہ اللہ کے صحیح بخاری کا انداز تدریس ذکر کرتے ہوئے بعض ملفوظات کریمہ پیش کرتے ہوئے فرماتے ہیں:

’’باب حلاوۃ الإیمان‘‘ کے تحت گفتگو کرتے ہوئے فرمایا:

’’ایمان کی مٹھاس حقیقتاً و حساً بھی ہوتی ہے اور اس کا احساس اس وقت ہوتا ہے جب سیئات سے نفرت اور حسنات پر رغبت ہو، اس سے روح میں تازگی اور لطافت پیدا ہو جاتی ہے اور مومنِ صادق کے دل میں اعمالِ صالحہ کی بنا پر ایک نور پیدا ہو جاتا ہے اور اسے سیئات کی بدبو اور حسنات کی خوشبو کا بھی بسا اوقات احساس ہونے لگتا ہے ’’ذلک فضل اللّٰه یؤتیہ من یشاء‘‘۔

اس سلسلے میں حضرت مرحوم نے متعدد دلائل ذکر فرمائے۔

من جملہ دلائل میں سے حضرت جابر رضی اللہ عنہ کی روایت کا ذکر بھی فرمایا کہ ہم نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ تھے کہ سخت بدبو اٹھی۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’تمھیں معلوم ہے کہ یہ کس چیز کی بدبو آرہی ہے؟ یہ بدبو ان لوگوں کے منھ سے آرہی ہے جو مسلمانوں کی غیبت کر رہے ہیں۔‘‘

اس طرح حدیث ہے: ’’جب کوئی انسان جھوٹ بولتا ہے تو فرشتہ جھوٹ کی وجہ سے ایک میل دور چلا جاتا ہے۔‘‘۔

حضرت یہ تفصیل بیان فرما رہے تھے کہ راقم آثم نے جسارت کرتے ہوئے عرض کیا: ’’کیا حسی طور پر اب بھی اس کا احساس ہو سکتا ہے؟‘‘

تو آپ نے فرمایا: ’’نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے علاوہ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کو بھی بسا اوقات اس کا احساس ہوتا تھا اور یہ دراصل اللہ تعالیٰ کی عنایت اور کرم نوازی کا نتیجہ ہوتا ہے۔ آج بھی اگر کوئی اپنا تعلق اللہ تعالیٰ سے صحیح طور پر استوار کرے تو اس کا احساس ہو سکتا ہے۔‘‘۔

میں نے پھر عرض کیا: ’’کیا گناہ کی کیفیت اور نوعیت کے اعتبار سے بدبو کی کیفیت میں بھی فرق ہوتا ہے یا نہیں؟‘‘

آپ نے فرمایا: ’’ہاں، گناہ کی نوعیت کے اعتبار سے فرق ہوتا ہے۔‘‘

اور ساتھ ہی یہ بھی فرمایا: ’’زانی کے جسم سے ایسی بدبو آتی ہے جیسے حقہ پینے والے کے منہ سے آتی ہے۔‘‘۔

جس سے قارئین کرام ہمارے حضرت مرحوم کی روحانی قوت اور تعلق باللہ کا اندازہ کر سکتے ہیں۔

(مقالات مولانا ارشاد الحق اثری جلد چہارم)

گناہوں کی وجہ سے رزق سے محرومی

حضرت ثوبان ؓ سے روایت ہے، رسول اللہﷺ نے فرمایا:

«لَا يَزِيدُ فِي الْعُمْرِ إِلَّا الْبِرُّ، وَلَا يَرُدُّ الْقَدَرَ إِلَّا الدُّعَاءُ، وَإِنَّ الرَّجُلَ لَيُحْرَمُ الرِّزْقَ بِالذَّنْبِ يُصِيبُهُ» (ابن ماجہ، كِتَابُ الْفِتَنِ،بَابُ الْعُقُوبَاتِ،4022حسن)

صرف نیکی عمر میں اضافہ کرتی ہے۔ اور صرف دعا ہی تقدیر کو پلٹتی ہے۔ اور انسان (بعض اوقات) ایک گناہ کرتا ہے اور اس کی وجہ سے رزق سے محروم ہو جاتا ہے۔

گناہ نعمتوں کو ایک ایک کرکے ختم کرتے جاتے ہیں

‏إمام إبن قيم رحمه الله نے فرماتے ہیں:

لا تَزال الذُّنوب تُزيل النِّعم نِعمةً نِعمةً

حتَّى تَسلب النِّعم كلَّها .

