نماز کی پہلی صف کی فضیلت

وَعَن أَبِي هُرَيْرَةَ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ أَنَّ رَسُولَ اللَّهِ ﷺ قَالَ: لَوْ يَعْلَمُ النَّاسّ مّا فِي النِّدَاءِ وَالصَّفِّ الأَوَّلِ ثُمَّ لَمْ يَجِدُوا إِلَّا أَنْ يَسْتَهِمُوا عَلَيْهِ لَاستَهَمُوا، وَلَوْ يَعْلَمُونَ مَا فِي التَّهْجِيرِ لَاسْتَقُوا إِلَيْهِ، وَلَوْ يَعْلَمُوْنَ مَا فِي العَتَمَةِ والصُّبْحِ لَاَتَوُهُمَا وَلَوْ حَبْوًا (متفق عليه)
(صحيح بخاري: كتاب الأذان، باب الاستهام في الأذان، صحيح مسلم: كتاب الصلاة، باب تسوية الصفوف وإقامتها فضل الأول فالأول منها والازدحام)
ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کہ اگر لوگوں کو معلوم ہو جائے کہ اذان اور صف اول میں کیا تو اب ہے پھر اپنے لئے قرعہ ڈالنے کے علاوہ کوئی چارہ نہ پائیں تو ضرور قرعہ اندازی کریں گے اور اگر لوگوں کو علم ہو جائے نماز کے لئے جلدی آنے میں کیا ثواب ہے تو ضرور سبقت کریں گے اور اگر جان لیں کہ عشاء اور فجر با جماعت ادا کرنے میں کیا ثواب ہے تو ضرور ان دونوں (کی جماعت) میں آئیں گے اگر چہ سرین کے بل چل کر آنا پڑے۔
وعن أبي سعيد الخدري رضي اللَّهُ عَنْهُ أَنَّ رَسُولُ اللَّهِ رَأَى فِي أَصحَابِهِ تَأخَّرًا فَقَالَ لَهُمْ: تَقَدَّمُوا فَأْتَمُوا بِي وَلْيَأْتُم بِكُمْ مِنْ بَعْدَكُمْ، لَايَزَالُ قَومٌ يَّتَأَخَّرُونَ حَتَّى يُؤخِّرَهُمُ اللهُ (أخرجه مسلم)
(صحیح مسلم کتاب: باب تسوية الصفوف وإقامتها فضل الأول فالأول منها والازدحام.)
ابوسعید خدری رضی اللہ عنہ کا بیان ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے صحابہ کرام کو پچھلی صف میں دیکھ کر فرمایا: میرے قریب آؤ اور پہلی صف پوری کرو پھر دوسری صف والے تمہاری پیروی کریں اور جو لوگ ہمیشہ پیچھے رہیں گے تو اللہ تعالی اپنی رحمت میں بھی ان کو پیچھے رکھے گا۔
وَعَن أَبِي هُرَيرَةَ رَضِيَ الله عَنهُ قَالَ : قَالَ رَسُولُ اللَّهِ: خَيْرُ صُفُوفِ الرِّجَالِ أَوَّلُهَا، وَشَرُّهَا آخِرُهَا، وَخَيْرُ صُفُوفِ النِّسَاءِ آخِرُهَا وَشَرُّهَا أَوَلُهَا . (أخرجه مسلم)
(صحیح مسلم: کتاب التسوية الصفوف وإقامتها فضل الأول فالأول منها والازدحام)
ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: مردوں کی صفوں میں سب سے بہتر صف پہلی ہے اور سب سے بری آخری ہے اور خواتین کے لئے سب سے بری صف پہلی صف ہے (جب مردوں کی صفیں ان کے قریب ہوں) اور سب سے اچھی صف پچھلی صف ہے۔ (جو کہ مردوں سے دور ہو)۔
تشریح:
باجماعت نماز کی اہمیت بہت ہی زیادہ ہے اور جو افراد امام کے ساتھ تکبیر تحریمہ سے نماز میں شامل ہوتے ہیں ان کی فضیلت و خصوصیت اور ہی زیادہ ہے اور وہ اشخاص بلند مرتبت اور اعلیٰ مقام کے حامل ہیں جو نماز کی پہلی صف میں ہوتے ہیں۔ رسول اللہﷺ نے پہلی صف کی اہمیت و فضیلت کو بیان فرمایا اور اس کی ترغیب دلائی ہے نیز فرمایا ہے کہ مردوں کی سب سے افضل صرف پہلی صف ہے اور سب سے قبیح اور بری صف آخری صف ہے۔ اور جان بوجھ کر پہلی صف سے پیچھے رہنے والے انسان اللہ تعالیٰ کی رحمت و فضل سے کافی دور ہوں گے۔ اللہ تعالی ہمیں ہمیشہ پہلی صف میں نماز پڑھنے کی توفیق عطا فرمائے۔
فوائد:
٭ نماز میں آگے اور پہلی صف میں رہنے کی بڑی فضیلت ہے۔
٭ مردوں کی سب سے بہترین صف پھیلی اور سب سے بری صف آخری صف ہے۔
٭ رسول اکرمﷺ نے پہلی صف سے پیچھے رہنے والوں کو رحمت الہی سے دوری کاسبب بتایا ہے۔
٭٭٭٭