جنتیوں کے لئے رضاء الہی

اللہ تعالیٰ نے ارشاد فرمایا: ﴿وَعَدَاللهُ الْمُؤْمِنِينَ وَالْمُؤْمِنَاتِ جَنَّاتٍ تَجْرِيْ مِنْ تَحْتِهَا الْأَنْهَارُ خَالِدِيْنَ فِيْهَا وَمَسَاكِنَ طَيِّبَةً فِي جَنَّاتِ عَدْنٍ وَّرِضْوَانٌ مِّنَ اللهِ أَكْبَرُ ذَلِكَ هُوَ الْفَوْزُ الْعَظِيْمِ) (سوره توبه، آیت:72)
ترجمه: ان ایمان دار مردوں اور عورتوں سے اللہ نے ان جنتوں کا وعدہ فرمایا ہے جن کے نیچے نہریں لہریں لے رہی ہیں جہاں وہ ہمیشہ ہمیش رہنے والے ہیں اور ان صاف ستھرے پاکیزہ محلات کا جوان بیشگی والی جنتوں میں ہیں، اور اللہ کی رضا مندی سب سے بڑی چیز ہے، یہی زبردست کامیابی ہے۔
عَنْ أَبِي سَعِيدٍ الْخُدْرِي رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ أَنَّ النَّبِيَّ ﷺ قَالَ : إِنَّ اللَّهَ يَقُولُ لأَهْلِ الْجَنَّةِ: يَا أَهْلَ الْجَنَّةِ، فَيَقُولُونَ : لَبَّيْكَ رَبَّنَا وَسَعْدَيكَ وَالخَيْرُ في يَدَيْكَ، فَيَقُولُ : هَلْ رَضِيْتُم فَيَقُولُونَ وَمَا لَنَا لَا نَرْضَى يَا رَبِّ وَقَدْ أَعْطَيْتَنَا مَا لَمْ تُعْطِ أَحَدًا مِن خَلْقِكَ فَيَقُولُ: أَلا أُعْطِيْكُم أَفْضَلَ مِنْ ذٰلِكَ فَيَقُولُونَ : يَا رَبِّ، وَأَيُّ شَيْءٍ أَفْضَلُ مِنْ ذٰلِكَ فَيَقُولُ : أَجَل عَلَيْكُمْ رِضْوَانِي فَلَا أَسْخَطُ عَلَيْكُمْ بَعْدَهُ أَبَدًا . (متفق عليه).
(صحیح بخاری: کتاب التوحید، باب كلام الرب مع أهل الجنة، صحيح مسلم: كتاب الجنة وصف نعيمها وأهلها، باب إحلال الرضوان على أهل الجنة فلا يسخط عليهم أبداً)
ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا اللہ تعالی جنتیوں سے فرمائے گا اسے جنتیو! سو وہ کہیں گے اے رب! ہم خدمت میں حاضر ہیں اور سب بھلائی تیرے ہاتھوں میں ہے۔ پروردگار فرمائے گا تم راضی ہوئے ؟ وہ کہیں گے ہم کیسے راضی نہ ہونگے ہم کو تو نے وہ دیا کہ اتنا اپنی مخلوق میں سے کسی کو نہیں دیا۔ پروردگار فرمائے گا کیا میں تم کو اس سے بھی عمدہ کوئی چیز نہ دوں؟ وہ عرض کریں گے اے رب! اس سے عمدہ کون سی چیز ہے؟ پروردگار فرمائے گا میں نے تم پر اپنی رضا مندی اتاری اب میں اس کے بعد تم پر کبھی غصہ نہ ہوں گا۔
تشریح:
اللہ تعالٰی اہل جنت کو بیشمار نعمتوں سے نوازا ہے انہیں نعمتوں میں سے ایک بڑی نعمت رضاء الہی بھی ہے یعنی جب اللہ تعالی جنتیوں کو جنت میں داخل کر دے گا تو ان سے سوال کرے گا کہ تم لوگ مجھ سے راضی ہوئے کہ نہیں، وہ جواب دیں گے اے رب ! تو نے ہم کو وہ چیزیں عطا فرما ئیں جو اپنی مخلوق میں سے کسی کو نہیں دیا۔ پروردگار فرمائے گا کیا میں تم کو اس سے بھی عمدہ چیز نہ دوں؟ وہ کہیں گے اے رب! اس سے عمدہ کون سی چیز ہو سکتی ہے؟ اللہ تعالی فرمائے گا میں تم سے راضی ہو گیا اب میں اس کے بعد تم پر کبھی غصہ نہ ہوں گا۔ اللہ تعالیٰ ہمیں اپنی رضا مندی عطا فرمائے۔
فوائد:
٭ جنت میں جنتیوں کے لئے بیشمار نعمتیں ہیں۔
٭ مومنین اللہ تعالی کی رضا پا کر بڑے خوش ہوں گے۔
٭ اللہ کی رحمت وسیع اور اس کی جزاء بہترین جزاء ہے۔
٭٭٭٭٭