[طريق الهجرتين ١/ ٢٧١]

گناہ نعمتوں کو ایک ایک کرکے ختم کرتے جاتے ہیں

یہاں تک کہ ساری نعمتوں کو ختم کردیتے ہیں۔

گناہ گار آدمی گناہوں کا اثر کیوں نہیں محسوس کرتا

امام ابن قیم رحمہ اللہ فرماتے ہیں:

” فالذنب لا يخلو من عقوبة ألبتة، ولكن لجهل العبد لا يشعر بما فيه من العقوبة لأنه بمنزلة السكران و المخدر و النائم الذي لا يشعر بالألم ” [الداء والدواء : ١١٦]

گناہ کبھی بھی سزا سے خالی نہیں ہوتا لیکن بندہ جہالت کی وجہ سے اس میں سزا محسوس نہیں کرتا

کیونکہ وہ شرابی،نشہ میں دھت اور سوئے ہوئے شخص کی جگہ پر ہوتا ہے جو تکلیف محسوس نہیں کرتا

غزوہ احد میں ایک غلطی کا خمیازہ

ماہر تیر اندازوں کا ایک دستہ ایک چھوٹی سی پہاڑی پر جو اسلامی لشکر کے کیمپ سے کوئی ڈیڑھ سو میٹر جنوب مشرق میں واقع ہے اور اب جبل رماۃ کے نام سے مشہور ہے ، تعینات فرمایا

آپﷺ نے انہیں مخاطب کرتے ہوئے فرمایا :

”ہماری پشت کی حفاظت کرنا۔ اگر دیکھو کہ ہم مارے جارہے ہیں تو ہماری مدد کو نہ آنا اور اگر دیکھوکہ ہم مال غنیمت سمیٹ رہے ہیں تو ہمارے ساتھ شریک نہ ہونا۔”

”اگر تم لوگ دیکھو کہ ہمیں پرندے اچک رہے ہیں تو بھی اپنی جگہ نہ چھوڑ نا یہاں تک کہ میں بلابھیجوں ، اور اگر تم لوگ دیکھو کہ ہم نے قوم کو شکست دے دی ہے اور انہیں کچل دیا ہے تو بھی اپنی جگہ نہ چھوڑنا یہاں تک کہ میں بلا بھیجوں۔”

لیکن عین اس وقت جبکہ یہ مختصر سااسلامی لشکر اہل ِ مکہ کے خلاف تاریخ کے اوراق پر ایک اور شاندار فتح ثبت کر رہا تھا جو اپنی تابناکی میں جنگ ِ بدر کی فتح سے کسی طرح کم نہ تھی ، تیر اندازوں کی اکثریت نے ایک خوفناک غلطی کا ارتکاب کیا جس کی وجہ سے جنگ کا پانسہ پلٹ گیا۔ مسلمانوں کو شدید نقصانات کا سامنا کر نا پڑا۔ اور خود نبی کریمﷺ شہادت سے بال بال بچے ، اوراس کی وجہ سے مسلمانوں کی وہ ساکھ اور وہ ہیبت جاتی رہی جو جنگ ِ بدر کے نتیجے میں انہیں حاصل ہوئی تھی (الرحیق المختوم)

ابلیس کا گناہ اور اس کا انجام

شیطان ابلیس جو کہ جنت میں رہ رہا تھا اور ہرطرح کی سہولیات سے فائدہ اٹھا رہا تھا، پھر اسے نہ صرف یہ کہ جنت سے نکال کر اس کی نعمتوں سے محروم کیا گیا بلکہ قیامت تک رجیم، لعین قرار پایا اس کا جرم یہ تھا اس نے حکم الٰہی کے سامنے اپنی انا کو پوجتے ہوئے ایک سجدے سے انکار کر دیا

لیکن تھوڑی دیر کے لیے ہمیں سوچنا ہے کہ آج ہم کتنے سجدوں کا عملی انکار کیئے بیٹھے ہیں تو پھر ہمارا انجام کیا ہوگا

