نماز کے لئے انتظار کرنے کی فضیلت
عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ رَضِيَ اللهُ عَنْهُ أَنَّ رَسُولَ اللَّهِ ﷺ قَالَ: لَا يَزَالُ أَحَدُكُمْ فِي صَلَاةٍ مَادَامَتِ الصَّلَاةُ تَحْبِسُهُ، لَا يَمْنَعُهُ أَنْ يَنقَلِبَ إِلَى أَهْلِهِ إِلَّا الصَّلَاةَ. (متفق عليه) .
(صحیح بخاري: كتاب الأذان، باب من جلس في المسجد ينتظر الصلاة، وفضل المساجد، وصحيح مسلم كتاب المساجد جاب فضل الصلاة المكتوبة في جماعة وفضل انتظار الصلاة.)
ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا : آدمی ہمیشہ نماز ہی میں رہتا ہے جب تک نماز اس کو روکے رکھے، اس کو اپنے گھر والوں کی طرف لوٹنے میں نماز کے سوا کوئی چیز روکنے والی نہ ہو۔
وَعَنْ أَنَسٍ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ قَالَ أَخْرَ النَّبِيُّ اللهِ صَلاةَ العِشَاءِ إِلَى نِصْفِ اللَّيْلِ ثُمَّ صَلَّى، ثُمَّ قَالَ : قَدْ صَلَّى النَّاسُ وَنَامُوا، أَمَا إِنَّكُمْ فِي صَلَاةٍ مَا انْتَظَرَتُمُوْهَا، (رواه البخاري).
(صحیح بخاری: کتاب الصلاة، باب وقت العشاء إلى نصف الليل.)
انس رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ آپ ﷺ نے عشاء کی نماز آدمی رات تک مؤخر کردی، پھر نماز پڑھائی اور فرمایا: (دوسرے) لوگ تو نماز پڑھ کر سو گئے اور تم جب سے نماز کا انتظار کر رہے ہو، بر ابر نماز کی حالت میں ہو۔
وَعَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ رَضِيَ الله عَنْهُ أَنَّ رَسُوْلَ الله ﷺ قَالَ: إِنَّ المَلائِكَة تُصَلِّى عَلٰى أحَدِكُمْ مَا دَامَ فِي مُصَلاهُ، مَا لَمْ يُحْدِثُ اللَّهُمَّ اغْفِرْ لَهُ اللَّهُمُ ارْحَمْهُ (رواه البخاري)
(صحيح بخاري كتاب الأذان، باب من جلس في المسجد ينتظر الصلاة وكتاب المساجد، باب فضل المساجد)
ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: فرشتے اس آدمی کے حق میں دعا کرتے رہتے ہیں جب تک آدمی اس جگہ پر بیٹھا ر ہے جہاں اس نے نماز پڑھی ہے، جب تک وہ بے وضو نہ ہو جائے، فرشتے کہتے ہیں، اے اللہ ! اس کو بخش دے، اے اللہ! اس پر رحم فرما۔
تشریح:
نبی اکرم ﷺ نے مسلمانوں کو ایک نماز پڑھنے کے بعد دوسری نماز کے لئے مسجد میں بیٹھ کر انتظار کرنے کی ترغیب دی ہے اور اس پر بے شمار اجر وثواب متعین فرمایا ہے بشرطیکہ وہ باوضو ہوں، فرشتے ایسے افراد کے لئے رحمت و مغفرت کی دعائیں کرتے رہتے ہیں اور اللہ تعالی قیامت کے دن ایسے بندوں کو اپنے عرش کے نیچے جگہ عطا فرمائے گا، نیز جب تک وہ مسجد میں رہیں گے انہیں نماز کا ثواب عطا کیا جائے گا۔ اللہ تعالی ہمارے اندر یہ صفت پیدا فرمائے۔
فوائد:
٭ مسجد میں دوسری نماز کے انتظار میں بیٹھنے کی بڑی اہمیت و فضیلت ہے۔
٭ مسجد میں بیٹھنے والوں کے لئے فرشتے رحمت و مغفرت کی دعائیں کرتے ہیں۔
٭٭٭٭