شادی کی فضیلت

ارشاد ربانی ہے: ﴿ فَانْكِحُوْا مَا طَابَ لَكُمْ مِّنَ النِّسَاءِ مَثْنٰى وَثُلَاثَ وَ رُباَعَ﴾ (سورة النساء، آیت: 3)۔
ترجمہ: عورتوں میں سے جو بھی تمہیں اچھی لگیں تم ان سے نکاح کر لو، دو دو، تین تین، چار چار سے۔
عَنْ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ مَسْعُودٍ رَضِيَ اللهِ عَنْهُ قَالَ : قَالَ رَسُولُ اللَّهِ : يَا مَعْشَرَ الشَّبَابِ مَنِ اسْتَطَاعَ مِنْكُمَ البَاءَةَ فَلْيَتَزَوْجُ فَإِنَّهُ أَغُضُّ لِلْبَصَرِ وَأَحْصَنُ لِلْفَرْجِ، وَمَنْ لَمْ يَسْتَطِعْ فَعَلَيْهِ بِالصَّوْمِ، فَإِنَّهُ لَهُ وِجَاءٌ. (متفق عليه).
(صحیح بخاری: کتاب الصوم، باب الصوم لمن خاف على نفسه العزبة، صحيح مسلم كتاب النكاح
باب استحباب النكاح لمن تاقت نفسه إليه ووجد مؤنة والاشتغال)
عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول کریم ﷺ نے فرمایا: اے نوجوانو! تم میں جو بھی شادی کی طاقت رکھتا ہو اسے نکاح کر لینا چاہئے کیونکہ اس سے نگاہ پست ہو جاتی ہے اور شرمگاہ کی حفاظت ہوتی ہے اور جو طاقت نہ رکھتا ہوا سے روزہ رکھنا چاہئے کیونکہ یہ خواہش نفسانی کو توڑ دے گا۔
عَنْ عَبدِ اللهِ بن عَمْرٍ وَ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُمَا أَنَّ رَسُولَ اللَّهِ ﷺ قَالَ : الدُّنْيَا مَتَاعٌ وَخَيْرُ مَتَاعِ الدُّنْيا الْمَرْأَةُ الصَّالِحَة ُ) (أخرجه مسلم).
(صحيح مسلم كتاب الرضاع، باب خير متاع الدنيا المرأة الصالحة.)
عبد اللہ بن عمرو رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا دنیا ایک سامان ہے اور دنیا میں سب بہتر سامان نیک بیوی ہے۔
تشریح:
لڑکا جب جوان ہوتا ہے تو شادی کے بارے میں سوچتا ہے کیونکہ فطری طور پر اس کے اندر جنسی خواہش رکھی گئی ہے جو اسے شادی پر ابھارتی ہے۔ باہمی رشتوں سے ایک صالح معاشرہ کی تکمیل ہوتی ہے، بے حیائی، بدکاری اور زنا جیسی برائیوں پر قدغن لگتی اور نسل کی بقاء کا سبب ہے۔ اس لئے رسول اکرم ﷺ نے قول و عملا اس سنت پر عمل کرنے کا حکم دیا ہے اور اولیاء امور کو وقت پر اپنی اولاد کی شادی کرنے کی ترغیب دی ہے اور اس پر تاخیر کرنے سے منع فرمایا ہے۔ اللہ تعالی ہمیں اپنی اولاد کی وقت پر شادی کرنے کی توفیق دے۔ اور دنیا دی رسم و رواج (جو اسلام کی شبیہ خراب کر رہے ہیں) سے محفوظ رکھے۔
فوائد:
٭ رسول اللہ ﷺ نے شادی پر ابھارا ہے۔
٭ یقینًا دنیا کی بہترین چیز نیک بیوی ہے۔
٭ شادی کرنا برائیوں سے بچنے کا سبب ہے۔
٭ شادی کی استطاعت نہ ہونے کی صورت میں روزہ رکھنا مشروع ہے۔
٭٭٭٭