امیر المومنین عمر رضی اللہ عنہ کے تربیتی فیصلے، مشورے اور اقدامات

1⃣ عمر رضی اللہ عنہ شرعی معاملات کے حوالے سے صحابہ کرام میں سب سے سخت تھے

انس رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا
أَرْحَمُ أُمَّتِي بِأُمَّتِي أَبُو بَكْرٍ وَأَشَدُّهُمْ فِي أَمْرِ اللَّهِ عُمَرُ وَأَصْدَقُهُمْ حَيَاءً عُثْمَانُ وَأَعْلَمُهُمْ بِالْحَلَالِ وَالْحَرَامِ مُعَاذُ بْنُ جَبَلٍ وَأَفْرَضُهُمْ زَيْدُ بْنُ ثَابِتٍ وَأَقْرَؤُهُمْ أُبَيٌّ وَلِكُلِّ أُمَّةٍ أَمِينٌ وَأَمِينُ هَذِهِ الْأُمَّةِ أَبُو عُبَيْدَةَ بْنُ الجراح
میری امت میں سے سب سے رحم دل ابوبکر ہیں
اللہ کے معاملے میں سب سے سخت عمر ہیں
سب سے زیادہ حیاء والے عثمان ہیں
سب سے زیادہ حلال و حرام کو جاننے والے معاذ بن جبل ہیں
فرائض کو سب سے زیادہ جاننے والے زید بن ثابت ہیں
سب سے بڑے قاری ابی بن کعب ہیں
اور ہر امت کا ایک امین ہوتا ہے اور اس امت کے امین ابو عبیدہ بن جراح ہیں
ترمذي صحیح

2⃣ عمر رضی اللہ عنہ فتنوں کے سامنے بند باندھنے والا دروازہ تھے

حذیفہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں عمر رضی اللہ عنہ نے کہا تم میں سے کس کو فتنوں کے متعلق رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی حدیث یاد ھے
پھر کہا میری مراد وہ فتنے ہیں جو سمندر کی موجوں کی طرح ہونگے
میں نے کہا
مَا لَكَ وَلَهَا يَا أَمِيرَ الْمُؤْمِنِينَ إِنَّ بَيْنَكَ وَبَيْنَهَا بَابًا مُغْلَقًا
اے امیر المومنین آپ کو ان فتنوں سے کیا ڈر ھے آپ کے اور ان کے درمیان تو ایک بند دروازہ ھے

حدیث کے راوی کہتے ہیں ہم نے حذیفہ سے پوچھا کیا عمر رضی اللہ عنہ جانتے تھے کہ وہ دروازہ کون ہے تو آپ نے کہا ہاں ایسے جانتے تھے جیسے یہ جانتے ہیں کہ کل سے پہلے رات آئے گی کیونکہ میں نے انہیں ایک حدیث سنا رکھی تھی جو کہ فضولیات میں سے نہیں تھی
پھر آپ نے کہا اس دروازے سے مراد وہ عمر ہی ہیں
بخاري 525

3⃣ آپ اتنے با رعب تھے کہ شیطان آپ کو دیکھ کرراستہ تبدیل کر لیا کرتا تھا

رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا
يَا ابْنَ الْخَطَّابِ وَالَّذِي نَفْسِي بِيَدِهِ مَا لَقِيَكَ الشَّيْطَانُ سَالِكًا فَجًّا إِلَّا سَلَكَ فَجًّا غَيْرَ فَجِّكَ

اے خطاب کے بیٹے
اس ذات کی قسم ! جس کے ہاتھ میں میری جان ہے ، اگر شیطان بھی کہیں راستے میں تم سے مل جائے ، تو جھٹ وہ راستہ چھوڑ کر دوسرا راستہ اختیار کر لیتا ہے
بخاری 3294

عمر رضی اللہ عنہ کے رعب کی ایک مثال

ابن عباس رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ میں آپ سے ایک مسئلہ پوچھنا چاہتا تھا لیکن آپ کے رعب اور ھیبت کی وجہ سے مسلسل ایک سال تک وہ مسئلہ نہ پوچھ سکا

حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما نے کہا
مَكَثْتُ سَنَةً وَأَنَا أُرِيدُ أَنْ أَسْأَلَ عُمَرَ بْنَ الْخَطَّابِ عَنْ آيَةٍ فَمَا أَسْتَطِيعُ أَنْ أَسْأَلَهُ هَيْبَةً لَهُ حَتَّى خَرَجَ حَاجًّا فَخَرَجْتُ مَعَهُ فَلَمَّا رَجَعَ فَكُنَّا بِبَعْضِ الطَّرِيقِ عَدَلَ إِلَى الْأَرَاكِ لِحَاجَةٍ لَهُ فَوَقَفْتُ لَهُ حَتَّى فَرَغَ ثُمَّ سِرْتُ مَعَهُ فَقُلْتُ يَا أَمِيرَ الْمُؤْمِنِينَ مَنْ اللَّتَانِ تَظَاهَرَتَا عَلَى رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ مِنْ أَزْوَاجِهِ فَقَالَ تِلْكَ حَفْصَةُ وَعَائِشَةُ قَالَ فَقُلْتُ لَهُ وَاللَّهِ إِنْ كُنْتُ لَأُرِيدُ أَنْ أَسْأَلَكَ عَنْ هَذَا مُنْذُ سَنَةٍ فَمَا أَسْتَطِيعُ هَيْبَةً لَكَ قَالَ فَلَا تَفْعَلْ مَا ظَنَنْتَ أَنَّ عِنْدِي مِنْ عِلْمٍ فَسَلْنِي عَنْهُ فَإِنْ كُنْتُ أَعْلَمُهُ أَخْبَرْتُكَ

ایک آیت کے متعلق حضرت عمر بن خطاب رضی اللہ عنہ سے پوچھنے کے لئے ایک سال تک میں تردد میں رہا ، ان کا اتنا ڈر غالب تھا کہ میں ان سے نہ پوچھ سکا ۔ آخر وہ حج کے لئے گئے تو میں بھی ان کے ساتھ ہولیا ، واپسی میں جب ہم راستہ میں تھے تو رفع حاجت کے لئے وہ پیلوکے درخت میں گئے ۔ بیان کیا کہ میں ان کے انتظار میں کھڑا رہا جب وہ فارغ ہو کر آئے تو پھر میں ان کے ساتھ چلا اس وقت میں نے عرض کیا ۔ امیر المؤمنین ! امہات المؤمنین میں وہ کون دو عورتیں تھیں جنہوں نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے لئے متفقہ منصوبہ بنایا تھا ؟ انہوں نے بتلایا کہ حفصہ اور عائشہ رضی اللہ عنہما تھیں ۔ بیان کیا کہ میں نے عرض کیا اللہ کی قسم میں یہ سوال آپ سے کرنے کے لئے ایک سال سے ارادہ کر رہا تھا لیکن آپ کے رعب کی وجہ سے پوچھنے کی ہمت نہیں ہوتی تھی ۔ حضرت عمررضی اللہ عنہ نے کہا ایسا نہ کیا کرو جس مسئلہ کے متعلق تمہارا خیال ہو کہ میرے پاس اس سلسلے میں کوئی علم ہے تو اسے پوچھ لیا کرو ، اگر میرے پاس اس کا کوئی علم ہوگا تو تمہیں بتادیا کروں گا ۔
مسلم 4913

آپ کے رعب کی وجہ سے قریش کی عورتیں پردوں کے پیچھے چھپنے لگیں

ایک دفعہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس قریش کی کچھ عورتیں بیٹھی سوالات کررہی تھیں کثرت سوالات کی وجہ سے ان کی آوازیں نبی کریم کی آوازوں سے بلند ہو رہی تھیں
اسی دوران عمر رضی اللہ عنہ بھی آگئے تو وہ عورتیں جلدی جلدی پردوں کے پیچھے چھپنے لگیں اور آپ نے دیکھا کہ نبی علیہ السلام مسکرا رہے ہیں
تو نبی علیہ السلام فرمانے لگے
عَجِبْتُ مِنْ هَؤُلَاءِ اللَّاتِي كُنَّ عِنْدِي لَمَّا سَمِعْنَ صَوْتَكَ تَبَادَرْنَ الْحِجَابَ
مجھے تعجب ہے ان عورتوں پر میرے پاس بیٹھی ہوئی تھیں جب انہوں نے آپ کی آواز سنی تو جلدی سے پردوں کے پیچھے چھپنے لگیں
تو آپ نے کہا
أَنْتَ أَحَقُّ أَنْ يَهَبْنَ يَا رَسُولَ اللَّهِ
اے اللہ کے رسول آپ کا زیادہ حق ہے کہ یہ عورتیں آپ سے ڈریں
پھر عمر رضی اللہ عنہ نے عورتوں سے مخاطب ہو کر کہا
يَا عَدُوَّاتِ أَنْفُسِهِنَّ أَتَهَبْنَنِي وَلَمْ تَهَبْنَ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ
اے اپنی جان کی دشمنو کیا تم مجھ سے ڈرتی ہو اور رسول اللہ سے نہیں ڈرتی ہو
تو وہ کہنے لگیں
إِنَّكَ أَفَظُّ وَأَغْلَظُ مِنْ رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ
آپ رسول اللہ سے زیادہ سخت ہیں
بخاری

