جسم میرا مرضی میرے رب کی

جسم اللہ نے بنایا اور کیا ہی کمال بنایا

اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں
يَا أَيُّهَا الْإِنْسَانُ مَا غَرَّكَ بِرَبِّكَ الْكَرِيمِ
اے انسان! تجھے تیرے نہایت کرم والے رب کے متعلق کس چیز نے دھوکا دیا؟
الإنفطار : 6

الَّذِي خَلَقَكَ فَسَوَّاكَ فَعَدَلَكَ
وہ جس نے تجھے پیدا کیا، پھر تجھے درست کیا، پھر تجھے برابر کیا۔
الإنفطار : 7

فِي أَيِّ صُورَةٍ مَا شَاءَ رَكَّبَكَ
جس صورت میں بھی اس نے چاہا تجھے جوڑ دیا۔
الإنفطار : 8

أی کا لفظ کمال کے لیے بھی آتا ہے اس لحاظ سے معنی ہوگا
فِي أَيِّ صُورَةٍ مَا شَاءَ رَكَّبَكَ
کمال خوبصورتی میں جیسے اس نے چاہا تجھے جوڑ دیا

انسان کو سب سے اچھی بناوٹ میں بنایا

فرمایا
لَقَدْ خَلَقْنَا الْإِنْسَانَ فِي أَحْسَنِ تَقْوِيمٍ
بلاشبہ یقینا ہم نے انسان کو سب سے اچھی بناوٹ میں پیدا کیا ہے۔
التين : 4

سورہ تغابن میں ہے
خَلَقَ السَّمَاوَاتِ وَالْأَرْضَ بِالْحَقِّ وَصَوَّرَكُمْ فَأَحْسَنَ صُوَرَكُمْ وَإِلَيْهِ الْمَصِيرُ
اس نے آسمانوں کو اور زمین کو حق کے ساتھ پیدا کیا اور اس نے تمھاری صورتیں بنائیں تو تمھاری صورتیں اچھی بنائیں اور اسی کی طرف لوٹ کر جانا ہے ۔
التغابن : 3

اس بہترین بناوٹ میں اس کی شکل و صورت کا حسن، اس کی عقل، اس کی فطرت پر پیدائش اور وہ سب کچھ شامل ہے جو کسی حیوان کو حاصل نہیں۔

انسان اور حیوان کے اجزاء ترکیبی میں مماثلت

وہ تمام اجزاء و اشیاء جو ایک انسان کے جسم میں موجود ہیں سبھی کے سبھی اسی رنگ و ساخت میں حیوانات میں بھی موجود ہیں
وہی پانی جو سب کی پیدائش میں بنیادی عنصر ہے
وہی سرخ رنگ کا خون
وہی سفید رنگ کی ہڈیاں
وہی حواس خمسہ
وہی احساسِ بھوک و پیاس
وہی دھوپ و چھاؤں کی تلاش
مگر
فرق صرف احسن تقویم کا ہے
فرق تخلیق، تسویہ، ترکیب اور تعدیل کا ہے
یہی وہ فرق ہے جس نے انسان کو مخدوم اور حیوان کو خادم بنا دیا
تھوڑی سی ترکیب بدلی تو ایک گدھا بن گیا اور دوسرا گدھے کا مالک، انسان بن گیا
اللہ تعالیٰ اگر یہ ترکیبی فرق نہ کرتے اور ہمیں بھی کسی جانور کی شکل میں پیدا کردیتے تو ہم اللہ رب العزت کا کچھ بگاڑ نہیں سکتے تھے

اسی فرق کو اللہ تعالیٰ نے یوں بیان کیا ہے
فرمایا
وَاللَّهُ خَلَقَ كُلَّ دَابَّةٍ مِنْ مَاءٍ فَمِنْهُمْ مَنْ يَمْشِي عَلَى بَطْنِهِ وَمِنْهُمْ مَنْ يَمْشِي عَلَى رِجْلَيْنِ وَمِنْهُمْ مَنْ يَمْشِي عَلَى أَرْبَعٍ يَخْلُقُ اللَّهُ مَا يَشَاءُ إِنَّ اللَّهَ عَلَى كُلِّ شَيْءٍ قَدِيرٌ
اور اللہ نے ہر چلنے والا (جاندار) ایک قسم کے پانی سے پیدا کیا، پھر ان میں سے کوئی وہ ہے جو اپنے پیٹ پر چلتا ہے اور ان میں سے کوئی وہ ہے جو دو پاؤں پر چلتا ہے اور ان میں سے کوئی وہ ہے جو چار پر چلتا ہے، اللہ پیدا کرتا ہے جو چاہتا ہے، یقینا اللہ ہر چیز پر خوب قادر ہے۔
النور : 45

