
بلا شبہ وطن عزیز موجودہ حالات میں سیاسی کشمکش، معاشی مسائل کا شکار، سلاب زدہ علاقوں میں وبائی امراض، مہنگائی اور ضروریات زندگی کی قلت جیسے ان گنت بحرانوں سے دوچار ہے۔ جسے ہر صاحب فکر و نظر میڈیا اور سوشل میڈیا پر دیکھتا، سنتا اور مشاہدہ کرتا ہے۔
لیکن یاد رہے! اس وقت معاشرہ سیاسی اور معاشی بحران کا شکار بھی اس لیے ہے کہ ہمارے اندر ایمانی غیرت، اخلاقی حمیت، دینی کردار، اسلامی روایات اور تشخص پر فخر اور اسلام پر مر مٹنے کا جذبہ نہیں رہا، بلکہ ہمیں دنیا سے شدید محبت، حرص ولالچ ، آخرت کی بجائے دنیا داری محبوب بن گئی ہے ، ہماری اپنی سگی اولادیں دین سے دور، مسلم نوجوان دین سے منحرف ہو رہے ہیں، جب کہ مجموعی طور پر مسلم معاشرے پر مادہ پرستی اور مغرب کی الحادی تہذیب کے اصول اورکلچر غالب آچکا ہے