جنبی کے احکام
عَن أَبِي سَعِيدِ الخُدرِيِّ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ قَالَ: قَالَ رَسُولُ اللَّهِ : إِذا أَتَى أَحَدُكُم أَهْلَهُ ثُمَّ أَرَادَ أَنْ يَّعُودَ، فَلْيَتَوَضَّا، (أخرجه مسلم)
(صحیح مسلم کتاب الحيض، باب جواز نوم الجنب واستحباب الوضوء له وغسل الفرج إذا ….)
ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ کا ارشاد گرامی ہے کہ جب تم میں سے کوئی اپنی اہلیہ کے پاس جائے (یعنی تعلق زن و شو قائم ہو جائے) پھر دوبارہ لطف اندوز ہونے کا ارادہ ہو تو درمیان میں وضو کر لے۔
وَعَنْ عَبْدِاللَّهِ بْنِ عُمَرَ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُمَا أَنْ عُمَرَ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ سألَ رَسُولَ اللهِ : أَيَرْقَدْ أَحَدُنَا وَهُوَ جُنبٌ؟ قَالَ: نَعَمْ، إِذَا تَوَضَّا أحَدُكُمْ فَلْيَرْقُدْ وَهُوَ جُنَبٌ. (متفق عليه)
(صحیح بخاري كتاب الغسل، باب كينونة الجنب في البيت، صحيح مسلم: کتاب الحيض، باب جواز نوم الجنب واستحباب الوضوء له وغسل الفرج إذا ….)
عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ میں نے رسول اللہ ﷺ سے پوچھا کہ کیا ہم میں سے کوئی بحالت جنابت ہو سکتا ہے؟ آپ ﷺ نے فرمایا: ’’ہاں‘‘ جب تم میں کوئی جنابت کی حالت میں ہو تو وضو کر لے اور سو جائے۔
وَعَن عَلَى رَضِيَ اللَّهُ عَنهُ قَالَ: كَانَ رَسُولُ اللَّهِ لا يُقْرِئْنَا القُرآنَ عَلَى كُلِّ حَالِ مَا لَمْ يَكُن جُنُبًا۔ (أخرجه الترمذي)
(تخريج سنن ترمذى: أبواب الطهارة عن رسول الله، باب ماجاء في الرجل يقرأ القرآن على كل حال مالم يكن جنبا، وقال حديث حسن صحيح، وصححه الألباني في تمام المنة (55)
علی رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں کہ نبی کریم حالت جنابت کے علاوہ ہر حالت میں ہمیں قرآن مجید پڑھا دیا کرتے تھے۔
تشریح:
دین اسلام ادب و احترام کا دین ہے اس لئے آپ دیکھیں گے کہ رسول اللہ م نے شعبہ ہائے زندگی کی تمام زاویے پر روشنی ڈالی ہے اور ازدواجی زندگی کے مسائل کو واضح طور پر بیان کیا ہے اور فرمایا کہ جوشخص اپنی بیوی کے پاس دوبارہ جماع کے لئے آنا چاہے تو اسے نظافت و طہارت اور چستی کے لئے وضو کر لینا چاہئے، اسی طرح آپﷺ نے فرمایا کہ جنبی آدمی بغیر وضو کئے ہوئے نہ سوئے اور بغیر غسل کئے ہوئے قرآن مجید کو بھی نہ پڑھے کیونکہ وہ حدث اکبر کا شکار ہے۔ اللہ تعالی ہمیں ان آداب پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔
فوائد:
٭ جو شخص اپنی بیوی کے پاس دوبارہ ہمبستری کے لئے آنا چاہے تو اس کے لئے وضو کرنا مستحب ہے۔ کیونکہ وضو سے انسان کے اندر نشاط اور چستی پیدا ہوتی ہے۔
٭ جنبی شخص کے لئے سونے سے قبل وضو کرنا مستحب ہے۔
٭ جنبی شخص کے لئے قرآن کا پڑھنا حرام ہے۔
٭٭٭٭