آدم علیہ السلام کی غلطی اور اللہ تعالیٰ کی ناراضگی

اللہ تعالیٰ نے آدم علیہ السلام کو پیدا کیا تو اتنا نوازا کہ فرشتوں کو دیا

اسْجُدُوا لِآدَمَ

آدم کو سجدہ کرو

اور فرمایا

يَا آدَمُ اسْكُنْ أَنْتَ وَزَوْجُكَ الْجَنَّةَ وَكُلَا مِنْهَا رَغَدًا حَيْثُ شِئْتُمَا

اے آدم! تو اور تیری بیوی جنت میں رہو اور دونوں اس میں سے کھلا کھائو جہاں چاہو

لیکن ایک چیز سے منع کیا اور فرمایا

وَلَا تَقْرَبَا هَذِهِ الشَّجَرَةَ فَتَكُونَا مِنَ الظَّالِمِينَ

اور تم دونوں اس درخت کے قریب نہ جانا، ورنہ تم دونوں ظالموں سے ہو جاؤ گے۔

مگر آدم علیہ السلام سے غلطی ہوئی اور اس ممنوعہ درخت سے کھا لیا تو اللہ تعالیٰ نے فورا سب پروٹوکول، سہولیات اور اعزاز واکرام واپس لیتے ہوئے فرمایا

اهْبِطُوا

(جنت سے) اتر جاؤ

مگر ہمیں یہ دیکھنا ہے کہ آج ہم کتنے ممنوعہ درخت استعمال کر رہے ہیں تو کیا پھر اللہ کا غضب کبھی بھی نازل نہیں ہوسکتا

دھوکے کا درخت

جھوٹ کا درخت

خیانت کا درخت

ظلم کا درخت

قتل کا درخت

حرام خوری کا درخت

مومن اور منافق کی نظروں میں گناہوں کی وقعت

سیدنا عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ کے قول سے اندازہ لگائیں کہ مومن گناہوں سے کس قدر خوف کھاتا ہے اور منافق کا حال کیسا رہتا ہے؟

آپ نے فرمایا

«إِنَّ المُؤْمِنَ يَرَى ذُنُوبَهُ كَأَنَّهُ قَاعِدٌ تَحْتَ جَبَلٍ يَخَافُ أَنْ يَقَعَ عَلَيْهِ، وَإِنَّ الفَاجِرَ يَرَى ذُنُوبَهُ كَذُبَابٍ مَرَّ عَلَى أَنْفِهِ»  (بخاری ،كِتَابُ الدَّعَوَاتِ،بَابُ التَّوْبَةِ،6308)

مومن اپنے گناہوں کو ایسا محسوس کرتا ہے جیسے وہ کسی پہاڑ کے نیچے بیٹھا ہے اور ڈرتا ہے کہ کہیں وہ اس کے اوپر نہ گرجائے اور بدکار اپنے گناہوں کو مکھی کی طرح ہلکا سمجھتا ہے کہ وہ اس کے ناک کے پاس سے گزری اور اس نے اپنے ہاتھ سے یوں اس طرف اشارہ کیا

گناہوں کی وجہ سے سفید پتھر سیاہ ہوگیا

عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہا کہتے ہیں کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا:

نَزَلَ الْحَجَرُ الْأَسْوَدُ مِنْ الْجَنَّةِ وَهُوَ أَشَدُّ بَيَاضًا مِنْ اللَّبَنِ فَسَوَّدَتْهُ خَطَايَا بَنِي آدَمَ بْوَابُ الحَجِّ عَنْ رَسُولِ اللَّهِ ﷺ  (ترمذی ،بَاب مَا جَاءَ فِي فَضْلِ الْحَجَرِ الأَسْوَدِ وَالرُّكْنِ وَالْمَقَامِ​877صحيح)

حجر اسود جنت سے اترا ، وہ دودھ سے زیادہ سفید تھا ، لیکن اسے بنی آدم کے گناہوں نے کالا کردیا

گناہوں کی وجہ سے گھونسلے میں پرندہ مرجاتا ہے

علامہ ابن القيم رحمہ اللہ لکھتے ہیں کہ بسااوقات لوگوں کے گناہوں کی وجہ سے ایسی آفت آتی ہے کہ گھونسلے میں بیٹھے پرندے دم گھٹنے سے مر جاتے ہیں