انس رضی اللہ عنہ کو اپنے غلام سیرین کے ساتھ مکاتبت نہ کرنے کی وجہ سے درہ سے مارا
أَنَّ سِيرِينَ سَأَلَ أَنَسًا الْمُكَاتَبَةَ، وَكَانَ كَثِيرَ الْمَالِ، فَأَبَى، فَانْطَلَقَ إِلَى عُمَرَ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ فَقَالَ : كَاتِبْهُ. فَأَبَى، فَضَرَبَهُ بِالدِّرَّةِ، وَيَتْلُو عُمَرُ : { فَكَاتِبُوهُمْ إِنْ عَلِمْتُمْ فِيهِمْ خَيْرًا } فَكَاتَبَهُ.
بخاري 2559

جب ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ فوت ہوئے تو ان کی بہن نوحہ کرنے لگی جس پر عمر رضی اللہ عنہ نے انہیں مارا اور گھر میں جو عورتیں جمع تھیں سب کو تتر بتر کردیا

بَابُ إِخْرَاجِ أَهْلِ الْمَعَاصِي وَالْخُصُومِ مِنَ الْبُيُوتِ بَعْدَ الْمَعْرِفَةِ. وَقَدْ أَخْرَجَ عُمَرُ أُخْتَ أَبِي بَكْرٍ حِينَ نَاحَتْ
كِتَابٌ : فِي الْخُصُومَاتُ | بَابُ إِخْرَاجِ أَهْلِ الْمَعَاصِي.

4⃣ عمر رضی اللہ عنہ کے بعض تربیتی مشوروں سے قرآن کی مطابقت

عمر رضی اللہ عنہ کی قرآن سے موافقات کی تعداد 18 ھے
دیکھئیے تفسیر القرآن الکریم سورہ بقرہ آیت نمبر 125از شیخنا عبدالسلام بن محمد حفظہ اللہ

مقام ابراہیم کو جائے نماز بنانے کا مشورہ

آپ نے مشورہ دیا کہ اے اللہ کے رسول اگر آپ مقام ابراہیم کو نماز کی جگہ بنا لیں تو بہتر ہو گا تو اللہ تعالیٰ نے یہ آیت نازل کردی
وَإِذْ جَعَلْنَا الْبَيْتَ مَثَابَةً لِلنَّاسِ وَأَمْنًا وَاتَّخِذُوا مِنْ مَقَامِ إِبْرَاهِيمَ مُصَلًّى وَعَهِدْنَا إِلَى إِبْرَاهِيمَ وَإِسْمَاعِيلَ أَنْ طَهِّرَا بَيْتِيَ لِلطَّائِفِينَ وَالْعَاكِفِينَ وَالرُّكَّعِ السُّجُودِ
البقرة : 125
[ بخاري، الصلاۃ، باب ما جاء في القبلۃ… :402 ]

امھات المؤمنين کے پردے کا مشورہ

آپ نے مشورہ دیا کہ اے اللہ کے رسول آپ کے پاس نیک و بد ہر قسم کے لوگ آتے رہتے ہیں سو اگر آپ امھات المؤمنین کو پردے کا حکم دیں تو بہتر ہوگا
تو اللہ تعالیٰ نے یہ آیت نازل فرمائی
وَإِذَا سَأَلْتُمُوهُنَّ مَتَاعًا فَاسْأَلُوهُنَّ مِنْ وَرَاءِ حِجَابٍ ذَلِكُمْ أَطْهَرُ لِقُلُوبِكُمْ وَقُلُوبِهِنَّ
اور جب تم ان سے کوئی سامان مانگو تو ان سے پردے کے پیچھے سے مانگو، یہ تمھارے دلوں اور ان کے دلوں کے لیے زیادہ پاکیزہ ہے ۔
الأحزاب : 53
[ بخاري، الصلاۃ، باب ما جاء في القبلۃ… : 402 ]

امھات المؤمنين کو نبی علیہ السلام کے ناپسندیدہ کاموں سے باز رہنے کی تلقین

انس رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ عمر رضی اللہ عنہ نے فرمایا :
’’نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی بیویاں غیرت (رشک و رقابت) میں آپ کے خلاف اکٹھی ہوگئیں تو میں نے ان سے کہا کہ اگر آپ صلی اللہ علیہ وسلم تمھیں طلاق دے دیں تو آپ کا رب قریب ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو تم سے بہتر بیویاں دے دے
تو اس پر یہ آیت نازل ہوئی۔‘‘

عَسَى رَبُّهُ إِنْ طَلَّقَكُنَّ أَنْ يُبْدِلَهُ أَزْوَاجًا خَيْرًا مِنْكُنَّ مُسْلِمَاتٍ مُؤْمِنَاتٍ قَانِتَاتٍ تَائِبَاتٍ عَابِدَاتٍ سَائِحَاتٍ ثَيِّبَاتٍ وَأَبْكَارًا
اس کا رب قریب ہے، اگر وہ تمھیں طلاق دے دے کہ تمھارے بدلے اسے تم سے بہتر بیویاں دے دے، جو اسلام والیاں، ایمان والیاں، اطاعت کرنے والیاں، توبہ کرنے والیاں، عبادت کرنے والیاں، روزہ رکھنے والیاں ہوں، شوہر دیدہ اور کنواریاں ہوں۔
التحريم : 5
[ بخاري، التفسیر، باب : «عسی ربہ إن طلقکن…» : ۴۹۱۶ ]

منافق اور مشرک کا جنازہ نہ پڑھنے کا مشورہ

ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ جب عبد اللہ بن ابی فوت ہوا تو اس کا بیٹا نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس آیا کہ مجھے اپنی قمیص دیجیے کہ میں اسے اس میں کفن دوں اور آپ اس پر جنازہ پڑھیں اور اس کے لیے بخشش کی دعا فرمائیں تو نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے اسے اپنی قمیص دی اور فرمایا : ’’مجھے اطلاع دینا، تاکہ میں اس کا جنازہ پڑھوں۔‘‘ اس نے اطلاع دی اور جب آپ نے اس پر جنازے کا ارادہ کیا تو عمر رضی اللہ عنہ نے کہا

يَا رَسُولَ اللَّهِ أَتُصَلِّي عَلَى ابْنِ أُبَيٍّ وَقَدْ قَالَ يَوْمَ كَذَا وَكَذَا كَذَا وَكَذَا أُعَدِّدُ عَلَيْهِ قَوْلَهُ

اے اللہ کے رسول کیا آپ ابن ابی کا جنازہ پڑھائیں گے حالانکہ اس نے اس اس طرح کی باتیں کہی ہیں( آپ کی اس کی اسلام دشمنی پر مبنی کئی باتیں دھرائیں)

لیکن رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس کا جنازہ پڑھا دیا ابھی تھوڑی دیر ہی گزری تھی کہ وحی آگئ
وَلَا تُصَلِّ عَلَى أَحَدٍ مِنْهُمْ مَاتَ أَبَدًا وَلَا تَقُمْ عَلَى قَبْرِهِ إِنَّهُمْ كَفَرُوا بِاللَّهِ وَرَسُولِهِ وَمَاتُوا وَهُمْ فَاسِقُونَ
اور ان میں سے جو کوئی مر جائے اس کا کبھی جنازہ نہ پڑھنا اور نہ اس کی قبر پر کھڑے ہونا، بے شک انھوں نے اللہ اور اس کے رسول کے ساتھ کفر کیا اور اس حال میں مرے کہ وہ نافرمان تھے۔
التوبة : 84
[ بخاری، الجنائز، باب ما یکرہ من الصلوۃ علی المنافقین… : ۱۳۶۶۔ مسلم : ۲۴۰۰ ]

