شرک سب سے بڑا گناہ ہے
119۔ سیدنا عبد اللہ بن مسعود رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے، انھوں نے کہا کہ میں نے عرض کی: اللہ کے
رسول! کون سا گناہ سب سے بڑا ہے؟ آپﷺ نے فرمایا: ((أن تَجْعَلَ لِلهِ نِدًّا، وَهُوَ خَلَقَكَ )) (أَخْرَجَهُ الْبُخَارِيُّ:4477، 4761، 6001، 6861، 7520، 7532، ومسلم:86)
’’(سب سے بڑا گناہ یہ ہے کہ) تم اللہ کے ساتھ کسی کو شریک ٹھہراؤ، حالانکہ اس نے تمھیں پیدا کیا ہے۔ ‘‘
120۔ سیدنا ابو بکرہ رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے، انھوں نے کہا: نبیﷺ نے تین مرتبہ فرمایا:
((أَلَا أُنبِّئُكُمْ بِأَكْبَرِ الْكَبَائِرِ؟)) ’’کیا میں تمھیں کبیرہ گناہوں کی اطلاع نہ دوں؟‘‘
ہم نے عرض کیا: اللہ کے رسول! ہمیں ضرور آگاہ کریں۔ آپﷺ نے فرمایا: ((اَلْإشْرَاكُ بِاللهِ وَعُقُوقُ الْوَالِدَيْنِ)) ’’اللہ کے ساتھ شرک کرنا اور والدین کی نافرمانی کرنا۔‘‘
پہلے آپ تکیہ لگائے ہوئے تھے، پھر اٹھ بیٹھے اور فرمایا: ((أَلَا وَقَوْلُ الزُّوْرِ، أَلَا وَشَهَادَةُ الزُّوْرِ، أَلَا وَقَوْلُ الزُّوْرِ، أَلَا وَ شَهَادَةُ الزُّوْرِ))
’’خبردار! اور جھوٹی گواہی دینا، خبردار! اور جھوٹی گواہی دینا، خبر دارا اور جھوٹی گواہی دینا، خبردار! اور جھوٹی گواہی دینا۔‘‘
آپ مسلسل اس کی تکرار فرماتے رہے یہاں تک کہ میں نے کہا: آپ خاموش نہیں ہوں گے۔(أَخْرَجَهُ البُخَارِي:2654، 5976، ومُسْلِمٌ:87)
121۔ سیدنا عمیر بن قتادہ رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ ایک شخص نے پوچھا: اللہ کے رسول! کبیرہ گناہ کیا
؟ آپ ﷺ نے فرمایا:
((هُنَّ سَبْعٌ، أَعْظَمُهُنَّ إِشْرَاكٌ بِاللهِ، وَقَتْلُ النَّفْسِ بِغَيْرِ حَقٍ، وَفِرَارٌ يَّوْمَ الزَّحْفِ))
’’وہ سات ہیں اور ان میں سب سے بڑا گناہ اللہ کے ساتھ شرک کرنا، کسی کو ناحق قتل کرنا اور دشمن سے لڑائی کے وقت بھاگ جانا۔‘‘ (أخرجه النسائي: 4017، وفي الكبرى: 3461، وأبوداود:2875 مختصرًا، وأَخْرَجَهُ البيهقي: 408/2 و186/10، والحاكم:59/1 و 259/4، والطحاوي في شرح مشكل الآثار:898، والطبراني في الكبيرة. 101/17 مطولا.)
توضیح و فوائد: یہ روایت مختصر ہے۔ ایک دوسری روایت میں ہے کہ جب صحابی نے سوال کیا تو آپﷺ نے فرمایا: ’’کبیرہ گناہ نو ہیں۔‘‘ مذکورہ حدیث میں راوی حدیث نے تین گناہ بیان کرنے پر اکتفا کیا ہے۔ دیگر گناہ یہ ہیں: پاک دامن خاتون پر گناہ کی تہمت لگانا، جادو کرنا، یتیم کا مال کھانا، سود کھانا، مسلمان والدین کی نافرمانی کرنا اور بیت اللہ میں قتال کرنا۔ مزید تفصیل کے لیے دیکھیے:(المستدرك للحاكم: 59/1، والسنن الكبرى للبيهقي: 186/10)
122۔ خثعم قبیلے کے ایک آدمی سے روایت ہے کہ میں نے کہا:اللہ کے رسول! اعمال میں سے کون سا عمل اللہ تعالی کو سب سے زیادہ ناپسند ہے؟ آپ ﷺنے فرمایا:
((اَلْإِشْرَاكَ بِالله)) ’’اللہ کے ساتھ شریک ٹھہرانا‘‘
میں نے کہا:اللہ کے رسول! پھر کون سا؟ آپﷺ نے فرمایا:
((قَطِيعَةُ الرَّحِمِ)) ’’قطع رحمی کرنا (رشتہ داری توڑنا)‘‘ (أخرجه أبو يعلي: 6839)
توضیح و فوائد: چھوٹے اور بڑے گناہوں کا فرق اہل علم کے ہاں مسلم ہے، پھر کبیرہ گناہوں میں بھی فرق ہے، ان میں سے سب سے بڑا گناہ شرک ہے جس کے ہوتے ہوئے کوئی نیکی معتبر نہیں ہوتی۔ قرآن میں اسے ظلم عظیم قرار دیا گیا ہے۔
………………