سورہ بقرہ و سورۂ آل عمران کی فضیلت

عَنْ أَبِيْ هُرَيْرَةَ رَضِيَ الله عَنْهُ أَنَّ رَسُوْلُ الله ﷺ قَالَ: لَا تَجْعَلُوْا بُيُوْتَكُمْ مَقَابِرَ، إِنَّ الشَّيْطَانَ يَنْفُرُ مِنَ الْبَيْتِ الَّذِيْ تُقْرَأُ فِيْهِ سوْرَةُ البقرة. (اخرجه مسلم).
(صحيح مسلم كتاب صلاة المسافرين وقصرهان باب استحباب صلاة النافلة في بيته و جوازها في المسجد)
ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: تم اپنے گھروں کو قبرستان مت بناؤ، بیشک شیطان اس گھر سے بھاگ جاتا ہے جس میں سورہ بقره پڑھی جاتی ہے۔
عَنْ أَبِيْ أُمَامَةَ الْبَاهِلِي رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ قَالَ : سَمِعْتُ رَسُولَ اللَّهِ يَقُوْلُ: إِقْرَؤُوْا الْقُرْآنَ فَإِنَّهُ يَأْتِي يَوْمَ الْقِيَامَة شَفِيْعًا لِأَصْحَابِهِ، اقْرَؤُوا الزَّهْرَاوَيْنِ البَقَرَةَ وَسُوْرَةَ آلِ عِمْرَانَ فَإِنَّهُمَا يَأْتِيَانَ يَوْمَ الْقِيَامَة كَأَنَّهُمَا غَمَامَتَانِ أَوْ كَأَنَّهُمَا غَيَايَتَانِ أَوْ كَأَنَّهُمَا فِرقَانَ مِنْ طِيرٍ صَوَافٍّ تُحَاجَّانِ عَن أَصْحَابِهِمَا، اقْرَؤُوا سورة البقرة فإن أخذَهَا بَرَكَةً وَتَرَكَهَا حَسْرَةً وَلَا يستطيعها البطلة (أخرجه مسلم).
(صحیح مسلم: كتاب صلاة المسافرين و قصرها، باب فضل قراءة القرآن وسورة البقرة)
ابوامامہ باہلی رضی اللہ عنہ نے کہا کہ میں نے رسول اللہ ﷺ سے سنا آپ فرماتے تھے قرآن پڑھو اس لئے کہ وہ قیامت کے دن اپنے پڑھنے والوں کا سفارشی ہو کر آئے گا اور دو سر سبز و شاداب سورتوں یعنی سورہ بقرہ اور سورہ آل عمران کو پڑھتے رہو، اس لئے کہ وہ میدان قیامت میں اپنے پڑھنے والوں کی طرف حجت کرتی ہوئی آئیں گی گویا کہ وہ دو بادل ہیں یا دو سائبان یا دو کڑیاں اڑتے چڑیوں کی۔ اور سورۂ بقرہ پڑھتے رہنا کیونکہ اس کا پڑھنا برکت ہے اور چھوڑنا حسرت اور جادو گر لوگ اس کا مقابلہ نہیں کر سکتے۔
عَنْ أَبِي مَسْعُودٍ رَضِيَ اللهُ عَنْهُ قَالَ: قَالَ النَّبِيُّ : مَنْ قَرَأ بِالْآيَتَيْنِ مِنْ آخر سورة البقرة في لَيَلَةٍ كَفَتَاهُ. (أخرجه البخاري)
(صحیح بخاری: کتاب فضائل القرآن باب فضل سورة البقرة.)
عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم ﷺ نے فرمایا: جس نے رات کو سورۂ بقرہ کی آخری دو آیتیں پڑھیں، وہ اس کو کافی ہو جائیں گی۔
تشریح:
سوره بقره وسورة آل عمران قرآن مجید کی عظیم سورتوں میں سے ہیں انہیں دو سر سبز شاداب سورتوں کا نام دیا گیا ہے جن کے پڑھنے کی رسول اللہ ﷺ نے ترغیب دی اور فرمایا کہ جو لوگ اسے پڑھتے ہیں وہ اپنے پڑھنے والے کے لئے قیامت کے دن بادل کی شکل میں آئیں گی اور ان کے لئے سفارش کریں گی اور خاص کر سورہ بقرہ کی آخری دو آیتیں اپنے پڑھنے والے کے لئے کافی ہوں گی۔ نیز گھروں میں سورہ بقرہ کی تلاوت کرنے سے شیطان بھاگ جاتا ہے۔ اللہ تعالی ہمیں ان سورتوں کی اہمیت کو سمجھنے کی توفیق عطا فرمائے۔
فوائد:
٭ سورة بقره وسورہ آل عمران کی فضیلت بہت ہے۔
٭ یہ دونوں سورتیں قیامت کے دن اپنے پڑھنے والے کے لئے سفارش کریں گی۔
٭ سورۂ بقرہ کی تلاوت سے شیطان گھروں سے بھاگ جاتا ہے۔
٭ سورہ بقرہ کی آخری دو آیتوں کی فضیات کافی ہے۔
٭٭٭٭