بدر کے قیدیوں کو قتل کرنے کا مشورہ اور قرآن

عبد اللہ بن عباس رضی اللہ عنہما بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے بدر کے قیدیوں کے متعلق ابو بکر اور عمر رضی اللہ عنہما سے مشورہ فرمایا
ابو بکر رضی اللہ عنہ نے کہا : ’’ ان سے فدیہ لے لیا جائے۔‘‘
عمر رضی اللہ عنہ نے کہا، اے اللہ کے رسول ! آپ ان کو ہمارے حوالے کیجیے، تاکہ ہم ان کی گردنیں اڑا دیں۔
نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے ابو بکر رضی اللہ عنہ کی رائے اختیار فرمائی
عمر رضی اللہ عنہ کہتے ہیں دوسرے دن میں نے دیکھا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اور ابو بکر رضی اللہ عنہ بیٹھے رو رہے ہیں۔ میں نے رونے کی وجہ پوچھی
تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا :
’’میں اس فیصلے کے مشورے کی وجہ سے رو رہا ہوں جو تمھارے ساتھیوں نے قیدیوں سے فدیہ لے کر چھوڑ دینے کے متعلق دیا تھا، اب میرے سامنے ان کا عذاب پیش کیا گیا جو اس درخت سے بھی قریب تھا۔‘‘ اور آپ کے قریب ایک درخت تھا۔‘‘
اور اللہ تعالیٰ نے یہ آیات نازل فرمائیں :
مَا كَانَ لِنَبِيٍّ أَنْ يَكُونَ لَهُ أَسْرَى حَتَّى يُثْخِنَ فِي الْأَرْضِ تُرِيدُونَ عَرَضَ الدُّنْيَا وَاللَّهُ يُرِيدُ الْآخِرَةَ وَاللَّهُ عَزِيزٌ حَكِيمٌ
الأنفال : 67

[مسلم، الجہاد، باب الإمداد بالملائکۃ فی غزوۃ بدر … : ۱۷۶۳ ] ۔

5⃣ عمر رضی اللہ عنہ نے لوگوں کو سستی اور بدعملی سے بچانے کے لیے ابوھریرہ رضی اللہ عنہ کو ایک حدیث بیان کرنے سے منع کیا تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے بھی ان کی موافقت کی

ایک دفعہ عمر رضی اللہ عنہ کو راستے میں ابوہریرہ رضی اللہ عنہ ملے انہوں نے دو جوتے اٹھا رکھے تھے آپ نے پوچھا یہ کیا ہے تو کہنے لگے
هَاتَانِ نَعْلَا رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ بَعَثَنِي بِهِمَا مَنْ لَقِيتُ يَشْهَدُ أَنْ لَا إِلَهَ إِلَّا اللَّهُ مُسْتَيْقِنًا بِهَا قَلْبُهُ بَشَّرْتُهُ بِالْجَنَّةِ
یہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے جوتے ہیں اور آپ نے فرمایا ہے کہ میں ہر اس شخص کوجنت کی خوشخبری سناؤں جو یقین کے ساتھ لا الہ الا اللہ کی گواہی دیتا ہے

یہ سنتے ہی عمر رضی اللہ عنہ نے ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ کے سینے پر اتنے زور سے ہاتھ مارا کہ وہ پیچھے جا گرے اور کہا کہ جاؤ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس واپس چلے جاؤ وہ روتے ہوئے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس گئے اور جا کر سارا واقعہ سنا دیا عمر رضی اللہ عنہ بھی پیچھے پہنچ گئے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے عمر سے فرمایا
اے عمر تو نے ایسا کیوں کیا تو آپ نے کہا
يَا رَسُولَ اللَّهِ بِأَبِي أَنْتَ وَأُمِّي أَبَعَثْتَ أَبَا هُرَيْرَةَ بِنَعْلَيْكَ مَنْ لَقِيَ يَشْهَدُ أَنْ لَا إِلَهَ إِلَّا اللَّهُ مُسْتَيْقِنًا بِهَا قَلْبُهُ بَشَّرَهُ بِالْجَنَّةِ قَالَ نَعَمْ
اے اللہ کے رسول میرے ماں باپ آپ پر قربان ہوں کیا آپ نے ابوہریرہ کو اپنے جوتے دے کر بھیجا ہے کہ ہر اس شخص کوجنت کی خوشخبری سناؤجو یقین کے ساتھ لا الہ الا اللہ کی گواہی دیتا ہے
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے کہا ھاں میں نے ہی بھیجا ہے
تو عمر رضی اللہ عنہ کہنے لگے
فَلَا تَفْعَلْ فَإِنِّي أَخْشَى أَنْ يَتَّكِلَ النَّاسُ عَلَيْهَا فَخَلِّهِمْ يَعْمَلُونَ قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ فَخَلِّهِمْ
آپ ایسا نہ کریں مجھے خدشہ ہے کہ لوگ اسی پر بھروسہ کرکے بیٹھ رہیں گے آپ انہیں چھوڑ دیں کہ وہ عمل کریں تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ٹھیک ہے انہیں چھوڑ دیں
مسلم 147

6⃣ عمر رضی اللہ عنہ خلافت کے معاملے میں انصار کی تربیت کرتے ہیں

عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ جب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم فوت ہوگئے تو انصار کہنے لگے
مِنَّا أَمِيرٌ وَمِنْكُمْ أَمِيرٌ
ایک امیر ہمارا ہوگا اور ایک امیر تمہارا ہوگا
یہ سنتے ہی عمر رضی اللہ عنہ ان کے پاس گئے اور کہا
أَلَسْتُمْ تَعْلَمُونَ أَنَّ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ قَدْ أَمَرَ أَبَا بَكْرٍ أَنْ يُصَلِّيَ بِالنَّاسِ فَأَيُّكُمْ تَطِيبُ نَفْسُهُ أَنْ يَتَقَدَّمَ أَبَا بَكْرٍ قَالُوا نَعُوذُ بِاللَّهِ أَنْ نَتَقَدَّمَ أَبَا بَكْرٍ
کیا تم جانتے نہیں ہو کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ابوبکر کو حکم دیا تھا کہ لوگوں کو نماز پڑھائیں پس اب تم میں سے کون پسند کرے گا کہ وہ ابوبکر سے آگے بڑھے انہوں نے کہا ہم اللہ کی پناہ میں آتے ہیں کہ ہم ابوبکر سے آگے بڑھیں
نسائی778، مسند احمد حسن لذاتہ

7⃣ عمر رضی اللہ عنہ نے ابو بکر رضی اللہ عنہ کو جمع القرآن کا مشورہ دیا

جب جنگ یمامہ میں کثیر تعداد میں حفاظ و قراء شہید ہوئے تو عمر رضی اللہ عنہ ابو بكر کے پاس آئے اور قرآن جمع کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا
إِنَّ الْقَتْلَ قَدْ اسْتَحَرَّ يَوْمَ الْيَمَامَةِ بِالنَّاسِ وَإِنِّي أَخْشَى أَنْ يَسْتَحِرَّ الْقَتْلُ بِالْقُرَّاءِ فِي الْمَوَاطِنِ فَيَذْهَبَ كَثِيرٌ مِنْ الْقُرْآنِ إِلَّا أَنْ تَجْمَعُوهُ وَإِنِّي لَأَرَى أَنْ تَجْمَعَ الْقُرْآنَ
جنگ یمامہ میں بہت سے قراء شہید ہو گئے ہیں اور مجھے ڈر لگتا ہے کہ اگر مزید جگہوں میں ایسا ہوا تو قرآن کا بہت سا حصہ ضائع ہو جائے گا لہذا آپ قرآن کو جمع کرنے کا اھتمام کریں
ابوبکر رضی اللہ عنہ کہنے لگے
كَيْفَ أَفْعَلُ شَيْئًا لَمْ يَفْعَلْهُ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ
میں وہ کام کیسے کروں جو نبی علیہ السلام نے نہیں کیا
تو عمر رضی اللہ عنہ نے کہا
هُوَ وَاللَّهِ خَيْرٌ
قسم اللہ کی یہ خیر ھے
ابو بکر رضی اللہ عنہ کہتے ہیں
فَلَمْ يَزَلْ عُمَرُ يُرَاجِعُنِي فِيهِ حَتَّى شَرَحَ اللَّهُ لِذَلِكَ صَدْرِي وَرَأَيْتُ الَّذِي رَأَى عُمَرُ
عمر مسلسل میرے ساتھ تکرار کرتے رہے یہاں تک کہ اللہ تعالیٰ نے میرا سینہ کھول دیا اور میں نے وہی سمجھا جو عمر کہہ رہے تھے
بخاري 4679

