ہم بستری کی دعا

عَنْ ابْنِ عَبَّاسٍ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُمَا قَالَ: قَالَ النَّبِيُّ : أَمَا لَوْ أَنَّ احَدَهُمْ يَقُولُ حِينَ يَأتِي أَهْلَهُ: ’’بِسْمِ اللهِ اللَّهُمَّ جَنِّبْنِي الشَّيْطَانَ وَجَنِّبِ الشَّيْطَانَ مَا رَزَقْتَنَا‘‘ ثُمَّ قُدِّرَ بَيْنَهُمَا فِي ذٰلِكَ أَوْ قُضِيَ وَلَدٌ لَمْ يَضُرَّهُ شَيْطَانٌ أَبَدًا . (أخرجه البخاري).
(صحيح بخاري: كتاب النكاح، باب ما يقول الرجل إذا أتي أهله)
ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ نبی کریم ﷺ نے فرمایا کہ کوئی شخص اپنی بیوی کے پاس ہم بستری کے لئے جب آئے تو یہ دعا پڑھے: ’’بِسْمِ اللهِ اللَّهُمَّ جَنِّبْنِي الشَّيْطَانَ وَجَنِّبِ الشَّيْطَانَ مَا رَزَقْتَنَا‘‘ یعنی میں اللہ کے نام سے شروع کرتا ہوں، اے اللہ! شیطان کو مجھ سے دور رکھ اور شیطان کو اس چیز سے بھی دور رکھ جو (اولاد) ہمیں تو عطا کرے)۔ پھر اس عرصہ میں ان کے لئے کوئی اولا د نصیب ہوئی تو اسے شیطان کبھی ضرر نہیں پہنچا سکے گا۔
تشریح:
اسلام میں دعاؤں کی کافی اہمیت ہے دعا کو عبادت کا مغز کہا گیا ہے اس لئے رسول اکرم ﷺ نے ہمیں تمام معاملات میں دعا سکھلائی ہے حتی کی میاں بیوی کے ملنے کے وقت کی دعا بھی بتلائی ہے کیونکہ اس میں دینی اور دنیادی بہت سارے فائدے مضمر ہیں چنانچہ آپ ﷺ نے فرمایا کہ جب کوئی اپنی بیوی سے صحبت کے لئے آئے تو یہ دعا ’’بِسْمِ اللهِ اللَّهُمَّ جَنِّبْنِي الشَّيْطَانَ وَجَنِّبِ الشَّيْطَانَ مَا رَزَقْتَنَا‘‘پڑھے، اس دعا کے پڑھنے کا فائدہ یہ ہوگا کہ اس کے بعد پیدا ہونے والا بچہ شیطان سے محفوظ رہے گا- شیطان اسے گزند نہیں پہنچا پائے گا۔ اللہ تعالی ہمیں اس دعا کو پڑھنے کی توفیق عطا فرمائے۔
فوائد:
٭ بیوی سے صحبت کے وقت مسنون دعا پڑھنا اولاد کے نیک ہونے کے اسباب میں سے ہے۔
٭ مباشرت کے وقت دعا پڑھ لینے سے بچہ شیطان سے محفوظ ہو جاتا ہے۔
٭٭٭٭