بیت الخلاء میں داخل ہونے اور نکلنے کی دعائیں
عَن أَنَس رضي الله عنه قَالَ: كَانَ النَّبِيَّ إِذَا دَخَلَ الخَلَاءَ قَالَ : اللَّهُمَّ إِنِّي أَعُوذُ بِكَ مِنَ الخُبُثِ وَالخَبَائِثِ. (متفق عليه)
(صحیح بخاری: كتاب الدعوات، باب الدعاء عند الخلاء، صحيح مسلم كتاب الحيض، باب ما يقول إذا أراد دخول الخلاء)
انس رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں کہ نبی ﷺ قضاء حاجت کے لئے بیت الخلاء میں داخلہ کے وقت یہ دعا پڑھتے تھے ’’ اللَّهُمَّ إِنِّي أَعُوذُ بِكَ مِنَ الخُبُثِ وَالخَبَائِثِ. ‘‘ اے اللہ میں آپ کی پناہ پکڑتا ہوں، خبیث جنوں اور خبیث جنیوں سے۔
وَعَنْ عَائِشَةَ رَضِي الله عنها : أَنَّ النَّبِيَّ كَانَ إِذَا خَرَجَ مِنَ الغَائِطِ قَالَ: غُفرِانَکَ، (اخرجه أبو داود والترمذی)
باب سنن ابو داود: کتاب الطهارة، باب ما يقول الرجل ما يقول اذا خرج من الخلاء، سنن ترمذی: ابواب الطھارۃ، ما یقول اذا خرج من الخلاء، هذا حديث غريب حسن، وصححه الألباني في صحيح سنن ابن ماجه (300)
عائشہ رضی اللہ تعالی عنہا سے مرو ی ہے کہ نبی ﷺ جب قضاء حاجت سے فارغ ہو کر بیت الخلاء سے باہر آتے تو غفرانک پڑھتے (اے اللہ تیری بخشش اور پردہ پوشی مطلوب ہے)۔
تشریح:
اسلام ایک ایسا عظیم دین ہے جو مسلمانوں کے تمام معاملات کو منظم کرتا ہے خواہ وہ چھوٹے ہوں یا بڑے۔ اور ہر ایک کے لئے کچھ آداب متعین کئے ہیں جو مسلمانوں کے لئے دنیا و آخرت میں نفع کا باعث بنتے ہیں انہیں امور میں سے قضاء حاجت بھی ہے۔ نبی کریم ﷺ نے ہمیں تعلیم دی ہے کہ جب ہم بیت الخلاء میں داخل ہونے کا ارادہ کریں تو سب سے پہلے بایاں قدم رکھیں اور داخل ہونے سے قبل یہ دعا پڑھیں’’ اللَّهُمَّ إِنِّي أَعُوذُ بِكَ مِنَ الخُبُثِ وَالخَبَائِثِ‘‘ کیونکہ بیت الخلاء شیطانوں اور جنوں کے آنے جانے کی جگہیں ہیں۔ اور شیطانوں کے شر سے اللہ کی پناہ طلب کرنا مستحب ہے۔ اسی طرح بیت الخلاء سے نکلتے وقت پہلے دایاں قدم باہر نکالیں اور یہ دعا پڑھیں ’’غفرانک‘‘ کیونکہ جسمانی تکلیف سے نجات کے بعد انسان کے لئے مناسب ہے کہ وہ اسی طرح اللہ تعالی سے برائیوں اور گناہوں کے بوجھ سے بھی چھٹکار ا طلب کرے۔ ان دعاؤں کے ذریعہ انسان کئی طرح کی ظاہری و باطنی پریشانیوں سے محفوظ رہ سکتا ہے۔ اور آج کل جو گھر گھر میں جنوں اور آسیب کے حملوں کا چرچاہے اس کے اسباب میں سے ایک سبب یہ بھی ہے کہ لوگ خود ناپاک رہتے ہیں یا اس سنت مطہرہ کے تارک ہوتے ہیں۔
فوائد:
٭ مسلمان کا بیت الخلاء میں داخل ہوتے وقت ’’ اللَّهُمَّ إِنِّي أَعُوذُ بِكَ مِنَ الخُبُثِ وَالخَبَائِثِ‘‘ پڑھنا مستحب ہے۔
٭ بیت الخلاء سے نکلتے وقت ’’غفرانک‘‘ کہنا مشروع ہے۔
٭٭٭٭