(معاشرے کی مہلک بیماریاں)

گناہ گار شخص سے زمین پر موجود ہر جاندار تنگ ہوتا ہے

ابو قتادہ بن ربعی انصاری رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں

أَنَّ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ مُرَّ عَلَيْهِ بِجِنَازَةٍ، فَقَالَ: «مُسْتَرِيحٌ وَمُسْتَرَاحٌ مِنْهُ» قَالُوا: يَا رَسُولَ اللَّهِ، مَا المُسْتَرِيحُ وَالمُسْتَرَاحُ مِنْهُ؟ قَالَ: «العَبْدُ المُؤْمِنُ يَسْتَرِيحُ مِنْ نَصَبِ الدُّنْيَا وَأَذَاهَا إِلَى رَحْمَةِ اللَّهِ، وَالعَبْدُ الفَاجِرُ يَسْتَرِيحُ مِنْهُ العِبَادُ وَالبِلاَدُ، وَالشَّجَرُ وَالدَّوَابُّ»  (بخاری، كِتَابُ الرِّقَاقِ، بَابُ سَكَرَاتِ المَوْتِ،6512)

رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے قریب سے لوگ ایک جنازہ لے کر گزرے تو آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ ” مستریح یامستراح “ ہے ۔ یعنی اسے آرام مل گیا ، یا اس سے آرام مل گیا ۔ صحابہ نے عرض کیا یا رسول اللہ! ” المستریح او المستراح منہ “ کا کیا مطلب ہے؟ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ مومن بندہ دنیا کی مشقتوں اور تکلیفوں سے اللہ کی رحمت میں نجات پاجاتا ہے وہ مستریح ہے اورمستراح منہ وہ ہے کہ فاجر بندہ سے اللہ کے بندے ، شہر ، درخت اور چوپائے سب آرام پاجاتے ہیں۔

پانچ گناہوں کے پانچ وبال

حضرت عبد اللہ بن عمر ؓ سے روایت ہے، انہوں نے فرمایا: رسول اللہﷺ نے ہماری طرف متوجہ ہو کر فرمایا: اے مہاجروں کی جماعت! پانچ چیزیں ایسی ہیں کہ جب تم ان میں مبتلا ہو گڑے (تو ان کی سزا ضرور ملے گی) اور میں اللہ کی پناہ مانگتا ہوں کہ وہ (بری چیزیں) تم تک پہنچیں

بے حیائی کا وبال

نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا

لَمْ تَظْهَرِ الْفَاحِشَةُ فِي قَوْمٍ قَطُّ، حَتَّى يُعْلِنُوا بِهَا، إِلَّا فَشَا فِيهِمُ الطَّاعُونُ، وَالْأَوْجَاعُ الَّتِي لَمْ تَكُنْ مَضَتْ فِي أَسْلَافِهِمُ الَّذِينَ مَضَوْا  (ابن ماجہ، كِتَابُ الْفِتَنِ،بَابُ الْعُقُوبَاتِ،4019حسن)

جب بھی کسی قوم میں بے حیائی (بدکاری وغیرہ) علانیہ ہونے لگتی ہے تو ان میں طاعون اور ایسی بیماریں پھیل جاتی ہیں جو ان کے گزرے ہوئے بزرگوں میں نہیں ہوتی تھیں

فحش کے نقصان اور خطرے سے آگاہ کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ نے فرمایا

إِنَّ الَّذِينَ يُحِبُّونَ أَنْ تَشِيعَ الْفَاحِشَةُ فِي الَّذِينَ آمَنُوا لَهُمْ عَذَابٌ أَلِيمٌ فِي الدُّنْيَا وَالْآخِرَةِ وَاللَّهُ يَعْلَمُ وَأَنْتُمْ لَا تَعْلَمُونَ [النور : 19]

بے شک جو لوگ پسند کرتے ہیں کہ ان لوگوں میں بے حیائی پھیلے جو ایمان لائے ہیں، ان کے لیے دنیا اور آخرت میں دردناک عذاب ہے اور اللہ جانتا ہے اور تم نہیں جانتے۔