ذرا غور کیجئے جو جانور پیٹ کے بل چلتے ہیں ان کا خالق بھی وہی اللہ تعالیٰ ہے جس نے انسان کو پیدا کیا ہے اگر اللہ تعالیٰ انسان کو پیٹ کے بل چلا دیتے تو کیا بنتا ❓

اور جن جانوروں کی چار ٹانگیں ہیں ان کا خالق بھی وہی اللہ تعالیٰ ہے جس نے انسان کو پیدا کیا ہے اگر اللہ تعالیٰ انسان کی چار، آٹھ یا سولہ ٹانگیں بنا دیتے تو کیسا محسوس ہوتا❓

مگر اے انسان❗ یاد رکھ یہ سب کچھ
صُنْعَ اللَّہ الَّذِي أَتْقَنَ كُلَّ شَيْءٍ إِنَّهُ خَبِيرٌ بِمَا تَفْعَلُونَ
اس اللہ کی کاری گری سے ہے جس نے ہر چیز کو مضبوط بنایا۔ یقینا وہ اس سے خوب باخبر ہے جو تم کرتے ہو۔
النمل : 88

میٹھے اور کھارے پانی کا فارمولا

میٹھے اور کھارے پانی میں صرف ترکیب و تعديل کا فرق ہے ورنہ دونوں کے بنیادی اجزاء ایک ہی ہیں
دونوں ہائیڈروجن اور آکسیجن سے مل کر بنتے ہیں
میٹھے پانی کا فارمولا H2O ہے
اور کھارے پانی کا فارمولا H2O2 ہے

صرف تعديل و ترکیب بدلنے سے ساخت، شناخت اور اہمیت تبدیل ہو گئی

ہیرے اور کوئلے کا فارمولا

ہیرے اور کوئلے میں بھی یہی فرق ہے دونوں کاربن سے بنتے ہیں دونوں کا فارمولا قریب قریب ایک ہے
مگر ترکیب و تعديل میں ہلکے سے تفاوت اور کمی بیشی سے اتنا فرق پڑا کہ ایک انتہائی گراں قدر اور دوسرا بہت ارزاں ٹھہرا
کیا یہ عجیب بات نہیں ہے کہ فارمولا گریفائٹ(کوئلہ) ڈائمنڈ فارمولا (ہیرا) کے طور پر ایک ہی ہے، لیکن معدنیات مکمل طور پر مختلف ہیں؟

انسان اور حیوان کے بنیادی اجزاء کے ایک ہونے کے باوجود دونوں کے درمیان ایک بڑے فرق کی وجہ وہی ترکیب و تعديل ہے جس کا ذکر اللہ تعالیٰ نے کیا ہے
الَّذِي خَلَقَكَ فَسَوَّاكَ فَعَدَلَكَ
وہ جس نے تجھے پیدا کیا، پھر تجھے درست کیا، پھر تجھے برابر کیا۔
الإنفطار : 7
فِي أَيِّ صُورَةٍ مَا شَاءَ رَكَّبَكَ
جس صورت میں بھی اس نے چاہا تجھے جوڑ دیا۔
الإنفطار : 8

اللہ تعالیٰ چاہیں تو انسانی اعضاء کو مفلوج کر سکتے ہیں

فرمایا
قُلْ أَرَأَيْتُمْ إِنْ أَخَذَ اللَّهُ سَمْعَكُمْ وَأَبْصَارَكُمْ وَخَتَمَ عَلَى قُلُوبِكُمْ مَنْ إِلَهٌ غَيْرُ اللَّهِ يَأْتِيكُمْ بِهِ انْظُرْ كَيْفَ نُصَرِّفُ الْآيَاتِ ثُمَّ هُمْ يَصْدِفُونَ
کہہ کیا تم نے دیکھا اگر اللہ تمھاری سماعت اور تمھاری نگاہوں کو لے لے اور تمھارے دلوں پر مہر کر دے تو اللہ کے سوا کون سا معبود ہے جو تمھیں یہ چیزیں لا دے؟ دیکھ ہم کیسے آیات کو پھیر پھیر کر بیان کرتے ہیں، پھر وہ منہ موڑ لیتے ہیں۔
الأنعام : 46

اور فرمایا
وَلَوْ نَشَاءُ لَطَمَسْنَا عَلَى أَعْيُنِهِمْ فَاسْتَبَقُوا الصِّرَاطَ فَأَنَّى يُبْصِرُونَ
اور اگر ہم چاہیں تو یقینا ان کی آنکھیں مٹا دیں، پھر وہ راستے کی طرف بڑھیں تو کیسے دیکھیں گے؟
يس : 66

