مشکلات و مصائب میں صرف اللہ تعالیٰ کی طرف رجوع کرنے کا حکم

529۔ سیدنا عبداللہ بن عباس رضی اللہ تعالی عنہ بیان کرتے ہیں کہ سیدنا ابراہیم علیہ السلام کو جب آگ میں ڈالا گیا تو انھوں نے کہا:

﴿حَسْبُنَا اللهُ وَنِعْمَ الْوَكِيلُ﴾(أخرجه البخاري: 4563)

’’ہمیں اللہ کافی ہے اور وہ بہت اچھا کارساز ہے۔‘‘

اور رسول اللہ ﷺنے یہ کلمہ اس وقت کہا جب منافقین نے افواہ پھیلائی:

﴿ اِنَّ النَّاسَ قَدْ جَمَعُوْا لَكُمْ فَاخْشَوْهُمْ فَزَادَهُمْ اِیْمَانًا ۖۗ وَّ قَالُوْا حَسْبُنَا اللّٰهُ وَ نِعْمَ الْوَكِیْلُ۝۱۷۳﴾  (آل عمران (173:3)

’’لوگوں نے آپ سے لڑنے کے لیے بہت بڑا لشکر تیا ر تیار کر رکھا ہے، لہذا ان سے ڈرو۔ یہ خبر سن کر یہ خبر سن کر صحابہ کرام  رضی اللہ تعالی عنہ کا ایمان بڑھ گیا اور انھوں نے بھی یہی کہا۔ ہمیں اللہ کافی ہے اور وہ بہت اچھا کارساز ہے۔‘‘

530۔ سیدہ اسماء بنت عمیس رضی اللہ تعالی عنہا بیان کرتی ہیں کہ اللہ کے رسول ﷺ نے پریشانی کے موقع پر پڑھنے کے لیے مجھے یہ الفاظ سکھائے:  ((اللهُ اللهُ رَبِّي لَا أُشْرِكُ بِهِ شَيْئًا)) . (أَخْرَجَهُ ابن ماجه:3882)

’’اللہ، صرف اللہ میرا رب ہے، میں اس کے ساتھ کسی کو شریک نہیں کرتی۔“

531۔  سیدہ عائشہ رضی اللہ تعالی عنہا کہتی ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کہ جب تم میں سے کسی کو کوئی غم یا کسی قسم کی مفلسی اور تنگ دستی لاحق ہو تو وہ یہ کلمات پڑھے:

((اللهُ اللهُ رَبِّي، لَا أُشْرِكْ بِهِ شَيْئًا)) (أَخْرَجَهُ الطبراني في الأوسط:5290)

’’اللہ، اللہ ہی میرا رب ہے، میں اس کے ساتھ کسی کو شریک نہیں ٹھہراتا۔‘‘

532۔سیدنا ابن عباس رضی اللہ تعالی عنہ بیان کرتے ہیں کہ نبی اکرم  ﷺ پریشانی اور مصیبت کے وقت یہ دعاپڑھتے تھے: ((لَا إِلٰهَ  إِلَّا اللهُ الْعَظِيمُ الْحَلِيمُ، لَا إِلٰهَ  إِلَّا اللهُ رَبُّ السَّمَوَاتِ وَالْأَرْضِ وَرَبُّ الْعَرْشِ الْعَظِيمِ)) (أَخْرَجَهُ البُخَارِي:  6345، 6346، وَمُسْلِمٌ: 2730)

’’اللہ کے سوا کوئی معبود برحق نہیں جو بہت عظمت والا اور بردبار ہے۔ اللہ کے سوا کوئی معبود برحق نہیں، زمین و آسمان اور عرش عظیم کا رب ہے۔‘‘