قرآن حکیم سیکھنے کی فضیلت

ارشاد ربانی ہے: ﴿بَلْ هُوَ آيَاتٌ بَیِّنَاتٌ فِي صُدُوْرِ الَّذِيْنَ أُوْتُوا الْعِلْمَ) (سورہ عنكبوت، آيت 49)
ترجمہ: بلکہ یہ (قرآن) تو روشن آیتیں ہیں جو اہل علم کے سینوں میں محفوظ ہیں۔
عَنْ عَائِشَةَ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهَا قَالَتْ: قَالَ رَسُولُ اللَّهِ ﷺ : الماهر بالقُرآنِ مَعَ السَّفَرَةِ الكِرام البررةِ، وَالَّذِي يَقْرَأُ القُرْآنَ وَيَعْمَعُ فِيهِ وَهُوَ عَلَيْهِ شَاقٌ لَهُ أَجْرَانِ (اخرجه مسلم)
(التخريج صحیح مسلم: کتاب فضائل القرآن وما يتعلق، ماهر في القرآن والذي يتتعتع فيه)
عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جو شخص (صحت کے ساتھ) قرآن کریم پڑھنے میں ماہر ہے تو وہ (قیامت والے دن) بزرگ، نیکوکار فرشتوں کے ساتھ ہوگا اور جو قرآن اٹک اٹک کر پڑھتا ہے اور اس کے پڑھنے میں اسے مشقت ہوتی ہے، اس کے لئے دگنا اجر ہے۔
عَن عُمر بن الخَطَّابِ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ أَنَّ النَّبِيِّ ﷺ قَالَ: إِنَّ اللَّهَ يَرْفَعُ بِهَذَا الكِتَابِ أَقْوَامًا وَيَضَعُ بِهِ آخَرِينَ (اخرجه مسلم).
(صحیح مسلم: كتاب فضائل القرآن، وما يتعلق به، باب فضل من يقوم بالقرآن و يعلمه و فضل من تعال حكمة من…)
عمر بن خطاب رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم ﷺ نے فرمایا: اللہ تعالی اس کتاب (قرآن مجید) کی وجہ سے بہت سے لوگوں کو سرفراز فرمائے گا اور اس کی وجہ سے دوسروں کو ذلیل کر دے گا۔
عَنْ عُثْمَانَ بنِ عَفَّانَ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ عَنِ النَّبِيِّ ﷺ قَالَ: خَيْرُكُم مَنْ تَعَلَّمَ الْقُرْآنَ وَعَلَّمَهُ (أخرجه البخاري).
:صحیح بخاری: کتاب فضائل القرآن، باب خيركم من تعلم القرآن وعلمه)
عثمان بن عفان رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا تم میں سب سے بہتر وہ شخص ہے جو قرآن سیکھے اور سکھلائے۔
تشریح:
قرآن مجید ایک آفاقی کتاب ہے اس کا پڑھنا اور سیکھنا سکھانا اور اسے حفظ کرنا ایک ایسا عمل ہے جو اللہ تعالی کو کافی پسند ہے اور اس کا ثواب جنت ہے۔ چنانچہ رسول اکرم ﷺ نے فرمایا جو شخص قرآن مجید کو مہارت کے ساتھ پڑھتا ہے اسے اللہ تعالی قیامت کے دن بزرگ و برتر فرشتوں کے ساتھ اٹھائے گا اور جو اٹک اٹک کر پریشانی کے ساتھ پڑھتا ہے اسے اللہ تعالیٰ دہرا اجر عطا فرمائے گا۔ نیز آپ ﷺ نے فرمایا کہ تم میں سب سے بہتر وہ شخص ہے جو قرآن سیکھے اور سکھلائے ۔ اللہ تعالی ہمیں قرآن حکیم سیکھنے اور سکھلانے کی توفیق عطا فرمائے۔
فوائد:
٭ قرآن حکیم تجوید کے ساتھ پڑھنے کی کافی اہمیت ہے۔
٭ قرآن حکیم ایک ایک کر پڑھنے والے کے لئے دو گنا ثواب ہے۔
٭ قرآن مجید کے ماہرین جنت میں اللہ تعالی کے مقربین فرشتوں کے ساتھ ہوں گے۔
قرآن حکیم کی تعلیم کا حصول دنیا و آخرت میں بلند کی درجات کا سبب ہے۔
٭٭٭٭