آنکھ کی پتلی نے جھپکنا چھوڑ دیا

اوناسس ایک یونانی تاجرتھا،
دنیاکی سب سے بڑی جہاز رانی کمپنی کا مالک تھا،
زیتون کا کاروبار کرتاتھا، اسے دنیا کے امیرترین شخص کا اعزاز حاصل تھا۔
اسکوایک عجیب بیماری لگی تھی، جس وجہ سے اسکے اعصاب جواب دے گۓ تھے۔
یہان تک کہ آنکھوں کی پلکیں بھی خود نہیں اٹھاسکتے تھے
ڈاکٹروں نے آنکھیں کھولنے کے لیے پلکوں پر سولیشن لگاکر اوپر چپکادیا تھا
رات کو جب آرم کرتےتوسولیشن اتاردیتے
توپلکیں خودبخود نیچے گرجاتییں، صبح پھر سولیشن لگادیتے، ایک دن ان سے سب سے بڑی خواہش پوچھی گئی تو کہا کہ
”صرف ایک بار اپنی پلکیں خود اٹھاسکوں چاہے
اس پرمیری ساری دولت ہی کیوں نہ خرچ ہوجاۓ“۔
اللّہ اکبر
صرف ایک بارپلکیں خود اٹھانے کی قیمت دنیاکا امیرترین شخص اپنی ساری دولت دیتاہے؟ ہم مفت میں ان گنت بار پلکیں خوداٹھاسکتے ہیں۔
دل ایک خودکارمشین کی طرح بغیرکسی چارجز کے دن میں
ایک لاکھ 3 ہزار (680) مرتبہ دھڑکتاہے، آنکھیں 1 کروڑ 10 لاکھ رنگ دیکھ سکتی ہیں،
زبان،کان، ناک، ہونٹ، دانت، ہاتھ، پاؤں
جگر، معدہ، دماغ، پھیپھڑے، پورے جسم کے اعضاء آٹومیٹک کام کرتے ہیں۔
ایسے کریم رب کی ہر نعمت کا شکر کرنا، اسکو راضی کرنے کی پوری کوشش کرنا،
اوراسکا ہر وقت شکر کرناچاہیے…
اللّہ تعالی مجھے اور آپکو عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے،، آمین

اللہ تعالیٰ چاہیں تو انسانی شکل مسخ کر دیں

فرمایا
وَلَوْ نَشَاءُ لَمَسَخْنَاهُمْ عَلَى مَكَانَتِهِمْ فَمَا اسْتَطَاعُوا مُضِيًّا وَلَا يَرْجِعُونَ
اور اگر ہم چاہیں تو یقینا ان کی جگہ ہی پر ان کی صورتیں بدل دیں، پھر نہ وہ (آگے) چل سکیں اور نہ واپس آئیں۔
يس : 67

کتنے لوگ ہیں جو لقبی کے مرض میں مبتلا ہو جاتے ہیں ان کے چہرے کی شناخت تبدیل ہو جاتی ہے
کتنے لوگ ہیں جو بینائی سے محروم ہو جاتے ہیں
کتنے لوگ ہیں جو پیدائشی طور پر ہی عجیب الخلقت ہوتے ہیں
ایسے ہی بھینگا، نابینا، لنگڑا، ٹنڈا، کالا، ٹھگنا، توتلا، بہرا، گُھونگا، کبڑا سب اسی قبیل سے ہیں اور کامل الأعضاء انسانوں کے لیے سبق دے رہے ہیں کہ ہمارا رب اس بات پر بھی قادر ہے

اس لیے ہروقت اللہ تعالیٰ کی پناہ میں رہیں اور اکڑ کی بجائے عاجزی سے اس کا شکر ادا کرتے رہیں

الْحَمْدُ لِلَّهِ الَّذِي عَافَانِي مِمَّا ابْتَلَاكَ بِهِ، وَفَضَّلَنِي عَلَى كَثِيرٍ مِمَّنْ خَلَقَ تَفْضِيلًا

ایک ملحد کا عجیب واقعہ

صاحبِ کشاف نے ذکر کیا ہے کہ ایک ملحد کے پاس یہ آیت پڑھی گئی

قُلْ أَرَأَيْتُمْ إِنْ أَصْبَحَ مَاؤُكُمْ غَوْرًا فَمَنْ يَأْتِيكُمْ بِمَاءٍ مَعِينٍ
کہہ دے کیا تم نے دیکھا اگر تمھارا پانی گہرا چلا جائے تو کون ہے جو تمھارے پاس بہتا ہوا پانی لائے گا؟
الملك : 30

تو اس نے کہا کہ (اگر وہ پانی گہرا چلا جائے تو) کسیاں اور بیلچے اسے نکال لائیں گے، تو اس کی آنکھوں کا پانی خشک ہوگیا۔ اللہ تعالیٰ ہمیں اپنی اور اپنی آیات کی گستاخی سے اپنی پناہ میں رکھے۔ (آمین)

