جادو کا شرعی علاج

عَنْ عَائِشَةَ رَضِيَ اللَّهُ عَنهَا: أَنَّ النَّبِيِّ الله كَانَ يُعَوِّذُ بَعْضَ أَهْلِهِ يَمْسَحُ بِيَدِهِ اليُمْنَى وَيَقُولُ: اللَّهُمَّ رَبِّ النَّاسِ أَذْهِبِ النَّاسَ وَاشْفِهِ وَأَنْتَ الشَّافِي، لَا شِفَاءَ إِلَّا شِفَاؤُكَ، شِفَاءٌ لَا يُغَادِرَ سَقَمًا (متفق عليه)

(تخريج صحیح بخاری کتاب الطب، باب رقية النبيﷺ، وصحيح مسلم: کتاب السلام، باب

استحباب رقية المريض)

عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ جب ہم میں سے کوئی بیمار ہوتا تو آپ اپنا داہنا ہاتھ اس پر پھیرتے پھر یہ دعا پڑھتے: (اَللّٰهُمَّ رَبَّ النَّاسِ اذهِبِ الْبَاسَ وَاشْفِه وَأَنْتَ الشَّافِي، لَا شِفَاءَ إِلَّا شِفَاؤُكَ، شِفَاءً لَا يُغَادِرَ سَقَمًا) اے لوگوں کے مالک! بیماری کو دور کر دے اور تندرستی دے، تو ہی شفا دینے والا ہے، تیری شفا ہی شفا ہے، ایسی شفادے کہ بالکل بیماری نہ رہے۔

وَعَنْ أَبِي سَعِيدٍ أن جبريل أتى النبي ﷺ فَقَالَ يَا مُحَمَّد اشتَكَيتَ؟ فَقَالَ نَعَمُ ، قَالَ بِسْمِ اللَّهِ أَرْقِيْكَ مِنْ كُلِّ شَيْءٍ يُؤْذِيكَ مِنْ شَرِّ كُلِّ نَفْسٍ أَوْ عَيْنِ حَاسِدٍ اللَّهُ يَشْفِيْكَ بِسمِ اللهِ أَرقِيْكَ (اخرجه مسلم)

)صحیح مسلم: کتاب السلام، باب الطلب والمرض والرقي(

ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ جبریل علیہ السلام آپ ﷺ کے پاس آئے اور پوچھا کہ آپ کو تکلیف ہے؟ تو آپ ﷺ نے فرمایا کہ ہاں، تو جبریل علیہ السلام نے دعا )بِسْمِ اللَّهِ أَرْقِيكَ مِنْ كُلِّ شَيْءٍ يُؤْذِيكَ مِنْ شَرِّ كُلِّ نَفْسٍ أَوْ عَيْنٍ حَاسِد اَللهُ يَشْفِيكَ بِسْمِ اللهِ اَرقِیْکَ) پڑھ کردم کیا یعنی اللہ کے نام کے ساتھ میں تم پر دم کرتا ہوں ہر تکلیف دہ چیز سے، اور ہر مخلوق کے شرسے یا حاسد کی بری نظر سے، اللہ تمہیں شفادے، اللہ کے نام کے ساتھ میں تم پر دم کرتا ہوں۔

تشریح:

جادو کے علاج کے تین طریقے مشروع ہیں:

پهلا طریقه: شرعی دم کے ذریعہ۔

دوسرا طریقہ: آزمودہ مباح دواؤں کے ذریعہ۔

تیسرا طریقہ: جس چیز میں جادو کیا گیا ہوا سے ختم کرنے یا جلانے کے ذریعہ۔

جادو کے علاج کے لئے سب سے بہترین علاج شرعی دم ہے۔ اس کا طریقہ یہ ہے کہ سحر زدہ انسان پر سورہ فاتحہ، آیتہ الکرسی ، سورہ کافرون واخلاص و معوذتین اور سورہ اعراف وسورہ یونس و سورۂ طلہ کی سحر سے متعلق آیتوں کو پڑھ کر دم کیا جائے۔ سورہ اعراف کی آیات یہ ہیں: ﴿وَأَوْحَيْنَا إِلَى مُوسَى أَنْ اَلْقِ عَصَاكَ فَإِذَا هِيَ تَلْقَفُ مَا يَأْفِكُونَ فَوَقَعَ الْحَقُّ وَبَطَلَ مَا كَانُوْ يَعْمَلُوْنَ، فَعَلِبُوْا هُنَالِكَ وَانْقَلَبُوْا صٰغِرِيْنَ﴾ (سورہ اعراف آیت 117 تا 119)۔