8⃣ عمر رضی اللہ عنہ اپنے گھر والوں کو نماز کی دعوت و تربیت دیتے ہیں

عمر رضی اللہ عنہ رات کو اٹھ کر جتنی اللہ چاہتا نماز پڑھتے یہاں تک کہ جب رات کا آخری حصہ باقی رہ جاتا تو گھر والوں کو بھی اٹھاتے اور کہتے
الصَّلَاةَ الصَّلَاةَ
نماز پڑھو، نماز پڑھو
پھر یہ آیت تلاوت کرتے
وَأْمُرْ أَهْلَكَ بِالصَّلَاةِ وَاصْطَبِرْ عَلَيْهَا لَا نَسْأَلُكَ رِزْقًا نَحْنُ نَرْزُقُكَ وَالْعَاقِبَةُ لِلتَّقْوَى
اور اپنے گھر والوں کو نماز کا حکم دے اور اس پر خوب پابند رہ، ہم تجھ سے کسی رزق کا مطالبہ نہیں کرتے، ہم ہی تجھے رزق دیں گے اور اچھا انجام تقویٰ کا ہے۔
طه : 132
موطا إمام مالک

9⃣ عمر رضی اللہ عنہ جس کام سے لوگوں کو منع کرتے اپنے گھر والوں کو اس سے بھی زیادہ سختی سے منع کرتے

سالم رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ عمر رضی اللہ عنہ جب لوگوں کو کسی کام سے منع فرماتے تواپنے گھر والوں کو جمع کرتے اور کہتے

«إِنِّي نَهَيْتُ النَّاسَ كَذَا وَكَذَا , أَوَ إِنَّ النَّاسَ لَيَنْظُرُونَ إِلَيْكُمْ نَظَرَ الطَّيْرِ إِلَى اللَّحْمِ , وَايْمُ اللَّهِ , لَا أَجِدُ أَحَدًا مِنْكُمْ فَعَلَهُ إِلَّا أَضْعَفْتُ لَهُ الْعُقُوبَةَ ضِعْفَيْنِ»
میں نے لوگوں کو فلاں فلاں کام سے منع کیا ہے اور لوگ تمہاری طرف ایسے دیکھتے ہیں جیسے پرندے گوشت کی طرف دیکھتے ہیں
اللہ کی قسم میں نے تم میں سے کسی کو اگر یہی کام کرتے دیکھ لیا تو اسے دھری سزا دوں گا
مصنف ابن ابی شیبہ٣٠٦٤٣

0⃣1⃣ لوگوں کو شرک سے بچانے اور توحید پر قائم رکھنے کے لیے حجر اسود سے مخاطب ہوتے ہیں

 عابس بن ربیعہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں عمر رضی اللہ عنہ حجر اسود کے پاس آئے اور اسے مخاطب کرتے ہوئے کہنے لگے
إِنِّي أَعْلَمُ أَنَّكَ حَجَرٌ لَا تَضُرُّ وَلَا تَنْفَعُ وَلَوْلَا أَنِّي رَأَيْتُ النَّبِيَّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ يُقَبِّلُكَ مَا قَبَّلْتُكَ
میں جانتا ہوں کہ تو محض ایک پتھر ھے جو نفع دیتا ہے نہ نقصان اگر میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو تجھے بوسہ دیتے ہوئے نہ دیکھا ہوتا تو میں کبھی بھی تجھے بوسہ نہ دیتا
بخاري

حافظ ابن حجر رحمہ اللہ لکھتے ہیں
انما قال ذلک عمر لان الناس کانوا حدیثی عہد بعبادۃ الاصنام فخشی عمزان یظن الجہال ان استلام الحجر من باب تعظیم بعض الاحجار کما کانت العرب تفعل فی الجاہلیۃ فاراد عمران یعلم الناس ان استلامہ اتباع لفعل رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم لا کان الحجر ینفع ویضر بذاتہ کما کانت الجاہلیۃ تعتقدہ فی الاوثان
یعنی حضرت عمر رضی اللہ عنہ نے یہ اعلان اس لیے کیا کہ اکثر لوگ بت پرستی سے نکل کر قریبی زمانہ میں اسلام کے اندر داخل ہوئے تھے۔ حضرت عمر رضی اللہ عنہ نے اس خطرے کو محسوس کرلیا کہ جاہل لوگ یہ نہ سمجھ بیٹھیں کہ زمانہ جاہلیت کے دستور کے مطابق پتھروں کی تعظیم ہے۔ اس لیے آپ نے لوگوں کو آگاہ کیا کہ حجر اسود کا استلام صرف اللہ کے رسول کی اتباع میں کیا جاتا ہے ورنہ حجر اسود اپنی ذات میں نفع یا نقصان پہنچانے کی کوئی طاقت نہیں رکھتا، جیساگ عہد جاہلیت کے لوگ بتوں کے بارے میں اعتقاد رکھتے تھے
فتح الباری

1⃣1⃣ عمر رضی اللہ عنہ نے لوگوں کو قبر پرستی کے فتنے سے بچانے کی خاطر ایک نعش کے لیے تیرہ قبریں کھودنے کا حکم دیا

جب مسلمانوں نے ایران کا شہر تستر فتح کیا تو وہاں دانیال علیہ السلام کی قبر ملی تو اس کے متعلق ابو موسیٰ اشعری رضی اللہ عنہ نے عمر رضی اللہ عنہ کو خط لکھا تو آپ نے جوابا لکھا کہ دن میں تیرہ قبریں کھدواؤ اور رات میں ان میں سے کسی ایک میں ان کی لاش دفن کر دو اور ان کی قبر پر خوب مٹی ڈال دو تاکہ لوگ اس سے( قبر پرستی) کے فتنے میں نہ پڑ جائیں
مصنف ابن ابی شیبہ، دلائل النبوۃ للبیھقی
الطبقات لابن سعد

2⃣1⃣ عمر رضی اللہ عنہ نے لوگوں کو شجر پرستی کے فتنے سے بچانے کے لیے بیعت رضوان کا درخت کٹوا دیا

ابن سعد صحیح سند کے ساتھ نافع سے بیان کرتے ہیں کہ عمر رضی اللہ عنہ کو خبر ملی کہ کچھ لوگ اس درخت کے پاس آتے ہیں جس کے نیچے بیعت رضوان ہوئی تھی اور اس کے پاس نماز پڑھتے ہیں آپ نے ان کی گرفت کی آئندہ کیلئے متنبہ کیا اور درخت کاٹنے کا حکم دے دیا چنانچہ وہ درخت کاٹ دیا گیا
طبقات ابن سعد

3⃣1⃣ عمر رضی اللہ عنہ مسجد میں شور کرنے والوں کی تربیت کرتے ہیں

صحیح مسلم میں حدیث ھے
نعمان بن بشیر رضی اللہ عنہما فرماتے ہیں کہ میں نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے منبر کے پاس آپ کے اصحاب کی ایک جماعت میں بیٹھا ہوا تھا،
تو ایک آدمی نے کہا کہ اسلام لانے کے بعد حاجیوں کو پانی پلانے کے علاوہ میں کوئی کام نہ کروں تو مجھے کچھ پروا نہیں۔
دوسرے نے کہا، بلکہ مسجد حرام کی آباد کاری ( افضل ہے)۔
ایک اور نے کہا، بلکہ جہاد فی سبیل اللہ اس سے بہتر ہے جو تم کہہ رہے ہو۔
تو عمر رضی اللہ عنہ نے انھیں ڈانٹا اور فرمایا کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے منبر کے پاس آوازیں مت بلند کرو، یہ جمعہ کے دن کی بات ہے، لیکن جب تم جمعہ پڑھ چکو گے تو میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس جاؤں گا اور تمھارے اس جھگڑے کا فیصلہ کروا لوں گا،
تو اللہ تعالیٰ نے یہ آیت اتاری
أَجَعَلْتُمْ سِقَايَةَ الْحَاجِّ وَعِمَارَةَ الْمَسْجِدِ الْحَرَامِ كَمَنْ آمَنَ بِاللَّهِ وَالْيَوْمِ الْآخِرِ وَجَاهَدَ فِي سَبِيلِ اللَّهِ لَا يَسْتَوُونَ عِنْدَ اللَّهِ وَاللَّهُ لَا يَهْدِي الْقَوْمَ الظَّالِمِينَ
کیا تم نے حاجیوں کو پانی پلانا اور مسجدِ حرام کو آباد کرنا اس جیسا بنا دیا جو اللہ اور یوم آخرت پر ایمان لایا اور اس نے اللہ کے راستے میں جہاد کیا۔ یہ اللہ کے ہاں برابر نہیں ہیں اور اللہ ظالم لوگوں کو ہدایت نہیں دیتا۔
التوبة : 19
مسلم 1879