چکھنے کی حس جواب دے گئی

بالکل اسی طرح ایک بہت بڑے سیٹھ مالدار آدمی کی زبان کی چکھنے کی حس اللہ تعالی نے ختم کر دی اب اس کی زبان کوئی بھی ذائقہ محسوس نہیں کرتی تھی نہ میٹھا نہ پھیکا نہ کڑوا نہ نمکین، وہ جو بھی کھاتا بس کھاتا ہی تھا اسے نہیں معلوم ہوتا تھا کہ میں کیا کھا رہا ہوں اس نے پوری دنیا میں جگہ جگہ علاج کروایا مگر اس کی وہ حس واپس نہ آ سکی

انسانی جسم، بڑھاپا اور انسان کی بے بسی

جو کہتے ہیں میرا جسم میری مرضی، ان کے لیے قابل غور بات یہ ہے کہ چند سال جوانی کے بعد ہر طرح کے اسباب و ذرائع اور وسائل استعمال کرنے کے باوجود جب بڑھاپا آتا ہے تو انسان کا اپنا جسم انسان کے کنٹرول سے باہر ہو جاتا ہے

اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں
وَمَنْ نُعَمِّرْهُ نُنَكِّسْهُ فِي الْخَلْقِ أَفَلَا يَعْقِلُونَ
اور جسے ہم زیادہ عمر دیتے ہیں اسے بناوٹ میں الٹا کر دیتے ہیں، تو کیا یہ نہیں سمجھتے۔
يس : 68

بڑے بڑے پہلوان کہ جن کا پہلوانی میں ایک نام تھا مدمقابل پر لرزہ طاری کر دیا کرتے تھے جب بوڑھے ہوئے تو رعشے کی بیماری نے آن لیا اب ہاتھ اور گردن ایسے کانپ رہی ہے اور ٹانگیں ایسے لڑکھڑا رہی ہیں جیسے کوئی پانچ سات ماہ کا بچہ ہوتا ہے
حتی کہ قضائے حاجت کے لیے بھی دوسروں کا محتاج بنا بیٹھا ہے تو پھر کہاں گیا وہ دعویٰ کہ میرا جسم میری مرضی
گویا بڑھاپے میں مبتلا کر کے اللہ تعالی کہنا چاہتے ہیں اے انسان جسم تیرا، مرضی میری

انسان کی بے بسی، کہ وہ اپنے نفس سے موت کو بھی نہیں ٹال سکتا

اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں
قُلْ فَادْرَءُوا عَنْ أَنْفُسِكُمُ الْمَوْتَ إِنْ كُنْتُمْ صَادِقِينَ
کہہ دے پھر اپنے آپ سے موت کو ہٹا دینا، اگر تم سچے ہو۔
آل عمران : 168

سورہ واقعہ میں ہے
فَلَوْلَا إِذَا بَلَغَتِ الْحُلْقُومَ
پھر کیوں نہیں کہ جب وہ (جان) حلق کو پہنچ جاتی ہے۔
الواقعة : 83
وَأَنْتُمْ حِينَئِذٍ تَنْظُرُونَ
اور تم اس وقت دیکھ رہے ہوتے ہو۔
الواقعة : 84
وَنَحْنُ أَقْرَبُ إِلَيْهِ مِنْكُمْ وَلَكِنْ لَا تُبْصِرُونَ
اور ہم تم سے زیادہ اس کے قریب ہوتے ہیں اور لیکن تم نہیں دیکھتے۔
الواقعة : 85
فَلَوْلَا إِنْ كُنْتُمْ غَيْرَ مَدِينِينَ
سو اگر تم (کسی کے) محکوم نہیں تو کیوں نہیں۔
الواقعة : 86
تَرْجِعُونَهَا إِنْ كُنْتُمْ صَادِقِينَ
تم اسے واپس لے آتے، اگر تم سچے ہو۔
الواقعة : 87

فَلَوْلَا إِنْ كُنْتُمْ غَيْرَ مَدِينِينَ
کا مطلب ہے کہ اگر تمہارے جسم پر تمہاری ہی مرضی ہے اور تم کسی کے محکوم نہیں اور نہ تم سے کوئی محاسبہ کرنے والا ہے اور تم خود ہی ہر طرح صاحب اختیار ہو، تو اگر تم سچے ہو تو نکلنے والی اس جان کو واپس کیوں نہیں لے آتے؟ تمھاری بے بسی سے ثابت ہوا کہ تم سب اللہ تعالیٰ کے مملوک اور اس کے حکم کے پابند ہو، جب وہ لے جانا چاہے گا لے جائے گا اور جب زندہ کر کے محاسبے کے لیے اپنے سامنے کھڑا کرنا چاہے گا کر دے گا۔ اس لیے تمھاری بھلائی اسی میں ہے کہ اپنے جسم کو اپنے رب کی مرضی کے تابع کرو