بے حیائی کا وبال اور عذاب ایک روایت میں یوں بیان کیا گیا ہے

عبدالله بن مسعود رضي الله عنہ سے روایت ہے

مَا ظَهَرَ فِي قَوْمٍ الرِّبَا وَالزِّنَا إِلَّا أَحَلُّوا بِأَنْفُسِهِمْ عِقَابَ اللَّهِ عَزَّ وَجَلَّ (مسند احمد/٣٨٠٩)

کسی قوم میں سود خوری یا زنا کاری ظاہر ہو جائے تو وہ قوم اپنے آپ کو اللہ کے عذاب میں دھکیل لیتی ہے

آج اس کا نتیجہ ہمارے سامنے ہے اور یہ چیز دشمنوں کے خوف، قتل و غارت، بدامنی، وباؤں اور نئی سے نئی بیماریوں کے عذابِ الیم کی صورت میں سب کے سامنے ہے اور قیامت کا عذابِ الیم ابھی باقی ہے۔ اللہ تعالیٰ ہم سب کو توبہ کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ (آمین)

ماپ تول میں کمی بیشی کا وبال

نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا

وَلَمْ يَنْقُصُوا الْمِكْيَالَ وَالْمِيزَانَ، إِلَّا أُخِذُوا بِالسِّنِينَ، وَشِدَّةِ الْمَئُونَةِ، وَجَوْرِ السُّلْطَانِ عَلَيْهِمْ (ابن ماجہ، كِتَابُ الْفِتَنِ،بَابُ الْعُقُوبَاتِ،4019حسن)

جب وہ ناپ تول میں کمی کرتے ہیں، ان کو قحط سالی، روزگار کی تنگی اور بادشاہ کے ظلم کے ذریعے سے سزا دی جاتی ہے۔

اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں

وَأَقِيمُوا الْوَزْنَ بِالْقِسْطِ وَلَا تُخْسِرُوا الْمِيزَانَ [الرحمن : 9]

اور انصاف کے ساتھ تول سیدھا رکھو اور ترازو میں کمی مت کرو۔

ماپ تول میں کمی بیشی کرنے والوں کے متعلق اللہ تعالیٰ نے فرمایا

وَيْلٌ لِلْمُطَفِّفِينَ [المطففين : 1]

بڑی ہلاکت ہے ماپ تول میں کمی کرنے والوں کے لیے ۔

الَّذِينَ إِذَا اكْتَالُوا عَلَى النَّاسِ يَسْتَوْفُونَ [المطففين : 2]

وہ لوگ کہ جب لوگوں سے ماپ کر لیتے ہیں تو پورا لیتے ہیں۔

وَإِذَا كَالُوهُمْ أَوْ وَزَنُوهُمْ يُخْسِرُونَ [المطففين : 3]

اور جب انھیں ماپ کر، یا انھیں تول کر دیتے ہیں تو کم دیتے ہیں۔

ماپ تول کے علاوہ لین دین کے جتنے بھی دیگر پیمانے ہیں ان میں کمی بھی ’’اَلتَّطْفِيْفُ‘‘ ہے۔

شعیب علیہ السلام کی قوم پر عذاب کا ایک سبب یہ بھی تھا کہ وہ لوگ ماپ تو میں کمی بیشی کیا کرتے تھے

وَإِلَى مَدْيَنَ أَخَاهُمْ شُعَيْبًا قَالَ يَا قَوْمِ اعْبُدُوا اللَّهَ مَا لَكُمْ مِنْ إِلَهٍ غَيْرُهُ وَلَا تَنْقُصُوا الْمِكْيَالَ وَالْمِيزَانَ إِنِّي أَرَاكُمْ بِخَيْرٍ وَإِنِّي أَخَافُ عَلَيْكُمْ عَذَابَ يَوْمٍ مُحِيطٍ [هود : 84]

اور مدین کی طرف ان کے بھائی شعیب کو (بھیجا)۔ اس نے کہا اے میری قوم! اللہ کی عبادت کرو، اس کے سوا تمھارا کوئی معبود نہیں اور ماپ اور تول کم نہ کرو، بے شک میں تمھیں اچھی حالت میں دیکھتا ہوں اور بے شک میں تم پر ایک گھیر لینے والے دن کے عذاب سے ڈرتاہوں۔