طائف سے آئے ہوئے دو شخص مسجد میں شور کررہے تھے تو عمر رضی اللہ عنہ نے اُنہیں ڈانٹ پلائی

سائب بن یزید رضی اللہ عنہ کہتے ہیں میں مسجد میں کھڑا تھا کہ مجھے عمر رضی اللہ عنہ نے کہا کہ ان دو آدمیوں کو میرے پاس لے کر آؤ جب میں انہیں لے آیا تو آپ نے ان سے پوچھا
مَنْ أَنْتُمَا أَوْ مِنْ أَيْنَ أَنْتُمَا
تم کون ہو اور کہاں سے آئے ہو
وہ کہنے لگے
مِنْ أَهْلِ الطَّائِفِ
ہم طائف سے آئے ہیں
آپ نے کہا
لَوْ كُنْتُمَا مِنْ أَهْلِ الْبَلَدِ لَأَوْجَعْتُكُمَا تَرْفَعَانِ أَصْوَاتَكُمَا فِي مَسْجِدِ رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ
اگر تم اسی شہر کے ہوتے تو میں تمہیں ضرور سزا دیتا اس وجہ سے کہ تم رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی مسجد میں آوازیں بلند کرتے ہو
بخاري 470

4⃣1⃣ عمر رضی اللہ عنہ حدیث بیان کرنے میں احتیاط کی تربیت کیا کرتے تھے

ایک دفعہ ابوموسیٰ اشعری رضی اللہ عنہ نے عمر رضی اللہ عنہ کو حدیث بیان کی کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا
الِاسْتِئْذَانُ ثَلَاثٌ فَإِنْ أُذِنَ لَكَ وَإِلَّا فَارْجِعْ
تین مرتبہ اجازت مانگو اگر اجازت مل جائے تو ٹھیک ورنہ واپس لوٹ جاؤ
عمر رضی اللہ عنہ نے کہا کوئی گواہ پیش کرو ورنہ میں آپ کو سزا دوں گا
فَذَهَبَ أَبُو مُوسَى
پھر ابو موسیٰ چلے گئے تو عمر وہاں موجود لوگوں سے کہنے لگے
اگر تو انہیں کوئی گواہ مل گیا تو تم شام کو انہیں ممبر کے پاس پاؤ گے اور اگر نہ ملا تو پھر نہیں پاؤ گے

شام ہوئی تو وہ ابوالطفیل کو اور ایک روایت میں ہے ابوسعید خدری رضی اللہ عنہ کو لے کر آ گئے جنہوں نے گواہی دی کہ ہم نے یہ حدیث رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے سنی ہے
مسلم 5633

ایک دفعہ عمر رضی اللہ عنہ نے لوگوں سے کہا کہ
مَنْ سَمِعَ النَّبِيَّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ قَضَى فِي السِّقْطِ
کس نے نبی علیہ السلام کو پیٹ میں بچے کی دیت کے متعلق فیصلہ کرتے سنا ہے
مغیرہ رضی اللہ عنہ کہنے لگے
أَنَا سَمِعْتُهُ قَضَى فِيهِ بِغُرَّةٍ عَبْدٍ أَوْ أَمَةٍ
میں نے آپ کو سنا ہے آپ نے اس کی دیت کا فیصلہ ایک غلام یا ایک لونڈی کیا تھا
تو عمر رضی اللہ عنہ نے کہا
ائْتِ مَنْ يَشْهَدُ مَعَكَ عَلَى هَذَا
اس پر کوئی گواہ پیش کرو
محمد بن مسلمہ کہنے لگے
أَنَا أَشْهَدُ عَلَى النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ بِمِثْلِ هَذَا
میں نبی علیہ السلام سے اسی طرح کی بات کی گواہی دیتا
بخاري

5⃣1⃣ عُمَرُ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ مارکیٹ میں لوگوں کی تربیت کرتے ہیں

مالک بن اوس کہتے ہیں ایک دفعہ میں مارکیٹ گیا اور میں نے اعلان کیا کہ کون ھے جو میرے ساتھ سونے کے بدلے چاندی کی تجارت کرے
طلحہ بن عبید اللہ کہنے لگے اپنا سونا ہمیں دے دو جب ہمارا خادم آئے گا تو ہم تجھے چاندی دے دیں گے
عمر رضی اللہ عنہ دیکھ رہے تھے آپ نے فرمایا
كَلَّا وَاللَّهِ لَتُعْطِيَنَّهُ وَرِقَهُ أَوْ لَتَرُدَّنَّ إِلَيْهِ ذَهَبَهُ
قسم اللہ کی ایسا ہرگز نہیں ہوگا یا تو اسے ابھی نقد چاندی دو یا پھر اس کا سونا واپس کرو کیونکہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ہے
الْوَرِقُ بِالذَّهَبِ رِبًا إِلَّا هَاءَ وَهَاءَ وَالْبُرُّ بِالْبُرِّ رِبًا إِلَّا هَاءَ وَهَاءَ وَالشَّعِيرُ بِالشَّعِيرِ رِبًا إِلَّا هَاءَ وَهَاءَ وَالتَّمْرُ بِالتَّمْرِ رِبًا إِلَّا هَاءَ وَهَاءَ
چاندی کی سونے کے بدلے تجارت کرنا سود ھے ہاں اگر نقد و نقد ہو تو جائز ہے
اور گندم کی گندم کے بدلے تجارت کرنا سود ھے ھاں اگر نقد و نقد ہو تو جائز ہے
اور جو کی جو کے بدلے اور کھجور کی کھجور کے بدلے تجارت کرنا سود ھے ھاں اگر نقدو نقد ہو تو جائز ہے
مسلم وترمذی

عمر رضی اللہ عنہ کہا کرتے تھے
لَا يَبِعْ فِي سُوقِنَا إِلَّا مَنْ قَدْ تَفَقَّهَ فِي الدِّينِ
ہماری مارکیٹ میں صرف وہی تجارت کرے جو دین کی سمجھ رکھتا ہو
ترمذي

6⃣1⃣ عمر رضی اللہ عنہ، لوگوں کو کفائت شعاری سکھانے کے لئے روزانہ گوشت کھانے سے منع کیا کرتے تھے

سیدنا عمر رضی اللہ عنہ سیدنا زبیر رضی اللہ عنہ کے ذبیحہ خانہ( سلاٹر ہاؤس )آتے تھے اس وقت مدینہ میں وہی ایک ذبیحہ خانہ تھا آپ کے پاس درہ ہوتا تھا اگر آپ کسی آدمی کو مسلسل دو دن گوشت خریدتے دیکھتے تو اسے درہ لگاتے اور کہتے کیا تم اپنے شکم کو اپنے پڑوسی اور چچا زاد بھائی کے لیے سمیٹ نہیں سکتے….
الدور السياسي، مناقب امیر المومنین لابن الجوزي، سیرت عمر بن الخطاب للصلابی

7⃣1⃣ عمر رضی اللہ عنہ گودنے (جسم میں نیل بھرنے) سے منع کرتے ہیں

ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ عمر رضی اللہ عنہ کے پاس ایک عورت لائی گئی جو گودنے( جسم میں نیل بھرنے) کا کام کیا کرتی تھی
تو آپ نے کہا کس نے اس کے متعلق نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے حدیث سنی ہے
ابوہریرہ کہتے ہیں میں نے کھڑے ہو کر حدیث بیان کی کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا
لَا تَشِمْنَ وَلَا تَسْتَوْشِمْنَ
گودنے کا کام نہ کرو اور نہ گدواؤ
بخاری 5946