اسی کیفیت کی منظر کشی ایک دوسرے مقام پر اللہ تعالیٰ نے یوں کی ہے

كَلَّا إِذَا بَلَغَتِ التَّرَاقِيَ
ہرگز نہیں، ( وہ وقت یاد کرو) جب (جان) ہنسلیوں تک پہنچ جائے گی۔
القيامة : 26
وَقِيلَ مَنْ رَاقٍ
اور کہا جائے گا کون ہے دم کرنے والا؟
القيامة : 27
وَظَنَّ أَنَّهُ الْفِرَاقُ
اوروہ یقین کرلے گا کہ یہ جدائی ہے۔
القيامة : 28
وَالْتَفَّتِ السَّاقُ بِالسَّاقِ
اور پنڈلی، پنڈلی کے ساتھ لپٹ جائے گی۔
القيامة : 29
إِلَى رَبِّكَ يَوْمَئِذٍ الْمَسَاقُ
اس دن تیرے رب ہی کی طرف روانگی ہے۔
القيامة : 30

سلیمان بن عبد الملک کا واقعہ

‏نظر سليمان بن عبد الملك بن مروان في المرآة ، فأعجب بنفسه فقال : أنا الملك الشاب ، فما دار عليه الشهر حتى مات
تاريخ الخلفاء للسيوطي [ص٣١٢]

ایک دفعہ خلیفہ سلیمان بن عبد الملک بن مروان رحمہ اللہ نے آئینے میں اپنا چہرہ دیکھا تو اپنے آپ کو بڑا خوبصورت دیکھ کر خوش ہوئے اور کہنے لگے میں تو جوان بادشاہ ہوں
اس کے ٹھیک ایک مہینے بعد فوت ہو گئے

انسانی بے بسی کا ایک اور نمونہ

اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں
وَلَا تَمْشِ فِي الْأَرْضِ مَرَحًا إِنَّكَ لَنْ تَخْرِقَ الْأَرْضَ وَلَنْ تَبْلُغَ الْجِبَالَ طُولًا
اور زمین میں اکڑ کر نہ چل، بے شک تو نہ کبھی زمین کو پھاڑے گا اور نہ کبھی لمبائی میں پہاڑوں تک پہنچے گا۔
الإسراء : 37

انسانی جسم پر انسان کی مرضی اتنی ہے کہ پیاس اور پیشاپ کے ہاتھوں مجبور ہے

سماک بن حرب نے خلیفہ ہارون الرشید سے کہا اگر آپ سے ایک گھونٹ پانی روک لیا جائے تو آپ اس کو کتنی رقم کا خریدیں گے
انہوں نے کہا
بنصف ملكي
اپنی آدھی ملکیت کے بدلے
پھر جب انہوں نے پانی پی لیا تو اس نے پوچھا اب اگر اس پانی کا خروج یعنی پیشاپ روک دیا جائے تو یہ خروج کتنی رقم میں خریدیں گے
انہوں نے کہا
بجميع ملكي
اپنی ساری ملکیت کے بدلے
ابن سماک نے کہا
إن ملكاً قيمته شربة ماء لجدير ألا ينافس فيه .
ایسی ملکیت جس کی قیمت پانی کا صرف ایک گھونٹ ہو وہ اس قابل نہیں ہے کہ اس کو حاصل کرنے کے لیے بہت زیادہ تگ و دو کی جائے

پھر ہارون رونا شروع ہوگئے تو فضل بن ربیع نے ابن سماک کو اشارہ کیا اب تو یہاں سے چلا جا تو وہ چلے گئے

تاريخ الأمم والملوك- للطبري

==== انسانی جسم میں اللہ تعالیٰ کی نشانیاں

فرمایا
وَفِي خَلْقِكُمْ وَمَا يَبُثُّ مِنْ دَابَّةٍ آيَاتٌ لِقَوْمٍ يُوقِنُونَ
اور تمھارے پیدا کرنے میں اور ان جاندار چیزوں میں جنھیں وہ پھیلاتا ہے، ان لوگوں کے لیے بہت سی نشانیاں ہیں جو یقین رکھتے ہیں۔
الجاثية : 4

اور فرمایا
وَفِي أَنْفُسِكُمْ أَفَلَا تُبْصِرُونَ
اور تمھارے نفسوں میں بھی، تو کیا تم نہیں دیکھتے؟
الذاریات 21