وَيَا قَوْمِ أَوْفُوا الْمِكْيَالَ وَالْمِيزَانَ بِالْقِسْطِ وَلَا تَبْخَسُوا النَّاسَ أَشْيَاءَهُمْ وَلَا تَعْثَوْا فِي الْأَرْضِ مُفْسِدِينَ [هود : 85]

اور اے میری قوم! ماپ اور تول انصاف کے ساتھ پورا کرو اور لوگوں کو ان کی چیزیں کم نہ دو اور زمین میں فساد کر تے ہوئے دنگا نہ مچاؤ۔

زکوٰۃ ادا نہ کرنے کا وبال

نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا

وَلَمْ يَمْنَعُوا زَكَاةَ أَمْوَالِهِمْ، إِلَّا مُنِعُوا الْقَطْرَ مِنَ السَّمَاءِ، وَلَوْلَا الْبَهَائِمُ لَمْ يُمْطَرُوا (ابن ماجہ، كِتَابُ الْفِتَنِ،بَابُ الْعُقُوبَاتِ،4019حسن)

جب وہ اپنے مالوں کی زکاۃ دینا بند کرتے ہیں تو ان سے آسمان کی بارش روک لی جاتی ہے۔ اگر جانور نہ ہوں تو انہیں کبھی بارش نہ ملے۔

زکوٰۃ ادا نہ کرنے والوں کی سزا قرآن میں یوں بیان کی گئی ہے

فرمایا

وَالَّذِينَ يَكْنِزُونَ الذَّهَبَ وَالْفِضَّةَ وَلَا يُنْفِقُونَهَا فِي سَبِيلِ اللَّهِ فَبَشِّرْهُمْ بِعَذَابٍ أَلِيمٍ

اور جو لوگ سونا اور چاندی خزانہ بنا کر رکھتے ہیں اور اسے اللہ کے راستے میں خرچ نہیں کرتے، تو انھیں دردناک عذاب کی خوش خبری دے دے۔

يَوْمَ يُحْمَى عَلَيْهَا فِي نَارِ جَهَنَّمَ فَتُكْوَى بِهَا جِبَاهُهُمْ وَجُنُوبُهُمْ وَظُهُورُهُمْ هَذَا مَا كَنَزْتُمْ لِأَنْفُسِكُمْ فَذُوقُوا مَا كُنْتُمْ تَكْنِزُونَ [التوبة : 35]

جس دن اسے جہنم کی آگ میں تپایا جائے گا، پھر اس کے ساتھ ان کی پیشانیوں اور ان کے پہلوئوں اور ان کی پشتوں کو داغا جائے گا۔ یہ ہے جو تم نے اپنے لیے خزانہ بنایا تھا، سو چکھو جو تم خزانہ بنایا کرتے تھے۔

ابوہریرہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ’’کوئی بھی شخص جو سونے یا چاندی کا مالک ہو، اس سے اس کا حق ادا نہ کرے، اس کے لیے قیامت کے دن آگ سے (اس سونے یا چاندی کی) سلاخیں یا تختے بنائے جائیں گے، پھر جہنم کی آگ میں انھیں خوب گرم کرکے اس کے پہلو، پیشانی اور پیٹھ کو داغا جائے گا، جب وہ ٹھنڈے ہو جائیں گے تو انھیں دوبارہ گرم کر لیا جائے گا، ایک ایسے دن میں جس کی مقدار پچاس ہزار سال ہو گی، یہاں تک کہ بندوں کے درمیان فیصلہ کیا جائے، تو وہ جنت یا آگ کی طرف اپنا راستہ دیکھے گا۔‘‘ (لمبی حدیث ہے جس میں اونٹوں، بکریوں اور گھوڑوں وغیرہ کا حق ادا نہ کرنے والوں کی وعید بھی مذکور ہے) [ مسلم، الزکاۃ، باب إثم مانع الزکاۃ : 987/24 ]

اللہ اور اسکے رسول سے عہد توڑنے کا وبال

نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا

وَلَمْ يَنْقُضُوا عَهْدَ اللَّهِ، وَعَهْدَ رَسُولِهِ، إِلَّا سَلَّطَ اللَّهُ عَلَيْهِمْ عَدُوًّا مِنْ غَيْرِهِمْ، فَأَخَذُوا بَعْضَ مَا فِي أَيْدِيهِمْ (ابن ماجہ، كِتَابُ الْفِتَنِ،بَابُ الْعُقُوبَاتِ،4019حسن)