8⃣1⃣ عمر رضی اللہ عنہ، لوگوں کو پر تکلف کھانوں، عجمی طرز کے فیشنز اور سہل پسندی سے دور رہنے کا درس دیا کرتے تھے

ابو عثمان تابعی کہتے ہیں عتبہ بن فرقد رضی اللہ عنہ نے آذربائیجان سے عمر رضی اللہ عنہ کے لیے پرتکلف کھانہ بھیجا، میدے کی روٹیوں کے اوپر شوربا اور شوربے کے اوپر مکھن تھا آپ نے کھانہ لانے والوں سے پوچھا کہ کیا وہاں تمام مہاجرین اسی طرح کے کھانے کھاتے ہیں تو انہوں نے کہا کہ نہیں یہ صرف امیر المومنین کے لیے خاص طور پر بھیجا گیا ہے، تو آپ نے عتبہ کے نام خط لکھا

يَا عُتْبَةُ بْنَ فَرْقَدٍ إِنَّهُ لَيْسَ مِنْ كَدِّكَ وَلَا مِنْ كَدِّ أَبِيكَ وَلَا مِنْ كَدِّ أُمِّكَ فَأَشْبِعْ الْمُسْلِمِينَ فِي رِحَالِهِمْ مِمَّا تَشْبَعُ مِنْهُ فِي رَحْلِكَ وَإِيَّاكُمْ وَالتَّنَعُّمَ وَزِيَّ أَهْلِ الشِّرْكِ وَلَبُوسَ الْحَرِيرَ فَإِنَّ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ نَهَى عَنْ لَبُوسِ الْحَرِيرِ
مسلم

اےعتبہ بن فرقد!تمھارے پاس جو مال ہے وہ نہ تمھاری کمائی سے ہے،نہ تمھارے ماں باپ کی کمائی سے،مسلمانوں کو ان کی رہائش گاہوں میں وہی کھانا پیٹ بھرکے کھلاؤ جس سے اپنی رہائش گاہ میں تم خود پیٹ بھرتے ہو اور تم لوگ عیش وعشرت سے مشرکین کے لباس اور ریشم کے پہناؤوں سے دور رہنا،کیونکہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ریشم کے پہناوے سے منع فرمایا ہے

وفی روایۃ
قَالَ اتَّزِرُوا وَارْتَدُوا وَانْتَعِلُوا وَأَلْقُوا الْخِفَافَ وَالسَّرَاوِيلَاتِ وَأَلْقُوا الرُّكُبَ وَانْزُوا نَزْوًا وَعَلَيْكُمْ بِالْمَعَدِّيَّةِ وَارْمُوا الْأَغْرَاضَ وَذَرُوا التَّنَعُّمَ وَزِيَّ الْعَجَمِ وَإِيَّاكُمْ وَالْحَرِيرَ فَإِنَّ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ قَدْ نَهَى عَنْهُ وَقَالَ لَا تَلْبَسُوا مِنْ الْحَرِيرِ إِلَّا مَا كَانَ هَكَذَا وَأَشَارَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ بِإِصْبَعَيْهِ
المصدر : تخريج المسند لشاكر | الصفحة أو الرقم : 1/153 | خلاصة حكم المحدث : إسناده صحيح
تہ بند باندھو، چادریں اوڑھ لو، سخت جوتے پہنو، نرم جوتے اور شلواریں پہننا چھوڑ دو( اس دور میں شلوار پہننا فیشن ، تکلف اور عجمی طرز سمجھی جاتی تھی )گھوڑے پر سوار ہونے والی رکاب (پائیدان) کاٹ دو اور جمپ لے کر سوار ہوا کرو معد بن عدنان کی طرح کا سخت لباس پہنو، تیر اندازی کرو،
نازو نعم اور عجمی طرز زندگی چھوڑ دو،
اور ریشم پہننے سے بچو کیونکہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اسے پہننے سے منع کیا ہے

اور ایک روایت میں ہے آپ نے فرمایا :
وعليكم بالشمس فإنها حمام العرب……… واخشوشنوا
دھوپ میں کام کیا کرو کیونکہ وہ عربوں کا حمام ہے،اور (جسمانی طور پر ) سخت کھردرے بن جاؤ
مسند ابی عوانہ، السنن الکبری للبیھقی، إسناده صحیح، انساب الاشراف للبلاذری

9⃣1⃣ عمر رضی اللہ عنہ لوگوں کو بلا ضرورت اونچی عمارتیں بنانے سے منع کیا کرتے تھے

آپ رضی اللہ عنہ، لوگوں کو بلا ضرورت اونچی اونچی اور فخریہ عمارتیں بنانے سے منع کیا کرتے تھے
ایک دفعہ کوفہ اور بصرہ میں مجاہدین کے بانسوں سے بنے ہوئے چھپروں میں آگ لگ گئی صرف بصرہ میں اسی80 سے زائد چھپر جل گئے لوگ بہت پریشان ہوئے انہوں نے وفد کی شکل میں امیر المومنین سےملاقات کی اور پکی اینٹوں کے مکانات بنانے کی اجازت مانگی تو آپ نے کہا ٹھیک ہے تم ایسا کرلو یعنی اینٹوں کے مکانات بنا لو لیکن تین کمروں سے زیادہ نہ بنانا اور نہ ہی بہت اونچے بنانا، سنت کو لازم پکڑو اور حد اعتدال سے باہر نہ نکلو…
تاریخ الطبری 16/5
بحوالہ سیدنا عمر شخصیت اور کارنامے از صلابی

0⃣2⃣ عمر رضی اللہ عنہ جمعہ کے لیے لیٹ آنے والے کی سرزنش کرتے ہیں

ابن عمر رضی اللہ عنہ کہتے ہیں ایک دفعہ جمعہ کے دن عمر رضی اللہ عنہ کھڑے خطبہ دے رہے تھے کہ اصحابِ نبی اور مہاجرین اولین میں سے ایک شخص مسجد میں داخل ہوا
فَنَادَاهُ عُمَرُ أَيَّةُ سَاعَةٍ هَذِهِ
عمر رضی اللہ عنہ نے اسے آواز دے کر کہا جمعہ کے لیے آنے کا یہ کون سا وقت ھے
انہوں نے کہا
إِنِّي شُغِلْتُ فَلَمْ أَنْقَلِبْ إِلَى أَهْلِي حَتَّى سَمِعْتُ التَّأْذِينَ فَلَمْ أَزِدْ أَنْ تَوَضَّأْت
میں کسی کام میں مصروف تھا اپنے گھر بھی نہیں جا سکا اور جب میں نے آذان سنی تو صرف وضوء کیا اور مسجد آگیا ہوں
ُ آپ نے غصے سے کہا
وَالْوُضُوءُ أَيْضًا وَقَدْ عَلِمْتَ أَنَّ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ كَانَ يَأْمُرُ بِالْغُسْلِ
اچھا صرف وضوء ہی کیا ہے جبکہ تجھے پتا بھی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم غسل کا حکم دیا کرتے تھے
بخاری

1⃣2⃣ عمر رضی اللہ عنہ نے زلزلہ آنے پر لوگوں کو نصیحت کی

سیدہ صفیہ بنت ابی عبید بيان کرتی ہیں کہ:
زُلزِلَت الأرضُ على عهد عُمر حتى اصطفَقَت السُّرُر، فخطبَ عُمرُ الناسَ فقال: "أحدَثتُم، لقد عجَّلتُم، لئن عادَت لأخرُجنَّ من بين أظهُركم”.
وفي روايةٍ قال:
"ما كانت هذه الزلزلةُ إلا عند شيءٍ أحدَثتُموه، والذي نفسِي بيدِه؛ إن عادَت لا أُساكِنُكم فيها أبدًا”؛
رواه ابن أبي شيبة.
سیدناعمر رضی اللہ عنہ کے دور میں  اتنا شدید زلزلہ آیا کہ پلنگ آپس میں ٹکرا گئے ،توسیدناعمر رضی اللہ عنہ نے لوگوں کو خطبہ دیتے ہوئےارشاد فرمایا: تم نے نئے نئےکام ایجاد کئے، یقیناً تم نے بہت جلدی کی۔اور اگر وہ چیزیں دوبارہ آگئیں تو میں تمہارے درمیان سے نکل جاؤں گا

