تیراندازی سیکھنے کا حکم
عَنْ يَزِيْدِ بْنِ عُبَيْدٍ قَالَ سَمِعْتُ سَلَمَةَ بْنِ الْأَكْوَعِ رَضِيَ اللهُ عَنْهُ قَالَ : مَرَّ النَّبِيُّ ﷺ عَلَى نَفَرٍ مَنْ أَسْلَمَ يَنتَضِلُونَ فَقَالَ: ارْمُوا بَنِي إِسْمَاعِيلَ فَإِنْ أَبَاكُمْ كَانَ رَامِياً . (أخرجه البخاري)
(صحيح بخاري كتاب الجهاد والسير، باب التحريض على الرمي)
یزید بن عبید سے مروی کہ میں نے سلمہ بن اکوع رضی اللہ عنہ کو فرماتے ہوئے سنا کہ نبی کریم ﷺ کا مسلمانوں کی ایک جماعت سے گزر ہوا جو تیر اندازی کی مشق کر رہے تھے۔ آپ ﷺ نے فرمایا اسماعیل علیہ السلام کے بیٹو! تیراندازی کرو کہ تمہارے بزرگ دادا اسماعیل علیہ السلام بھی تیرانداز تھے۔
وَعَنْ عُقْبَةَ بْنِ عَامِرٍ رَضِيَ اللهُ عَنْهُ قَالَ : سَمِعْتُ رَسُولَ اللَّهِ وَهُوَ عَلَى الْمِنْبَرِ يَقُولُ : وَأَعِدُّوا لَهُمُ مَّا اسْتَطَعْتُمْ مِنْ قُوَّةٍ، أَلا إِنَّ القُوَّةَ الرَّمَى، اَلَا إنَّ القَوَّةَ الرَّمَى، أَلا إِنَّ القُوَّةَ الرَّمى (اخرجه مسلم)
(صحيح مسلم: كتاب الإمارة، باب فضل الرمي والحث عليه وذم من علمه ثم نسيه.)
عقبہ بن عامر رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ میں نے رسول اللہ ﷺ کو منبر پر فرماتے ہوئے سنا آپ کہہ رہے تھے اپنی قوت کے مطابق اپنے آپ کو دشمنوں کے لئے تیار رکھو، قوت سے مراد تیر اندازی ہے، قوت سے مراد تیراندازی ہے قوت سے مراد تیراندازی ہے۔
وَعَنْ عُقْبَةَ بْنِ عَامِرٍ رَضِيَ اللهُ عَنْهُ قَالَ : قَالَ رَسُولُ اللَّهِ ﷺ : مَنْ عَلِمِ الرَّمَى ثُمَّ تَرَكَهُ فَلَيسَ مِنَّا أَوْ قَدْ عَصَى (أخرجه مسلم).
(صحيح مسلم: كتاب الإمارة، باب فضل الرمي والحث عليه وذم من علمه ثم نسيه)
عقبہ بن عامر رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ آپ ﷺ نے فرمایا: جس نے تیر اندازی سیکھی اور اس کو چھوڑ دیا تو وہ ہم سے نہیں ہے یا آپ ﷺ نے فرمایا اس نے نافرمانی کی۔
تشریح:
رسول اکرم نے نے ہمیں تیر اندازی سیکھنے کی ترغیب دی ہے۔ موجودہ دور میں ہر طرح کے اسلحے اس ضمن میں آئیں گے جس سے اسلام کو بچایا جا سکتا ہے اس لئے اہل ایمان کو چاہئے کہ وہ اپنے بچوں کو اپنے دفاع، اسلام کے دفاع اور جہاد کے لئے ان تمام اسلحہ کے استعمال کرنے کی ٹریننگ کرائیں تاکہ انہیں کوئی نقصان پہنچانا چاہے تو وہ اس کا دفاع کر سکیں۔ اللہ تعالی ہمیں اپنی حفاظت کے وسائل کو سیکھنے کی توفیق عطا فرمائے۔
فوائد:
٭ امت کے لئے تیراندازی کا سیکھنا ضروری ہے۔
٭ تیر اندازی کے ضمن میں موجودہ دور کے سارے اسلحے شامل ہیں۔
٭ تیراندازی سیکھنے کے بعد اسے ترک کرنا سخت جرم ہے۔
٭٭٭٭