دنیا کی کوئی ایک مشین، انجن یا بیٹری ایسی دکھائی جائے جو مسلسل اتنا عرصہ بغیر وقفے سے چلتی رہتی ہو جتنا عرصہ انسانی اعضاء کام کرتے رہتے ہیں
مثال کے طور پر ایک شخص کی عمر سو سال ہے تو مسلسل سو سال تک اس کا دل دھڑکتا ہی رہا اس کی آنکھیں جھپکتی ہی رہیں اس کے پھیپھڑے سکڑتے اور پھیلتے ہی رہے

مفسر کیلانی رحمہ اللہ لکھتے ہیں:

’’انسان کا اپنا وجود اور اس کی مشینری کائنات اصغر ہے اور اس میں جو نشانیاں ہیں وہ کائنات اکبر کی نشانیوں سے کسی طرح کم نہیں۔ انسان کا معدہ ایک چکی کی طرح دن رات کام میں لگا رہتا ہے، جو غذا کو پیس کر ایک ملغوبہ تیار کرنے میں مصروف رہتا ہے۔ جب یہ فارغ ہو جائے تو اور غذا طلب کرتا ہے جسے ہم بھوک کہتے ہیں۔ اس ملغوبہ کی تیاری میں اگر پانی کی کمی ہو تو ہمیں پیاس لگ جاتی ہے اور ہم کھانے پینے پر مجبور ہو جاتے ہیں۔ پھر اس کے اندر چھلنی بھی ہے جس سے چھن کر یہ ملغوبہ جگر میں چلا جاتا ہے، جہاں اچھالنے والی، دفع کرنے والی، صاف کرنے والی، کھینچنے والی مشینیں اور قوتیں کام کر رہی ہیں۔ یہیں دوسری اخلاط بنتی ہیں۔ فالتو پانی کو گردے پیشاب کے راستے خارج کر دیتے ہیں۔ قوت دافعہ فالتو مواد یا فضلہ کو خارج کرنے کا کام کرتی ہے اور جس طرح انسان کھانے پینے پر مجبور ہوتا ہے اسی طرح رفع حاجت پر مجبور ہو جاتا ہے اور اگر روکے تو بیمار پڑ جاتا ہے۔ پھر انسان کے جسم میں اتنی باریک نالیاں ہیں جن کا سوراخ خورد بین کے بغیر نظر ہی نہیں آ سکتا، انھی کے ذریعے انسان کے جسم کے ہر حصے کو خون پہنچتا ہے۔ اس سلسلہ میں انسان کا دل پمپ کا کام کرتا ہے جو ایک منٹ بھی ٹھہر جائے تو موت واقع ہو جاتی ہے۔ پھر انسان کا سانس لینا بھی ایک الگ پورا نظام ہے۔ سب سے زیادہ باریک آنکھ کے طبقے اور جھلیاں ہیں جو ایسی لطافت کے ساتھ بنائی گئی ہیں کہ اگر ذرا سا فتور آ جائے تو بینائی جواب دے جاتی ہے۔ (پھر سننے، سونگھنے، چکھنے، سوچنے، سمجھنے، یاد رکھنے، محسوس کرنے، سونے، جاگنے، بولنے اور دوسرے بے شمار افعال کے نظام ہیں جن میں سے ہر ایک پر غور کیا جائے تو آدمی حیرت کے سمندر میں غرق ہو جاتا ہے) انسان کا جسم ابتدا ہی سے حکیموں اور ڈاکٹروں کی تحقیق کا مرکز بنا ہوا ہے، مگر اس کے بیشتر اسرار آج تک پردۂ راز ہی میں ہیں۔‘‘
[ تیسیر القرآن ،بحوالہ تفسیر القرآن الكريم از استاذ گرامی حافظ عبدالسلام بن محمد حفظہ اللہ ]

انسانی تخلیق کا مقصد

اتنی شاندار، لطیف، عمدہ، عجب اور خوبصورت تخلیق کا کیا یہ مقصد تھا کہ یہ انسان اب بے لگام ہو کر جو چاہے کرتا چلا جائے اور اس حد تک پہنچ جائے کہ انتہائی قبیح دعویٰ میرا جسم میری مرضی کا علمبردار بنا پھرے❗
نہیں ایسا ہرگز نہیں ہے

فرمایا
أَفَحَسِبْتُمْ أَنَّمَا خَلَقْنَاكُمْ عَبَثًا وَأَنَّكُمْ إِلَيْنَا لَا تُرْجَعُونَ
تو کیا تم نے گمان کر لیا کہ ہم نے تمھیں بے مقصد ہی پیدا کیا ہے اور یہ کہ تم ہماری طرف نہیں لوٹائے جاؤ گے؟
المؤمنون : 115