اور ایک دوسری روایت میں ہے:
یہ زلزلہ تو جبھی آتا ہے جب تم  لوگ (دین میں) کوئی نئی چیز ایجاد کرتے ہو،اُس ذات کی قسم جس کے ہاتھ میں میری جان ہے اگر دوبارہ ایسا ہوا تو میں کبھی تمہارے ساتھ نہیں رہوں گا(مصنف ابنِ ابی شیبہ)
(یعنی بد عقیدگی ، بدعت و بد اعمالی زلزلوں کا بنیادی سبب ہیں)

2⃣2⃣ عمر رضی اللہ عنہ صوبوں کے گورنروں کی خوب تربیت کیا کرتے تھے

ابو فراس کہتے ہیں ہمیں عمر رضی اللہ عنہ نے خطبہ خطبہ دیا اور کہا
إِنِّي لَمْ أَبْعَثْ عُمَّالِي لِيَضْرِبُوا أَبْشَارَكُمْ وَلَا لِيَأْخُذُوا أَمْوَالَكُمْ فَمَنْ فُعِلَ بِهِ ذَلِكَ فَلْيَرْفَعْهُ إِلَيَّ أُقِصُّهُ مِنْهُ
میں تمہاری طرف اپنے عمال اس لیے نہیں بھیجتا ہوں کہ وہ تمہیں ماریں اور تمہارے مالوں پر قبضہ کر لیں اگر کسی کے ساتھ ایسا ہو تو وہ اپنا معاملہ میرے پاس لے آئے میں اسے بدلہ لے کر دوں گا
ابوداؤد

آپ رضی اللہ عنہ، صوبوں کے گورنروں کو پرتکلف سہولیات اور زیب و زینت سے منع کیا کرتے تھے

شام کے گورنر یزید بن ابی سفیان رضی اللہ عنہ کے گھر کھانہ کھانے گئے تو دیکھا کہ کچھ پردے لٹک رہے ہیں، آپ انہیں پھاڑنے لگے اور کہتے تیرا برا ہو کیا تم دیواروں کو وہ کپڑا پہناتے ہو کہ جس کی گرمی اور سردی سے بچنے کے لیے انسانوں کو ضرورت ہے…
تاریخ المدینہ 832/3،الولاية علی البلدان 128/2

عياض بن غنم رضی اللہ عنہ کو شام کا گورنر بنایا تو انہوں نے وہاں اپنے لیے ایک اعلی قسم کا حمام بنایا، عمر رضی اللہ عنہ کو پتا چلا تو آپ نے انہیں بلا کر دو ماہ کے لیے بیت المال کی بکریاں چرانے پر مقرر کر دیا…
الولاية علی البلدان 130/2

موطا امام مالک میں ھے آپ نے گورنروں کی طرف نمازوں کے اوقات لکھ کر بھیجے

وَحَدَّثَنِي عَنْ مَالِكٍ عَنْ نَافِعٍ مَوْلَى عَبْدِ اللَّهِ بْنِ عُمَرَ، أَنَّ عُمَرَ بْنَ الْخَطَّابِ كَتَبَ إِلَى عُمَّالِهِ: ” إِنَّ أَهَمَّ أَمْرِكُمْ عِنْدِي الصَّلَاةُ. فَمَنْ حَفِظَهَا وَحَافَظَ عَلَيْهَا، حَفِظَ دِينَهُ. وَمَنْ ضَيَّعَهَا فَهُوَ لِمَا سِوَاهَا أَضْيَعُ، ثُمَّ كَتَبَ: أَنْ صَلُّوا الظُّهْرَ، إِذَا كَانَ الْفَيْءُ ذِرَاعًا، إِلَى أَنْ يَكُونَ ظِلُّ أَحَدِكُمْ [ص: ٧] مِثْلَهُ. وَالْعَصْرَ وَالشَّمْسُ مُرْتَفِعَةٌ بَيْضَاءُ نَقِيَّةٌ، قَدْرَ مَا يَسِيرُ الرَّاكِبُ فَرْسَخَيْنِ أَوْ ثَلَاثَةً، قَبْلَ غُرُوبِ الشَّمْسِ وَالْمَغْرِبَ إِذَا غَرَبَتِ الشَّمْسُ. وَالْعِشَاءَ إِذَا غَابَ الشَّفَقُ إِلَى ثُلُثِ اللَّيْلِ. فَمَنْ نَامَ فَلَا نَامَتْ عَيْنُهُ. فَمَنْ نَامَ فَلَا نَامَتْ عَيْنُهُ فَمَنْ نَامَ فَلَا نَامَتْ عَيْنُهُ ". وَالصُّبْحَ وَالنُّجُومُ بَادِيَةٌ مُشْتَبِكَةٌ

عمر رضی اللہ عنہ گورنروں سے شرائط طے کیا کرتے تھے

غیر عربی النسل گھوڑے پر سوار نہیں ہونگے
میدے کی روٹی نہیں کھائیں گے
باریک لباس نہیں پہنیں گے
مسلمانوں کی ضروریات کے سامنے اپنے گھر کا دروازہ بند نہیں کرو گے
پھر فرماتے اے اللہ تو گواہ رہ
سیرت عمر از صلابی ص520

منی لانڈرنگ اور کرپشن سے روکنے کے لیے گورنروں کو تجارت سے منع کردیتے

ان کی تقرری سے پہلے ان کے اموال و جائیداد کی پڑتال کرلیتے تاکہ عہدہ سنبھالنے کے بعد آمدنی میں غیر معمولی زیادتی پر محاسبہ کیا جا سکے پھر اگر وہ کہتا کہ یہ میری تجارت کی وجہ سے ھے تو آپ اسے قبول نہ کرتے اور کہتے کہ میں نے تجھے گورنر بنا کر بھیجا تھا تاجر بنا کر نہیں بھیجا
الصلابی ص520

گورنروں کو حکم دیا کرتے تھے کہ جب کبھی واپس مدینہ منورہ آنا ہو تو شہر میں دن کے وقت داخل ہوں رات کو داخل نہ ہوں آپ کا مقصد یہ تھا کہ وہ جو کچھ بھی مال و اسباب لے کر آئیں وہ سامنے رہے اور اس کے متعلق استفسار و احتساب آسان رہے
صلابی ص 544

عمر رضی اللہ عنہ نے حج کے اجتماع کو جنرل اسمبلی یا کھلی کچہری میں تبدیل کر رکھا تھا اور یہ اعلان کر رکھا تھا کہ جس کسی کو بھی اپنے گورنر سے کوئی شکایت ہے تو وہ حج کے لیے آئے اور سب کے سامنے اپنی شکایت بیان کرے

3⃣2⃣ عمر رضی اللہ عنہ غیر مسلموں کو عھدے دینے سے منع کیا کرتے تھے

ابن ابی حاتم میں صحیح سند کے ساتھ ذکر ہے کہ عمر بن خطاب (رض) سے کہا گیا کہ اہل حیرہ سے ایک نوجوان راز محفوظ رکھنے والا، کاتب ہے، آپ اسے کاتب (سیکرٹری) رکھ لیں۔

تو آپ نے فرمایا :
” پھر تو میں مومنوں کے سوا ” بطانۃ “ (راز دار) بنانے والا ہوں گا۔ “
[ ابن أبی حاتم : ٣؍١٤٧، ح : ٤٠٨٧ ]

ابو موسیٰ اشعری (رض) بیان کرتے ہیں :
” میں نے عمر (رض) سے کہا، میرے پاس ایک نصرانی کاتب ہے۔ “
تو انھوں نے فرمایا :
” اللہ تجھے مارے، یہ تم نے کیا کیا ؟ کیا تم نے اللہ کا یہ فرمان نہیں سنا :
( يٰٓاَيُّھَا الَّذِيْنَ اٰمَنُوْا لَا تَتَّخِذُوا الْيَھُوْدَ وَالنَّصٰرٰٓى اَوْلِيَاۗءَ ۘبَعْضُهُمْ اَوْلِيَاۗءُ بَعْضٍ ۭ )
[ المائدۃ : ٥١ ]
” تم نے کسی مسلمان کو کیوں نہیں رکھا ؟ “

میں نے عرض کی :
” اے امیر المومنین ! مجھے اس کی کتابت سے غرض ہے، اس کا دین اس کے لیے ہے۔ “
عمر (رض) نے فرمایا :
” جب اللہ نے انھیں رسوا کردیا ہے تو میں ان کی تکریم نہیں کرسکتا، جب اللہ نے انھیں ذلیل کیا ہے تو میں انھیں عزت نہیں دے سکتا، جب اللہ نے انھیں دور کردیا ہے، تو میں انھیں قریب نہیں کرسکتا۔ “
[ السنن الکبریٰ للبیہقی : ١٠؍١٢٧، ح : ٢٠٤٠٩ ]

