آیت الکرسی کی فضیلت
عَنْ أُبَي بْنِ كَعْبٍ رَضِىَ اللهُ عَنْهُ قَالَ قَالَ رَسُولُ اللَّهِ ﷺ يَا أَبَا المُنْذِرِ، أَتَدْرِي أَيُّ آيَةٍ مِنْ كِتَابِ اللهِ مَعَكَ أَعْظَمُ قَالَ: قُلْتُ: اللَّهُ وَرَسُولُهُ أَعْلَمُ، قَالَ يَا أَبَا المُنْذِرِ اَتَدْرِىْ أَىُّ آيَةٍ مِنْ كِتَابِ اللهِ مَعَكَ أَعْظَمُ ؟ قَالَ: قُلْتُ: اللَّهُ لَا إِلَهَ إِلَّا هُوَ الْحَيُّ الْقَيُّومُ، قَالَ: فَضَرَبَ فِي صَدْرِي وَقَالَ : وَاللَّهِ ليَهُنِك الْعِلْمُ أَبَا الْمُنْذِرِ (اخرجه مسلم)
(صحیح مسلم کتاب فضائل القرآن، باب فضل سورة الكهف وآية الكرسي.)
ابی بن کعب رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اے ابو منذر! کیا تو جانتا ہے کہ کتاب اللہ کی کون سی آیت سب سے عظیم ہے جو تیرے پاس ہے؟ (یعنی میرے سینے میں محفوظ ہے) میں نے کہا، اللہ اور اس کے رسول ﷺ بہتر جانتے ہیں پھر آپ ﷺ نے فرمایا: کہ کتاب اللہ کی کون سی آیت سب سے عظیم ہے جو تیرے پاس ہے؟ تو ابی بن کعب رضی اللہ عنہ نے کہا کہ میں نے کیا ﴿اللهُ لَا إِلَهَ إِلَّا هُوَ الْحَيُّ القيوم﴾ ہے۔ پس آپ نے میرے سینے پر ہاتھ مارا اور فرمایا: واللہ ابو منذر تجھے علم مبارک ہو (یعنی اس علم کی برکت سے تجھے قرآن کی عظیم ترین آیت کا پتہ چل گیا۔
عَنْ أَبِي أُمَامَةَ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ قَالَ قَالَ رَسُولُ اللَّهِ ا : مَنْ قَرَأَ آيَةً الكرسي دُبَرَ كُلِّ صَلَاةٍ مَكْتُوَبَةٍ لَمْ يَمْنَعْهُ مِنْ دُخُولِ الجَنَّةِ إِلَّا أَن يَمُوتَ. (أخرجه النسائي).
(سنن النسائي: في كتاب عمل اليوم والليلة، ح 9928، وقال الألباني في السلسلة الصحيحة: 697/2)
ابوامامہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جس شخص نے ہر فرض نماز کے بعد آیت الکرسی پڑھی اس کو جنت میں جانے سے کوئی چیز نہیں روک سکتی مگر یہ کہ مر جائے۔
تشریح:
قرآن مجید انسانوں کے لئے مکمل دستور حیات ہے اس کی ہر آیت معانی و مفہوم کے اعتبارسے بہت ہی اہمیت و فضیلت والی ہے انہیں آیتوں میں سے ایک آیت جسے آیت الکرسی کے نام سے موسوم کیا گیا ہے بہت ہی عظیم آیت ہے کیونکہ یہ اللہ تعالی کی وحدانیت اور اس کے بلند و بالا صفات اور بزرگی و عظمت پر مشتمل ہے۔ نبی اکرمﷺ نے فرمایا : جس نے ہر فرض نماز کے بعد اس آیت کے پڑھنے کا اہتمام کیا اسے جنت میں داخل ہونے کے لئے صرف موت مانع ہے یعنی جیسے ہی اس کی وفات ہوگی وہ جنت میں چلا جائے گا۔ اللہ تعالی ہمیں فرض نمازوں کے بعد اس آیت کے پڑھنے کی توفیق عطا فرمائے۔
فوائد:
٭ آیۃ الکرسی قرآن مجید کی سب سے عظیم آیت ہے۔
٭ ہر نماز کے بعد آیت الکرسی پڑھنے کا ثواب جنت ہے۔
٭٭٭٭