تخلیق انسان کا مقصد بیان کرتے ہوئے فرمایا
وَمَا خَلَقْتُ الْجِنَّ وَالْإِنْسَ إِلَّا لِيَعْبُدُونِ
اور میں نے جنوں اور انسانوں کو پیدا نہیں کیا مگر اس لیے کہ وہ میری عبادت کریں۔
الذاريات : 56

اور فرمایا
الَّذِي خَلَقَ الْمَوْتَ وَالْحَيَاةَ لِيَبْلُوَكُمْ أَيُّكُمْ أَحْسَنُ عَمَلًا وَهُوَ الْعَزِيزُ الْغَفُورُ
وہ جس نے موت اور زندگی کو پیدا کیا، تاکہ تمھیں آزمائے کہ تم میں سے کون عمل میں زیادہ اچھا ہے اور وہی سب پر غالب، بے حد بخشنے والا ہے۔
الملك : 2

اے انسان تو اپنے خالق کا باغی کیسے بن سکتا ہے

فرمایا
كَيْفَ تَكْفُرُونَ بِاللَّهِ وَكُنْتُمْ أَمْوَاتًا فَأَحْيَاكُمْ ثُمَّ يُمِيتُكُمْ ثُمَّ يُحْيِيكُمْ ثُمَّ إِلَيْهِ تُرْجَعُونَ
تم کیسے اللہ کے ساتھ کفر کرتے ہو، حالانکہ تم بے جان تھے تو اس نے تمھیں زندگی بخشی، پھر وہ تمھیں موت دے گا، پھر تمھیں زندہ کرے گا، پھر تم اسی کی طرف لوٹائے جاؤ گے۔
البقرة : 28

سورہ کہف میں ہے
أَكَفَرْتَ بِالَّذِي خَلَقَكَ مِنْ تُرَابٍ ثُمَّ مِنْ نُطْفَةٍ ثُمَّ سَوَّاكَ رَجُلًا
کیا تو نے اس کے ساتھ کفر کیا جس نے تجھے حقیر مٹی سے پیدا کیا، پھر ایک قطرے سے، پھر تجھے ٹھیک ٹھاک ایک آدمی بنا دیا۔
الكهف : 37

جس نے جسم بنایا مرضی اسی کی ہوگی

هُوَ الَّذِي يُصَوِّرُكُمْ فِي الْأَرْحَامِ كَيْفَ يَشَاءُ لَا إِلَهَ إِلَّا هُوَ الْعَزِيزُ الْحَكِيمُ
وہی ہے جو رحموں میں تمھاری صورت بناتا ہے، جس طرح چاہتا ہے، اس کے سوا کوئی معبود نہیں، سب پر غالب، کمال حکمت والا ہے۔
آل عمران : 6

اس آیت کریمہ میں، يُصَوِّرُكُمْ فِي الْأَرْحَامِ اور لَا إِلَهَ إِلَّا هُوَ الْعَزِيزُ الْحَكِيمُ پر غور کیجیے تو خود بخود یہ بات سمجھ آ جائے گی کہ جو صورت گری کرتا ہے وہی معبود ہوتا ہے
یعنی جو پیدا کرتا ہے اسی کی مرضی چلتی ہے

ایک اور جگہ پر اللہ تعالیٰ نے تخلیق اور عبادت کو اکٹھا ذکر کیا ہے
فرمایا
يَا أَيُّهَا النَّاسُ اعْبُدُوا رَبَّكُمُ الَّذِي خَلَقَكُمْ وَالَّذِينَ مِنْ قَبْلِكُمْ لَعَلَّكُمْ تَتَّقُونَ
اے لوگو! اپنے رب کی عبادت کرو جس نے تمھیں پیدا کیا اور ان لوگوں کو بھی جو تم سے پہلے تھے، تاکہ تم بچ جاؤ۔
البقرة : 21

حکمِ الہی کے بعد انسانی مرضی کا عمل دخل نہیں رہتا

فرمایا
وَمَا كَانَ لِمُؤْمِنٍ وَلَا مُؤْمِنَةٍ إِذَا قَضَى اللَّهُ وَرَسُولُهُ أَمْرًا أَنْ يَكُونَ لَهُمُ الْخِيَرَةُ مِنْ أَمْرِهِمْ وَمَنْ يَعْصِ اللَّهَ وَرَسُولَهُ فَقَدْ ضَلَّ ضَلَالًا مُبِينًا
اور کبھی بھی نہ کسی مومن مرد کا حق ہے اور نہ کسی مومن عورت کا کہ جب اللہ اور اس کا رسول کسی معاملے کا فیصلہ کر دیں کہ ان کے لیے ان کے معاملے میں اختیار ہو اور جو کوئی اللہ اور اس کے رسول کی نافرمانی کرے سو یقینا وہ گمراہ ہوگیا، واضح گمراہ ہونا۔
الأحزاب : 36