” اس لیے انتظامی امور میں کسی منافق یا غیر مسلم (ذمی) کو متعین کرنا ممنوع ہے۔ کیونکہ اس سے مسلمانوں کے راز فاش ہونے کا خطرہ ہے

4⃣2⃣ عمر رضی اللہ عنہ بستر مرگ پر بھی امر بالمعروف اور نہی عن المنکر کا فریضہ سر انجام دیتے رہے

جب آپ کے پیٹ میں خنجر لگا تو حالت یہ تھی کہ جو کچھ بھی کھاتے اور پیتے تھے وہ سب پیٹ کے راستے باہر نکل جاتا تھا
شدت کی تکلیف تھی
لوگ آپ کی زندگی سے مایوس ہو چکے تھے
اسی حالت میں ایک نوجوان آپ کی عیادت کے لیے آیا تھوڑی دیر بیٹھا پھر واپس جانے کے لیے اٹھا تو آپ نے دیکھا کہ اس کی چادر زمین کو چھو رہی تھی
یہ دیکھ کر آپ نے کہا
رُدُّوا عَلَيَّ الْغُلَامَ
اس جوان کو واپس بلاؤ
پھر اسے کہا
يَا ابْنَ أَخِي ارْفَعْ ثَوْبَكَ فَإِنَّهُ أَبْقَى لِثَوْبِكَ وَأَتْقَى لِرَبِّكَ
اے میرے بھائی کے بیٹے اپنا کپڑا اٹھاؤ اس سے آپ کا کپڑا بھی دیر تک باقی رہے گا اور یہ اللہ رب العزت سے زیادہ ڈرنے والی بات ہے
بخاري

انس رضی اللہ عنہ کہتے ہیں جب عمر رضی اللہ عنہ کو خنجر لگا تو آپ کی بیٹی حفصہ اور صہیب رضی اللہ عنہما نوحہ کرنے لگے آپ نے انہیں منع کرتے ہوئے کہا
يَا حَفْصَةُ أَمَا سَمِعْتِ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ يَقُولُ الْمُعَوَّلُ عَلَيْهِ يُعَذَّبُ وَعَوَّلَ عَلَيْهِ صُهَيْبٌ فَقَالَ عُمَرُ يَا صُهَيْبُ أَمَا عَلِمْتَ أَنَّ الْمُعَوَّلَ عَلَيْهِ يُعَذَّبُ
مسلم
عول کا معنی ہے نوحہ کرنا
جس کی موت پر نوحہ کیا گیا وہ عذاب دیا جائے گا

5⃣2⃣ عمر رضی اللہ عنہ نے لوگوں کی زندگیوں کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے سخت قانون لاگو کرتے ہوئے کہا اگر ایک شخص کے قتل میں پورا قبیلہ شریک ہوا تو پورے قبیلے کو قتل کیا جائے گا

ابن عمر رضی اللہ عنہ کہتے ہیں ایک لڑکا پراسرار طریقے سے قتل ہوا تو عمر رضی اللہ عنہ نے فرمایا
لَوِاشْتَرَكَ فِيهَا أَهْلُ صَنْعَاءَ لَقَتَلْتُهُمْ
اگر اس کے قتل میں صنعاء کے تمام لوگ شامل ہوئے تو میں سب کو قصاصا قتل کردوں گا
بخاری

6⃣2⃣ عمر رضی اللہ عنہ نے لوگوں کو نکاحِ متعہ سے منع کرتے ہوئے سخت سزا مقرر کی

آپ نے کہا
فَلَنْ أُوتَى بِرَجُلٍ نَكَحَ امْرَأَةً إِلَى أَجَلٍ إِلَّا رَجَمْتُهُ بِالْحِجَارَةِ
اگر کوئی ایسا آدمی پکڑا گیا جس نے متعین مدت کے لیے کسی عورت سے نکاح کیا تو میں اسے رجم کروں گا
مسلم

7⃣2⃣ عمر رضی اللہ عنہ کے متعلق علی رضی اللہ عنہ کے تاثرات

ابن عباس رضی اللہ عنہ کہتے ہیں جب عمر رضی اللہ عنہ کی میت کو چارپائی پر رکھا گیا تو میں اس کے پاس کھڑا تھا لوگ آپ کے لیے دعائیں کررہے تھے اچانک ایک شخص نے پیچھے سے میرے کندھے پر ہاتھ رکھا میں نے مڑ کر دیکھا تو وہ علی رضی اللہ عنہ تھے
علی رضی اللہ عنہ نے آپ کے لیے رحمت کی دعا کی اور کہا
مَا خَلَّفْتَ أَحَدًا أَحَبَّ إِلَيَّ أَنْ أَلْقَى اللَّهَ بِمِثْلِ عَمَلِهِ مِنْكَ وَايْمُ اللَّهِ إِنْ كُنْتُ لَأَظُنُّ أَنْ يَجْعَلَكَ اللَّهُ مَعَ صَاحِبَيْكَ وَحَسِبْتُ إِنِّي كُنْتُ كَثِيرًا أَسْمَعُ النَّبِيَّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ يَقُولُ ذَهَبْتُ أَنَا وَأَبُو بَكْرٍ وَعُمَرُ وَدَخَلْتُ أَنَا وَأَبُو بَكْرٍ وَعُمَرُ وَخَرَجْتُ أَنَا وَأَبُو بَكْرٍ وَعُمَرُ

اے عمر آپ کے بعد روئے زمین پر کوئی شخص ایسا نہیں ہے جس کے متعلق مجھے پسند ہو کہ میں اس جیسے اعمال کے ساتھ اللہ سے ملاقات کروں
مجھے یقین ہے کہ اللہ تعالیٰ آپ کو آپ کے دونوں دوستوں کے ساتھ ملائے گا
کیونکہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو اکثر یہ کہتے ہوئے سنا تھا کہ
میں ابوبکر اور عمر گئے
میں ابو بکر اور عمر داخل ہوئے
میں ابوبکر اور عمر نکلے
بخاري 3685

والسلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ

صحابہ کرام میں اشد
فتنوں کے سامنے دروازہ
رعب ایسا کہ شیطان کا راستہ تبدیل
ایک سال مسئلہ نہ پوچھ سکا
عورتیں چھپنے لگیں
انس، سیرین،مکاتبت اور درہ
ابوبکر، بہن کا نوحہ اور درہ

مشوروں سے قرآنی مطابقت
مقام ابراہیم کو جائے نماز
امھات المؤمنين کے پردے
امھات کو نبی کے ناپسندیدہ کاموں سے باز
منافق اور مشرک کا جنازہ
بدر کے قیدیوں کو قتل
ابوھریرہ کو تحدیث سے منع

خلافت اور انصار کی تربیت
جمع القرآن کا مشورہ
گھر میں نماز، دعوت و تربیت
گھر والوں پر زیادہ سختی
حجر اسود سے مخاطب
ایک نعش کے لیے تیرہ قبریں
بیعت رضوان کا درخت کٹوا

شور، أَجَعَلْتُمْ سِقَايَةَ الْحَاجِّ
طائف سے آئے ہوئے دو شخص
الِاسْتِئْذَانُ ثَلَاثٌ
مغیرہ رضی اللہ عنہ
جمعہ میں لیٹ کی سرزنش
زلزلہ اور لوگوں کو نصیحت
گودنے سے منع کرتے ہیں

مارکیٹ میں تربیت
روزانہ گوشت کھانے سے منع
پر تکلف کھانے، عجمی طرز
بلا ضرورت اونچی عمارتیں
غیر مسلموں کو عھدے
اہل حیرہ، سیکرٹری، بطانۃ
ابوموسیٰ، نصرانی ،سیکرٹری

گورنروں کی خوب تربیت
إِنِّي لَمْ أَبْعَثْ عُمَّالِي لِيَضْرِبُوا
یزید بن ابی سفیان
عياض بن غنم رضی اللہ عنہ
إِنَّ أَهَمَّ أَمْرِكُمْ عِنْدِي
گورنروں سے شرائط طے
گورنروں کو تجارت سے منع
شہر میں واپسی دن کے وقت
حج کا اجتماع کھلی کچہری

بستر مرگ اور امر بالمعروف
نوجوان کی شلوار
صہیب اور حفصہ کے بین
علی رضی اللہ عنہ کے تاثرات