جب وہ اللہ اور اس کے رسول کا عہد توڑتے ہیں تو ان پر دوسری قوموں میں سے دشمن مسلط کردیے جاتے ہیں، وہ ان سے وہ کچھ چھین لیتے ہیں جو ان کے ہاتھ میں ہوتا ہے۔

وَكَانَ عَهْدُ اللَّهِ مَسْئُولًا [الاحزاب : 15]

اور اللہ کا عہد ہمیشہ پوچھا جانے والا ہے۔

اللہ کا عہد توڑنے والے نقصان اٹھاتے ہیں

فرمایا

الَّذِينَ يَنْقُضُونَ عَهْدَ اللَّهِ مِنْ بَعْدِ مِيثَاقِهِ وَيَقْطَعُونَ مَا أَمَرَ اللَّهُ بِهِ أَنْ يُوصَلَ وَيُفْسِدُونَ فِي الْأَرْضِ أُولَئِكَ هُمُ الْخَاسِرُونَ [البقرة : 27]

وہ لوگ جو اللہ کے عہد کو، اسے پختہ کرنے کے بعد توڑ دیتے ہیں اور اس چیز کو قطع کرتے ہیں جس کے متعلق اللہ نے حکم دیا کہ اسے ملایا جائے اور زمین میں فساد کرتے ہیں، یہی لوگ خسارہ اٹھانے والے ہیں۔

اللہ کا عہد توڑنے والے لعنت کے مستحق بنتے ہیں

وَالَّذِينَ يَنْقُضُونَ عَهْدَ اللَّهِ مِنْ بَعْدِ مِيثَاقِهِ وَيَقْطَعُونَ مَا أَمَرَ اللَّهُ بِهِ أَنْ يُوصَلَ وَيُفْسِدُونَ فِي الْأَرْضِ أُولَئِكَ لَهُمُ اللَّعْنَةُ وَلَهُمْ سُوءُ الدَّارِ [الرعد : 25]

اور وہ لوگ جو اللہ کے عہد کو اسے پختہ کرنے کے بعد توڑ دیتے ہیں اور اس چیز کو کاٹ دیتے ہیں جس کے متعلق اللہ نے حکم دیا ہے کہ اسے ملایا جائے اور زمین میں فساد کرتے ہیں، یہی لوگ ہیں جن کے لیے لعنت ہے اور انھی کے لیے اس گھر کی خرابی ہے۔

کتاب اللہ کے مطابق فیصلہ نہ کرنے کا وبال

نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا

وَمَا لَمْ تَحْكُمْ أَئِمَّتُهُمْ بِكِتَابِ اللَّهِ، وَيَتَخَيَّرُوا مِمَّا أَنْزَلَ اللَّهُ، إِلَّا جَعَلَ اللَّهُ بَأْسَهُمْ بَيْنَهُمْ (ابن ماجہ، كِتَابُ الْفِتَنِ،بَابُ الْعُقُوبَاتِ،4019حسن)

جب بھی ان کے امام (سردار اور لیڈر) اللہ کے قانون کے مطابق فیصلے نہیں کرتے اور جو اللہ نے اتارا ہے اسے اختیار نہیں کرتے تو اللہ تعالیٰ ان میں آپس کی لڑائی ڈال دیتا ہے۔

کتاب اللہ کے مطابق فیصلہ نہ کرنے والوں کو کبھی کافر کہا گیا ہے

وَمَنْ لَمْ يَحْكُمْ بِمَا أَنْزَلَ اللَّهُ فَأُولَئِكَ هُمُ الْكَافِرُونَ [المائده : 44]

اور جو اس کے مطابق فیصلہ نہ کرے جو اللہ نے نازل کیا ہے تو وہی لوگ کافر ہیں

اور کبھی ظالم کہا گیا ہے

وَمَنْ لَمْ يَحْكُمْ بِمَا أَنْزَلَ اللَّهُ فَأُولَئِكَ هُمُ الظَّالِمُونَ [المائده : 45]