جسم کے متعلق سوال ہوگا

فرمایا
ثُمَّ لَتُسْأَلُنَّ يَوْمَئِذٍ عَنِ النَّعِيمِ
پھر یقینا تم اس دن نعمتوں کے بارے میں ضرور پوچھے جاؤ گے۔
التكاثر : 8

یعنی صحت و عافیت، کھانے پینے اور دوسری تمام نعمتوں کے بارے میں سوال ہوگا کہ ان کا کہاں تک شکر ادا کیا؟

احادیث سے معلوم ہوتا ہے کہ کوئی چھوٹی سے چھوٹی لذت اور معمولی سے معمولی عافیت ایسی نہیں جس کے بارے میں سوال نہ ہو۔

ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ ایک دن نبی صلی اللہ علیہ وسلم اور ابوبکر و عمر رضی اللہ عنھما بھوک کی وجہ سے گھر سے نکلے اور ایک انصاری کے گھر آئے، اس نے مہمانی میں کھجوریں اور بکری کا گوشت پیش کیا۔ آپ نے گوشت اور کھجوریں کھائیں اور اوپر سے شیریں پانی پیا۔ جب خوب سیر ہوچکے تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا :
[ وَالَّذِيْ نَفْسِيْ بِيَدِهِ! لَتُسْأَلُنَّ عَنْ هٰذَا النَّعِيْمِ يَوْمَ الْقِيَامَةِ ]
[ مسلم، الأشربۃ، باب جواز استتباعہ غیرہ… : ۲۰۳۸ ]
’’اس ذات کی قسم جس کے ہاتھ میں میری جان ہے! تم سے قیامت کے دن اس نعمت کے بارے میں ( بھی) سوال ہوگا۔‘‘

انسانی جسم کے ایک ایک عضو کے متعلق سوال کیا جائے گا

ہمارے جسم پر ہماری نہیں بلکہ اللہ کی مرضی چلنی چاہیے ورنہ ایک ایک عضو کا حساب دینا پڑے گا

فرمایا
وَلَا تَقْفُ مَا لَيْسَ لَكَ بِهِ عِلْمٌ إِنَّ السَّمْعَ وَالْبَصَرَ وَالْفُؤَادَ كُلُّ أُولَئِكَ كَانَ عَنْهُ مَسْئُولًا
اور اس چیز کا پیچھا نہ کر جس کا تجھے کوئی علم نہیں۔ بے شک کان اور آنکھ اور دل، ان میں سے ہر ایک، اس کے متعلق سوال ہوگا۔
الإسراء : 36

حقیر مٹی اور نطفے سے پیدا ہونے والا انسان جھگڑتا ہے

حقیر نطفے کا تذکرہ کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں
أَلَمْ نَخْلُقْكُمْ مِنْ مَاءٍ مَهِينٍ
کیا ہم نے تمھیں ایک حقیر پانی سے پیدا نہیں کیا؟
المرسلات : 20

اور حقیر مٹی کا تذکرہ کرتے ہوئے فرمایا
وَلَقَدْ خَلَقْنَا الْإِنْسَانَ مِنْ سُلَالَةٍ مِنْ طِينٍ
اور بلاشبہ یقینا ہم نے انسان کو حقیر مٹی کے ایک خلاصے سے پیدا کیا۔
المؤمنون : 12

پھر ان دو حقیر چیزوں سے بننے والے انسان کے جھگڑالو ہونے کا تذکرہ کرتے ہوئے فرمایا
خَلَقَ الْإِنْسَانَ مِنْ نُطْفَةٍ فَإِذَا هُوَ خَصِيمٌ مُبِينٌ
اس نے انسان کو ایک قطرے سے پیدا کیا، پھر اچانک وہ کھلم کھلا بہت جھگڑنے والا ہے۔
النحل : 4

اور فرمایا
أَوَلَمْ يَرَ الْإِنْسَانُ أَنَّا خَلَقْنَاهُ مِنْ نُطْفَةٍ فَإِذَا هُوَ خَصِيمٌ مُبِينٌ
اور کیا انسان نے نہیں دیکھا کہ ہم نے اسے ایک قطرے سے پیدا کیا تو اچانک وہ کھلا جھگڑنے والا ہے۔
یس : 77

یہ بھی جگھڑے کی ہی ایک قسم ہے کہ انسان اپنے ہی پیدا کرنے والے کے قوانین کو نہ مانتے ہوئے کہنا شروع کر دے میرا جسم میری مرضی

حسن بصری رحمہ اللہ کا قول

حسن بصری رحمہ اللہ نے فرمایا:
"يا ابن آدم، كيف تتكبر؟ وأنت خرجت من سبيل البول مرتين”
( الزهد للإمام أحمد