
یہ کائنات حق و باطل اور ایمان و کفر کی بنا پر تقسیم ہے، اس کے علاوہ کوئی تقسیم نہیں۔ روز اول سے ہی حق و باطل، روح و بدن، ایمان اور کفر کا معرکہ شروع ہے۔ جس کی بنیاد پر حزب اللہ اور حزب الشیطان دو گروہ ہیں، ایک رحمان بندوں کی جماعت ہے اور دوسری طرف شیطان کی ذریت اور اس کے ہمنواؤں کا ٹولہ ہے۔
کائنات رنگ و بو، زمین و آسمان اور تمام تر مخلوقات کی پیدائش کا مقصد توحید باری تعالیٰ ہے، یہ سب سے بڑی حقیقت اور بڑا نیک عمل ہے، جب کہ کفر و شرک سب سے بڑا جھوٹ اور بدترین براعمل ہے۔ عقلی ونقلی دلائل سے اللہ تعالیٰ کی طرف دعوت دینے اور اُس کی پہچان کروانے کے لیے انبیاء کرام علیہ اسلام دنیا میں وقتا فوقتا تشریف لاتے رہے۔