اور جو اس کے مطابق فیصلہ نہ کرے جو اللہ نے نازل کیا ہے تو وہی لوگ ظالم ہیں

اور کبھی فاسق کہا گیا ہے

وَمَنْ لَمْ يَحْكُمْ بِمَا أَنْزَلَ اللَّهُ فَأُولَئِكَ هُمُ الْفَاسِقُونَ [المائده : 47]

اور جو اس کے مطابق فیصلہ نہ کرے جو اللہ نے نازل کیا ہے تو وہی لوگ نافرمان ہیں۔

گناہوں میں ڈوبا دل قرآن سے فائدہ نہیں اٹھا سکتا

جس طرح بارش سے صرف ذرخیز زمین ہی فائدہ اٹھاتی ہے، بنجر یا کچرے کا ڈھیر بنی زمین بارش کے فائدے سے محروم ہی رہتی ہے ایسے ہی گناہوں میں ڈوبا ہوا دل قرآن کی ھدائت سے محروم رہتا ہے

شیخ الاسلام ابن تیمیہ رحمہ اللہ فرماتے ہیں

فإذا كان ورقه لا يمسه إلا المطهرون؛ فمعانيه لا يهتدي بها إلا القلوب الطاهرة. (شرح حديث النزول ص428)

جب قرآن کے اوراق کی یہ حالت ہے کہ انہیں صرف طاہر (فرشتے) کی چھوتے ہیں تو پھر اس کا صاف مطلب یہ ہے کہ اس کی ھدائت بھی وہی دل پاتے ہیں جو پاک صاف ہوتے ہیں

اور آپ نے فرمایا : ‏

فإن نسيان القرآن من الذنوب .

[ابن تيمية رحمه الله / الفتاوى [13/423]

قرآن کا بھول جانا گناہوں کی وجہ سے ہوتا ہے

انسانی حافظے پر گناہوں کا اثر

علی بن خشرم رحمہ اللہ فرماتے ہیں :

رأيت وكيع بن الجراح ولم يكن بيده كتاب ، وكان يحفظ مالا نحفظ فعجبت من ذلك فسألته

میں نے وکیع بن جراح رحمہ اللہ کے ہاتھ میں کبھی بھی کتاب نہیں دیکھی لیکن انہیں وہ بہت کچھ یاد تھا جو ہمیں یاد نہیں تھا میں نے تعجب سے اس کی وجہ پوچھی

وقلت : يا وكيع لا تحمل كتاباً ولا تكتب سواداً في بياض ، وتحفظ أكثر مما نحفظ .

میں نے کہا، اے وکیع آپ کتاب پکڑتے ہیں اور نہ ہی لکھتے ہیں لیکن ہم سے زیادہ معلومات یاد رکھتے ہیں (اس کی وجہ کیا ہے)

فقال وكيع وقد أسّر في أُذني : ياعلي !

إن دللتك على دواء النسيان أتعمل به.

وکیع نے میرے کان میں سرگوشی کرتے ہوئے فرمایا

اگر میں تجھے بھولنے کی دواء بتا دوں تو کیا آپ اس پر عمل کریں گے

قلت إي والله:

میں نے کہا اللہ کی قسم ضرور

قال ترك المعاصي فوالله ما رأيت أنفع للحفظ من ترك المعاصي .

تو انہوں نے کہا "گناہ چھوڑ دو "

کیونکہ اللہ کی قسم میں حفظ کے لیے گناہ چھوڑنے سے زیادہ کوئی نفع بخش چیز دیکھی ہی نہیں

[ ﺳﻴﺮ ﺃﻋﻼ‌ﻡ ﺍﻟﻨﺒﻼﺀ ٦ /٣٨٤ ]

امام شافعی اور امام وکیع رحمہما اللہ کا واقعہ

امام شافعی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں

شَكَوتُ إِلى وَكيعٍ سوءَ حِفظي فَأَرشَدَني إِلى تَركِ المَعاصي

وَأَخبَرَني بِأَنَّ العِلمَ نورٌ

وَنورُ اللَهِ لا يُهدى لِعاصي

میں نے وکیع کے پاس حافظہ کی کمزوری کا شکوہ کیا تو انہوں نے میری رہنمائی فرماتے ہوئے کہا کہ گناہ چھوڑ دو

اور مجھے بتایا کہ علم، اللہ کا نور ہوتا ہے اور اللہ کا نور کبھی بھی گناہ گاروں کو عطا نہیں کیا جاتا