اور سورہ یونس کی آیات یہ ہیں: ﴿وَقَالَ فِرْعَوْنُ اْتُوْنِي بِكُلِّ سَاحِرٍ عَلِيمٍ فَلَمَّا جَاءَ السَّحَرَةُ قَالَ لَهُمْ مُوسَى اَلْقُوْا مَا انْتُمْ مُّلْقُوْنَ، فَلَمَّا الْقَوْا قَالَ مُوسَى مَا جِئْتُمْ بِهِ السِّحْرُ إِنَّ اللهَ سَيُبْطِلُهُ إِنَّ اللهَ لَا يُصْلِحُ عَمَلَ الْمُفْسِدِيْنَ، وَيُحِقُّ اللَّهُ الْحَقِّ بِكَلِمَتِهِ وَلَوْ كَرِهَ الْمُجْرِمُوْنَ﴾ (سورہ یونس آیت79 تا 82)

اور سورہ طہ کی آیات یہ ہیں: ﴿قَالُوْا یَا مُوْسَى إِمَّا أَنْ تُلْقِيَ وَإِمَّا أَنْ تَكُوْنَ أوَّلَ مَنْ الْقٰى- قَالَ بَلْ الْقُوْا فَإِذَا جَبَالُهُمْ وَعِصِيُّهُمْ يُخَيَّلُ إِلَيْهِ مِنْ سِحْرِهِمْ أَنَّهَا تَسْعٰى، فَأَوْجَسَ فِيْ نَفْسِهِ خِيفَةً مُوْسَى، قُلْنَا لَا تَخَفْ إِنَّكَ أَنْتَ الأعْلٰى، وَالْقِ مَا فِيْ يَمِيْنِكَ تَلْقَفْ مَا صَنَعُوْا إِنَّمَا صَنَعُوْا كَيْدُ سَاحِرٍ وَلَايُفْلِحُ السَّاحِرُ حَيْثُ اَتٰى) (سوره طه آیت:65 تا 69)

ان عظیم آیات کو پڑھ کر پانی میں دم کیا جائے پھر اس میں مزید پانی ملا کر اس سے غسل کرایا جائے اور اس میں سے تین چلو پانی پلایا بھی جائے۔ نیز اس میں بیری کے سات پتے بھی کوٹ کر ڈالے جائیں تو یہ بھی مفید ہے، اللہ تعالی کی اجازت سے سحر ختم اور زائل ہو جائے گا اور سحر زدہ انسان اچھا ہو جائے گا۔

نیز سحر زدہ انسان کے لئے یہ بھی مشروع ہے کہ وہ صبح و شام تین تین بار اللہ تعالی کے کامل کلمات کے ذریعہ ہر مخلوق کے شر سے پناہ مانگے یعنی یہ دعا پڑھے: (بِسْمِ اللهِ الَّذِيْ لَا يَضُرُّ مَعَ اسمِهِ شَيْءٌ فِي الأَرْضِ وَلَا فِي السَّمَاءِ وَهُوَ السَّمِيعُ الْعَلِيْم)

ایک علاج یہ بھی ہے کہ جس چیز کے بارے میں گمان ہو کہ اس میں جادو کیا گیا ہے جیسے اون، گنڈا، تعویذ ، تو اسے ختم کر دیا، یا جلا دیا جائے تو اس سے بھی جادو کا اثر ختم ہو جاتا ہے۔

سحر زدہ انسان کے لئے کچھ مباح دوائیں بھی ہیں جو انہیں شفا بخشتی ہیں اور ان کے سحر کو ختم کرتی ہیں جیسا کہ امام ابن القیم رحمہ اللہ نے ’’النشرة المشروعة‘‘ میں بیان کیا ہے نیز شیخ عبد الرحمن بن حسن آل شیخ نے اپنی کتاب (فتح المجيد شرح كتاب التوحيد) باب ما جاء فی النشرہ میں ذکر کیا ہے۔

جادو کو ختم کرنے کے لئے یہ سارے طریقے موجود ہیں البتہ سحر زدہ کو چاہئے کہ وہ اللہ تعالی سے گڑ گڑائے اور اپنی صحت یابی اور عافیت کے لئے دل سے دعا مانگے اور اس بات کو ذہن میں رکھے کہ شفا رب ہی کے ہاتھ میں ہے چاہے تو ان سے فائدہ پہنچائے اور چاہے تو انہیں بے اثر کر دے کیونکہ وہی ہر چیز پر قادر ہے اور وہی نفع و نقصان کا مالک ہے۔ اور دینے اور روکنے کا حق اس کو حاصل ہے اس کے علاوہ کسی کو نہیں۔

فوائد:

٭ قرآنی آیات پڑھ کر سحر زدہ انسان پر دم کرنا مشروع ہے۔

٭ جادو کے علاج کے لئے کا بہنوں اور جیوتشیوں کے پاس جانا حرام ہے۔

٭ جس چیز کے ذریعہ جادو کیا گیا ہوا اسے جلا کر اس کا اثر ختم کیا جا سکتا ہے۔