ذبح کے شروط و آداب

اللہ تعالیٰ نے ارشاد فرمایا: ﴿وَلَا تَأْكُلُوْا مِمَّا لَمْ يُذْكَرِ اسْمُ اللهِ عَلَيْهِ﴾ (سورة الانعام آیت:121)
ترجمہ: اور ایسے جانوروں میں سے مت کھاؤ جن پر اللہ کا نام نہ لیا گیا ہو۔
عَنْ رَافِعِ بْنِ خُدَیْجٍ رضى اللَّهُ عَنْهُ قَالَ : قَالَ رَسُولُ اللَّهِ ﷺ مَا أنهر الدم وَذُكِرَ اسْمُ اللهِ عَلَيْهِ فَكُلِّ، ليس السن والظفر، (متفق عليه).
(صحیح بخاری کتاب الذبائح والصيد، باب ما ند من البهائم فهو بمنزلة الوحش، صحيح مسلم: كتاب الأضاحي باب جواز الذبح بكل ما أنهر الدم إلا السن والظفر وسائر…)
رافع بن خدیج رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کہ جو چیز بھی خون بہارے اور ذبح کرتے وقت جانور پر اللہ کا نام لیا گیا ہو تو اسے کھاؤ البتہ (ذبح کرنے والا آلہ) دانت اور ناخن نہ ہونا چاہئے۔ (دانت اس لئے نہیں کہ یہ ہڈی ہے) اور ہڈی سے ذبح کرنا جائز نہیں ہے۔
عَنْ شِدَادِ بْنِ أَوْسٍ رَضِيَ اللهُ عَنْهُمَا قَالَ : ثَنَتَانِ حَفِظُهُمَا عَنْ رَسُولِ اللهِ ﷺ قَالَ: إِنَّ اللهَ قَدْ كَتبَ الإِحْسَانَ عَلَى كُلِّ شَيْءٍ، فَإِذَا قَتَلْتُمُ فأحسنوا القتلة وإذا ذَبَحْتُمْ فَأَحْسِنُوا الذَّبْحَ، وَلَيُجِدُ أَحَدُكُمْ شَفْرَتَهُ فَلْيُرِحْ ذَبِيْحَتَهُ (اخرجه مسلم)
(صحيح مسلم: كتاب الصيد والذبائح، باب الأمر بإحسان الذبح والقتل وتحديد الشفرة.)
شداد بن اوس رضی اللہ عنہما سے مروی ہے کہ میں نے رسول اللہ ﷺ سے دو باتیں یاد رکھیں آپ ﷺ نے فرمایا اللہ تعالی نے ہر کام میں اچھائی فرض کی ہے جب تم قتل کرو تو اچھی طرح سے قتل کرو اور جب تم ذبح کرو تو اچھی طرح سے ذبح کرو اور جب تم میں سے کوئی ذبح کرنا چاہے تو وہ چھری کو تیز کرلے اور اپنے جانور کو آرام دے (اور مستحب ہے کہ چھری جانور کے سامنے تیز نہ کرے اور نہ ایک جانور کو دوسرے جانور کے سامنے ذبح کرے اور نہ ذبح کرنے کے لئے کھینچ کر لے جائے)۔
تشریح:
رسول اکرم ﷺ نے قربانی کے جانور کو ذبح کرنے کے لئے کچھ آداب سکھلائے ہیں انہیں آداب میں سے چند یہ ہیں کہ ذبح کرنے سے قبل بسم اللہ پڑھی جائے اور تیز دھار آلہ سے ذبح کیا جائے تاکہ انہیں تکلیف نہ ہونے پائے۔ نیز جانوروں کے سامنے ذبح کرنے اور چھری تیز کرنے سے منع کیا گیا ہے اور دانت، ناخن اور ہڈی سے بھی ذبح کرنے سے روکا گیا ہے۔
لہذا مسلمانوں کو چاہئے کہ وہ ان امور کی معرفت حاصل کریں تا کہ وہ اسلامی طریقے سے قربانی کے جانور کو ذبح کر سکیں۔ اللہ تعالی ہمیں قربانی کے احکامات کو سیکھنے اور ان پر عمل پیرا ہونے کی توفیق بخشے۔
فوائد:
٭ قربانی کے جانور کو ذبح کرنے سے قبل بسم اللہ پڑھنا ضروری ہے۔
٭ ذبح کے وقت خون کا نکلنا شرط ہے۔
٭ تیز دھار آلہ سے ذبح کرنا مستحسن ہے۔
٭ ہڈی اور دانت سے ذبح کرنا ممنوع ہے۔
٭٭٭٭